کھیتوں سے ریسنگ ٹریک تک: حارث نوح کا شوق جو جنون بن گیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 10-07-2025
کھیتوں سے ریسنگ ٹریک  تک: حارث نوح کا شوق جو  جنون بن گیا
کھیتوں سے ریسنگ ٹریک تک: حارث نوح کا شوق جو جنون بن گیا

 



نئی دہلی :  آواز دی وائس 

یہ سفرکیرالہ کےدھان کھیتوں سے شروع ہوا تھا اوراب دنیا کے خطرناک بائیک ٹریک پر جاری ہے،جبکہ مسافر کا نام ہے حارث نوح،ایک نام اورایک چہرہ،جوایڈونچراسپورٹس کی دنیا کے لیے نہ صرف پر کشش ہے بلکہ ہندوستان کے لیے مستقبل کی امید ۔ جس کا سفر ہر کسی کو چونکا دیتا ہے ۔واہ نوح واہ کہنے پر مجبور کردیتا ہے ۔ کیرالہ کے شورانور، ضلع پالکڑ میں دھان کی کھیتوں میں پروان چڑھنے والے حارث نوح نے اپنے کارناموں سے ڈاکار ریلی میں خود کو ہندوستانی موٹر اسپورٹس کا ایک لیجنڈ یعنی سورما  بنا دیا ہے۔ نوح نے اپنی بے مثال رائیڈنگ مہارت اور کامیابی کے جذبے سے اس کھیل میں ایک دیرپا وراثت قائم کی ہے۔ 2009 میں جب وہ محض 16 برس کے تھے، ان کا سفر شروع ہوا، اور جلد ہی انہوں نے پانچ نیشنل سپر کراس ٹائٹل اپنے نام کیے۔ مگر جلد ہی ان کا اصل عشق ڈاکار ریلی سے جا ملا—ایک ایسی ریلی جو دنیا بھر میں مشہور ہے

 ایک حالیہ انٹرویو  میں 32 سالہ حارث نے اپنے ابتدائی سفر، ڈاکار سے تعلق اور ہندوستان میں اسپورٹس کے مستقبل کے بارے میں کھل کر بات کی۔موٹر اسپورٹس کو ہندوستان  جیسے ملک میں ایک خاص اور محدود دائرے کا کھیل سمجھا جاتا ہے۔ ایک ایسے ملک میں جہاں کرکٹ سب پر حاوی ہے، موٹر اسپورٹس میں  صرف پیسہ ہی نہیں بلکہ اندرونی صلاحیت اور ہر قیمت پر فنش لائن تک پہنچنے کا عزم ہی ایک حقیقی چمپئن بناتا ہے۔ اگر ان پیمانوں پر پرکھا جائے تو ریلی ریڈ رائڈر حارث نوح بلاشبہ ان معیارات پر پورا اترتے ہیں۔ 

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

 

A post shared by Harith Noah (@harithnoah8)

ڈاکار کی جانب

سال 2018 میں انہوں نے کراس کنٹری ریلیز پر توجہ مرکوز کی اور 2020 میں ڈاکار میں پہلی بار شرکت کی۔ اگلے ہی سال وہ سی ایس سنتوش اور اروند کے پی کے بعد اس سخت ترین مقابلے کو مکمل کرنے والے تیسرے ہندوستانی بنے۔ 2021 میں وہ ڈاکار ریلی میں ٹاپ 20 میں جگہ بنانے والے پہلے ہندوستانی بنے۔2024 تک، حارث نے کئی ریکارڈ توڑ ڈالے اور ڈاکار ریلی کی "ریلی 2" کیٹیگری میں جیت کر پہلے ہندوستانی چیمپئن بنے۔ انہوں نے اس کامیابی کے دوران دو مراحل بھی جیتے۔انہوں نے بائیک کیٹیگری میں گیارہواں مقام حاصل کیا، محض چھ منٹ کے فرق سے ٹاپ 10 میں شامل ہونے سے رہ گئے۔ اس طرح وہ ڈاکار ریلی کی تاریخ میں سب سے تیز ترین ہندوستانی بنے۔تاہم 2025 کا ایڈیشن ان کے لیے سازگار نہ تھا۔ اس ایونٹ میں ان کی چھٹی شرکت کے دوران، پرو لاگ اسٹیج میں ایک حادثے نے ان کی کلائی توڑ دی، جس کے باعث انہیں مقابلے سے دستبردار ہونا پڑا۔

