نئی دہلی : آواز دی وائس
ہندوستان کے نوجوانو ں کے لیے 2025کا سال یادگار رہا ہے ،کھیلوں کے میدان سے تعلیم اور دیگر میدانوں میں نوجوانوں نے پرچم گاڑے ہیں ۔ کچھ نوجوانوں نے ایسے کام کئے جن سے وہ سرخیوں میں آگئے۔ کسی نے سماج کے لیے مثال بننے کا اعزاز حاصل کیا تو کسی نے اہم سنگ میل قائم کیا ۔ ہم نے آپ کے لیے ایسے پانچ نوجوانوں کی کہانیاں تلاش کی ہیں جنہیں آپ آواز دی وائس میں ایک سال کے دوران پڑ ھ چکے ہیں لیکن گزرے سال کی یادوں کے طور پر ان پر نظر ڈالنا اہم ہوگا

پہلگام کے ہیرو نزاکت نے کہا ۔۔۔کشمیر کی اصل پہچان مہمان نوازی اور محبت ہے۔
پہلگام کے نژاکت علی آج کشمیر کی بہادری اور انسانیت کی ایک روشن مثال بن کر سامنے آئے ہیں۔ 22 اپریل 2025 کو پہلگام میں پیش آئے دہشت گردانہ حملے کے دوران انہوں نے اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر 11 سیاحوں کو محفوظ مقام تک پہنچایا۔ اس جرات مندانہ اقدام نے نہ صرف کشمیر بلکہ پورے ملک کے لوگوں کو فخر کا احساس دلایا۔نژاکت علی پیشے کے اعتبار سے تاجر ہیں اور سردیوں میں شالوں کے کاروبار کے سلسلے میں ہندوستان کی مختلف ریاستوں کا سفر کرتے ہیں۔ وہ ہمیشہ کشمیری تہذیب، شرافت اور مہمان نوازی کی نمائندگی کرتے رہے ہیں۔ تاہم اس دن ان کا کردار ایک عام تاجر سے بڑھ کر ایک محافظ کا بن گیا۔ فائرنگ کی آوازوں اور خوف کے ماحول میں بھی انہوں نے حوصلہ نہیں کھویا۔ سیاحوں کو حوصلہ دیتے ہوئے ان کے الفاظ تھے کہ ڈرو مت جو بھی ہوگا پہلے مجھ سے ہوگا۔ یہ جملہ ان کی بے خوفی، قربانی اور انسان دوستی کی علامت بن گیا اور نژاکت علی کا نام ہمیشہ کے لیے جرات کی تاریخ میں درج ہو گیا۔

کھیتوں سے ریسنگ ٹریک تک: حارث نوح کا شوق جو جنون بن گیا
یہ سفر کیرالہ کے سرسبز دھان کے کھیتوں سے شروع ہوا اور آج دنیا کے سب سے خطرناک بائیک ٹریکس تک جا پہنچا ہے۔ اس مسافر کا نام حارث نوح ہے جو ایڈونچر اسپورٹس کی دنیا میں ایک نمایاں شناخت بن چکے ہیں۔ ان کا سفر ہر دیکھنے والے کو حیران کر دیتا ہے اور واہ نوح واہ کہنے پر مجبور کر دیتا ہے۔کیرالہ کے شورانور ضلع پالکڑ میں پرورش پانے والے حارث نوح نے اپنی محنت اور غیر معمولی صلاحیتوں کے ذریعے ڈاکار ریلی میں خود کو ہندوستانی موٹر اسپورٹس کا سورما ثابت کیا۔ 2009 میں صرف 16 برس کی عمر میں ان کا سفر شروع ہوا اور انہوں نے پانچ نیشنل سپر کراس ٹائٹل جیتے۔ بعد ازاں ڈاکار ریلی ان کا اصل جنون بن گئی جو دنیا کی مشکل ترین ریلیوں میں شمار ہوتی ہے۔

تشدد سے امن کے پیامبر تک: مدثر ڈار کا کشمیری نوجوانوں کو علیحدگی پسندی سے دور لیجانے کا مشن
کئی برسوں تک لفظ پلوامہ خوف، غصے اور سانحے کی علامت بنا رہا۔ عسکریت پسندی، بڑے جنازے اور 2019 کا ہولناک خودکش حملہ اس نام کے ساتھ اس طرح جُڑ گئے کہ اس کا داغ مٹانا مشکل دکھائی دیتا تھا۔ مگر اسی سرزمین سے اب ایک نئی داستان ابھر رہی ہے، جو امید، حوصلے اور استقامت کی ترجمان ہے۔اس مثبت تبدیلی کی قیادت مدثر ڈار کر رہے ہیں، جو مغلپورہ گاؤں کے 30 سالہ سماجی کارکن ہیں۔ ان کا مشن نوجوانوں کو علیحدگی پسندی، منشیات اور تشدد کے دائرے سے نکال کر امن، تعمیر اور ترقی کے راستے پر گامزن کرنا ہے۔ پلوامہ جیسے اس علاقے میں جنم لینے اور پروان چڑھنے والے مدثر کا سفر اسکول کے دنوں سے شروع ہوا، جب انہوں نے ورلڈ آرگنائزیشن آف دی اسکاوٹ موومنٹ سے وابستگی اختیار کی۔خدمتِ انسانیت کا حلف انہوں نے محض ایک وعدے کے طور پر نہیں بلکہ زندگی کے اصول کے طور پر اپنایا۔ سماجی خدمات میں نمایاں کردار کے اعتراف میں انہیں صدرِ جمہوریہ ایوارڈ راشٹرپتی ایوارڈ اور گورنر ایوارڈ راجیہ پرسکار سے نوازا گیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پلوامہ اب صرف ماضی کے زخموں کی پہچان نہیں بلکہ مستقبل کی امید بھی بن رہا ہے۔

: انجینئر سے آرٹسٹ بننے والے محمد کاشف
نئی دہلی: محمد کاشف ایک ہمہ جہت اور باصلاحیت شخصیت کے طور پر سامنے آئے ہیں جنہوں نے مختلف میدانوں میں اپنی نمایاں شناخت قائم کی ہے۔ روبوٹکس سے ان کی دلچسپی کا آغاز بچپن میں کھلونوں سے ہوا، جنہیں وہ سمجھنے کے شوق میں کھول کر دیکھتے تھے، اور اس شوق کو آگے بڑھانے میں انہیں اپنے والدین کی بھرپور حوصلہ افزائی حاصل رہی۔ یہی جذبہ بعد میں انہیں بین الاقوامی روبوٹکس چیمپیئن شپ تک لے گیا، جہاں انہوں نے مقابلوں میں حصہ لیا۔کاشف نے کھیلوں کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ قومی سطح کے کرکٹ اور فٹبال مقابلوں میں شریک رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ رائفل شوٹنگ بھی ان کے پسندیدہ مشاغل میں شامل ہے، جس میں وہ متعدد ریاستی سطح کے مقابلوں میں شرکت کر چکے ہیں۔ ان کی متنوع صلاحیتیں اور مختلف شعبوں میں کامیابیاں اس بات کی عکاس ہیں کہ محنت، مستقل مزاجی اور شوق اگر یکجا ہو جائیں تو ایک فرد کئی میدانوں میں نمایاں مقام حاصل کر سکتا ہے۔

پیلی بھیت- فیصل نے بچائی تالاب میں ڈوبتے شبھم کی جان
تالاب میں ایک کار آہستہ آہستہ ڈوب رہی تھی۔ کنارے پر کھڑے لوگ چیخ و پکار میں مبتلا تھے، مگر اسی ہنگامے میں ایک خستہ حال کشتی پر سوار نوجوان فیصل ہمت اور حوصلے کے ساتھ آگے بڑھا۔ گاڑی کے اندر پھنسے شبھم تیواری کی جان خطرے میں تھی۔ فیصل نے بغیر وقت ضائع کیے کشتی کو تالاب کے بیچ پہنچایا اور جان جوکھوں میں ڈال کر ڈوبتی کار سے شبھم کو باہر کھینچ لیا۔ چند لمحوں بعد گاڑی پانی میں غائب ہو گئی، مگر ایک جان بچ چکی تھی۔ یہ واقعہ پیلی بھیت کی ایک پرسکون صبح کو انسانیت کی مثال میں بدل گیا۔