واپسی کا عزم

اس دھچکے کے باوجود، حارث نے تیزی سے ریکور کیا اور 2026 میں ایک شاندار واپسی کی تیاری شروع کر دی۔ انڈیا ٹوڈے نے ان سے کیلیفورنیا کے سانتا مونیکا میں ریڈ بل ایتھلیٹ پرفارمنس سینٹر میں ملاقات کی، جہاں وہ مسلسل تربیت کر رہے ہیں۔ یہیں انہوں نے اپنے سفر—شورانور کے کھیتوں سے لے کر ڈاکار کے ریگستانوں تک—کی داستان سنائی۔

آغاز کی کہانی

نوح کا موٹربائیک سے عشق 2009 میں شروع ہوا، جب انہیں پہلی بار ایک بائیک تحفے میں ملی اور وہ سیدھے اسے لے کر گھر کے قریب دھان کے کھیتوں میں دوڑانے نکل پڑے۔ ان کی پہلی ریس میں وہ آخری نمبر پر آئے، مگر اسی نے ان کے اندر ایک ایسا جنون جگایا جو آج تک قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ شاید 2009 کی بات ہے۔ مجھے سالگرہ یا کرسمس پر بائیک ملی تھی۔ قریب ہی کھیتوں میں ایک ریس ہو رہی تھی۔ انہوں نے مجھ سے پوچھا، ’کیا تم حصہ لوگے؟‘ اور میں نے ہاں کر دی، حالانکہ مجھے صحیح سے چلانا بھی نہیں آتا تھا۔ چند دن میں سیکھا۔ ریس میں حصہ لیا، آخری نمبر پر آیا، مگر تب ہی مجھے اندازہ ہوا کہ مجھے بائیک سے محبت ہو چکی ہے اور میں اسے بہتر بنانا چاہتا ہوں،"

نوح نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کی ریسنگ سے محبت کبھی بھی سڑک پر خطرناک ڈرائیونگ میں تبدیل نہیں ہوئی۔میں نے کبھی سڑک پر بائیک نہیں چلائی۔ پہلی بائیک کو میں نے ریس بائیک بنا لیا تھا۔ میں زیادہ تر اپنی ماں کے اسکوٹر کا استعمال کرتا تھا۔ آج بھی، میں سڑک پر کم ہی بائیک چلاتا ہوں۔ میرے پاس ٹی وی ایس کی آر آر ہے، جو اچھی ہے، کبھی کبھار نکال لیتا ہوں، مگر عمومی طور پر سڑک پر نہیں چلائی جاتی،"

والد کی رہنمائی اور ابتدائی تربیت

ہندوستان میں بیشتر والدین موٹر اسپورٹس کو ایک خطرناک راستہ سمجھتے ہیں، لیکن حارث کے معاملے میں، ان کے والد  محمد رفیع نے ان کے شوق کو نہ صرف سراہا بلکہ اسے پروان چڑھایا۔ ایک سابقہ ریلی نیویگیٹر کے طور پر، انہوں نے حارث کی ابتدائی زندگی میں بطور عملہ سربراہ، استاد اور ہمسفر ایک کلیدی کردار ادا کیا۔وہ کہتے ہیں کہ ۔ شروع میں وہ ہمیشہ میرے ساتھ ہوتے تھے۔ بعد میں تھوڑا کم ہو گئے۔ انہوں نے مجھے بہت کچھ سکھایا۔ اگرچہ وہ خود ریسر نہیں رہے، لیکن انہوں نے نوجوانی میں بطور نیویگیٹر ایک ریلی میں حصہ لیا تھا۔ تب موٹرسائیکل پر دو لوگ ہوتے تھے۔ان کے کچھ تعلقات تھے آس پاس کے ریسنگ والوں سے۔ جب تک میں سپر کراس کرتا رہا، وہ ہمیشہ ساتھ رہے۔ ہم سب کچھ خود کرتے تھے۔ ایک اسکورپیو تھا، اس میں بائیک کھول کر رکھتے، اور نیشنل سپر کراس کے لیے نکل پڑتے۔ سب سے دور ہم چندی گڑھ گئے، جہاں ہم نے بائیک ٹرین سے بھیجی اور خود سفر کیا،"

حارث نے ایک خاص لمحے کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح ان کے والد نے ان کے اندر شوق کو ایک کیرئیر میں ڈھالنے کی پہچان کروائی۔انہوں نے کہا کہ ۔۔۔ایک بار ہم چندی گڑھ میں تھے۔ میں اپنا گھٹنے کا بریس بھول گیا اور ایک مقامی دکان سے لینا پڑا۔ پہلی ریس اچھی نہیں گئی۔پھر میرے اور ابو کے درمیان گفتگو ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ 'تم واقعی  اچھاکرنا چاہتے ہو؟ تو پھر محنت کرنی ہوگی۔ وہ ایک ٹرننگ پوائنٹ تھا۔ میں نے دوسری ریس جیتی، پھر چیمپئن شپ ٹائٹل بھی جیت لیا، حالانکہ وہ ہمارا اصل منصوبہ نہ تھا۔ پھر ہم نے ٹی وی ایس جوائن کر لیا

ڈاکار سے عشق

نوح اپنے ڈاکار ریلی کے عشق کو رومانوی انداز میں بیان نہیں کرتے، بلکہ سادہ اور حقیقت پسند انداز اپناتے ہیں۔ ان کے لیے یہ ریلی چیلنجز کی آماجگاہ ہے، اور یہی بے ترتیبی اور غیر یقینی صورتحال انہیں لبھاتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ۔۔۔یہ بہت سی مختلف آزمائشیں ہوتی ہیں، اسی لیے یہ خاص ہے۔ یہ سیدھی راہ نہیں ہے۔ دوسرے کھیلوں جیسے میراتھن میں آپ کو پتا ہوتا ہے کہ آپ کے سامنے کیا ہے، صرف موسم بدل سکتا ہے۔ لیکن ڈاکار میں کچھ بھی پہلے سے طے شدہ نہیں۔ نہ یہ پتا ہوتا ہے کہ اگلا موڑ کیسا ہے، نہ یہ کہ کون سا راستہ درست ہے۔ یہاں جسمانی فٹنس، اچھی نیویگیشن، اور زبردست ذہنی طاقت کی ضرورت ہوتی ہے۔ غلطیاں ہوں گی، سوال یہ ہے کہ آپ ان سے کیسے نپٹتے ہیں۔   

سال2025 کے حادثے سے نجات کے بعد نوح نے اپنی اسپورٹس سائنس کی تعلیم کو جذباتی بحالی میں استعمال کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ۔۔۔۔ ڈاکار میں جانا اور زخمی ہوکر آغاز سے پہلے ہی باہر ہو جانا ذہنی طور پر بہت سخت ہوتا ہے۔ یہ بالکل بھی خوشگوار احساس نہیں۔ لیکن میں حال میں جینا سیکھ چکا ہوں۔ جو ہو گیا، وہ بدلا نہیں جا سکتا۔ آگے بڑھتے ہوئے، میں ہمیشہ اپنی بہترین کارکردگی دینے پر توجہ دوں گا، نہ کہ نتائج پر۔ میرے لیے سب سے اہم یہی ہے کہ میں 100 فیصد دوں اور اپنی غلطیوں سے سیکھوں،"

کیا جیتنے کا خواب ہے؟

تو کیا ڈاکار کا سب سے تیز ہندوستانی یہ خواب دیکھتا ہے کہ وہ ایک دن ڈاکار جیتے؟ اس پر ان کا جواب عاجزانہ تھا ،انہوں نے کہا کہ مجھے جیتنے کا یقین نہیں تھا۔ جب میں نے ریلی 2 جیتی، تب بھی میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ یہ ہو گا۔ یہ منصوبے میں شامل نہیں تھا۔ البتہ میں نے اس جیت سے بہت لطف اٹھایا اور 2024 کی کارکردگی مجھے بے حد پسند آئی۔ مگر میرے لیے اصل اہمیت اسی بات کی ہے کہ میں بہترین کارکردگی دوں۔ ہاں، ڈاکار جیتنا شاندار ہوگا،"

ان کے مطابق، 2024 میں ان کا سب سے فخر کا لمحہ فتح نہیں بلکہ ایک غیر معمولی کارکردگی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سب سے بڑی کامیابی یہ تھی کہ میں اسٹیج 10 میں آخری 30 کلومیٹر تک مجموعی طور پر سب سے آگے تھا—صرف ریلی 2 میں نہیں، بلکہ اوورآل۔ یعنی چار گھنٹے کی ریس۔ آخر میں نیویگیشن مشکل ہونے کی وجہ سے رفتار کم کر دی، اور پانچویں مقام پر آیا۔ وہ لمحہ میرے لیے سب سے عظیم تھا۔پھر مراکش میں دو مراحل میں میں چوتھے اور پانچویں نمبر پر آیا۔ تو دوبارہ اوورآل ٹاپ 5۔ ڈاکار کے آخری دن ٹیم نے پوچھا، کیا نتیجہ جاننا چاہتے ہو؟ میں نے اپنے سائیکاٹرسٹ سے بات کی، اور ہم نے فیصلہ کیا کہ معلوم نہ کریں۔ میں بس اپنی پوری کوشش کرنا چاہتا تھا۔ بعد میں پتا چلا کہ میں جیت گیا ہوں،

ہندوستان میں موٹر اسپورٹس کا مستقبل

ہندوستان میں موٹر اسپورٹس کھلاڑیوں کو درپیش مشکلات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں،جیسے ادارہ جاتی حمایت اور مالی وسائل کی کمی۔ لیکن نوح کے مطابق مسئلہ صرف فنڈنگ کا نہیں، بلکہ مہارت کی کمی بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے لیے سب سے بڑا فرق موٹربائیک پر مہارت کی سطح ہے۔ بیشتر پیشہ ور ایتھلیٹس 3 یا 5 سال کی عمر سے شروعات کرتے ہیں۔ میں نے 16 سال کی عمر میں شروع کیا۔ ان کی مہارت کہیں زیادہ ہوتی ہے۔ اگر آپ تمام ڈاکار رائیڈرز کو ایک ٹریک پر رکھیں، تو میں شاید 30 سے 40 کے درمیان آؤں۔ مگر جب نیویگیشن اور 5 گھنٹے کی ریلی کی بات آتی ہے، تب میں ٹاپ 10 یا ٹاپ 5 میں آسکتا ہوں۔ اس لیے میرے لیے سب سے اہم کام یہی ہے کہ رائیڈنگ کی مہارت بہتر کروں،"

امید کی کرن

تاہم، نوح حالیہ پیش رفت سے پرامید ہیں، خاص طور پر انڈین سپر کراس ریسنگ لیگ کے آغاز کو وہ ایک مثبت اشارہ سمجھتے ہیں۔ان کے مطابق صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔ اگر آپ پچھلے 5 یا 10 سال کا جائزہ لیں، تو ترقی واضح ہے۔ دس سال پہلے میں شاید 16 سال کی عمر میں سب سے کم عمر رائیڈر تھا۔ اب ہر سپر کراس ریس میں 10 سے 20 بچے ایسے ہوتے ہیں جو 15 سال سے کم ہیں۔ تو یہ یقیناً درست سمت میں جا رہا ہے۔ ڈاکار میں دو ہندوستانی مینوفیکچررز کی موجودگی بہت حوصلہ افزا ہے۔ اس سے لوگوں میں یہ یقین پیدا ہوتا ہے کہ بھارت سے بھی کوئی ڈاکار ریس میں حصہ لے سکتا ہے—بلکہ جیت بھی سکتا ہے،"

ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں

نوح ابھی ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوچ بھی نہیں رہے۔ ان کے مطابق، وہ محسوس کرتے ہیں کہ وہ ابھی بہت کچھ حاصل کر سکتے ہیں۔میں نے کبھی ریٹائرمنٹ یا اپنی وراثت کے بارے میں نہیں سوچا۔ فی الحال میں اختتام کو نہیں دیکھ رہا۔ میں اپنی بہترین کارکردگی جاری رکھنا چاہتا ہوں، شاید اس سے بھی آگے کچھ حاصل کروں جو اب تک کیا ہے۔ کسی نے نہیں سوچا تھا کہ میں 2024 میں ریلی 2 جیتوں گا—مگر یہ ہوا۔ میں یقین رکھتا ہوں کہ بڑی کامیابیاں ممکن ہیں، مگر ان کے لیے کئی چیزوں کا ایک ساتھ ہونا ضروری ہے،

خواب: ہندوستان میں موٹر اسپورٹس کا عروج

ان کا سب سے بڑا خواب ہے کہ موٹر اسپورٹس کو بھارت میں وہ مقام ملے جو دوسرے کھیلوں کو حاصل ہے—کہ لوگ بے تابی سے ویک اینڈ پر سپر کراس دیکھنے بیٹھیں یا ہر جنوری میں ڈاکار ریلی کے منتظر ہوں۔ وہ کہتے ہیں کہ میں خواب دیکھتا ہوں کہ ایک دن لوگ ویک اینڈ کا انتظار کریں تاکہ وہ انڈین سپر کراس کو ٹی وی پر لائیو دیکھ سکیں۔اگر یہ خواب کبھی پورا ہوتا ہے، تو حارث نوح بلاشبہ اس کے سب سے نمایاں کردار ہوں گے—ڈاکار کے بے رحم چیلنجز سے نبرد آزما، اور بھارت کو عالمی سطح پر فخر دلانے والے ایک تاریخ رقم کرے گا