تشدد سے امن کے پیامبر تک: مدثر ڈار کا کشمیری نوجوانوں کو علیحدگی پسندی سے دور لیجانے کا مشن

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 14-09-2025
تشدد سے امن کے پیامبر تک: مدثر ڈار کا کشمیری نوجوانوں کو علیحدگی پسندی سے  دور  لیجانے کا مشن
تشدد سے امن کے پیامبر تک: مدثر ڈار کا کشمیری نوجوانوں کو علیحدگی پسندی سے دور لیجانے کا مشن

 



دانش علی

 کئی برسوں تک لفظ "پلوامہ" خوف، غصے اور سانحے کی علامت رہا۔militancy، بڑے بڑے جنازے اور 2019 کا ہولناک خودکش دھماکہ اس کے ساتھ جُڑ گیا، جس کا داغ مٹانا مشکل تھا۔ لیکن اسی مٹی میں ایک نئی کہانی جنم لے رہی ہے، اُمید اور استقامت کی کہانی۔ اس تبدیلی کی قیادت کر رہے ہیں مدثر ڈار، مغلپورہ گاؤں کے 30 سالہ سماجی کارکن، جن کا مشن نوجوانوں کو علیحدگی پسندی، منشیات اور تشدد کے چنگل سے نکال کر امن و ترقی کی طرف لے جانا ہے۔پلوامہ جیسے "دہشت گردی کے مرکز" سمجھے جانے والے علاقے میں پیدا ہونے اور پلنے والے مدثر کا سفر اسکولی دنوں میں شروع ہوا، جب وہ ورلڈ آرگنائزیشن آف دی اسکاوٹ موومنٹ سے جُڑ گئے۔ خدمتِ انسانیت کا حلف اُنہوں نے زندگی بھر کے لیے اپنا لیا۔ بعد میں سماجی خدمات کے اعتراف میں انہیں صدرِ جمہوریہ ایوارڈ (راشٹرپتی ایوارڈ) اور گورنر ایوارڈ (راجیہ پُرَسکار) سے نوازا گیا۔

اصل موڑ 2014 میں آیا، جب وادی میں تباہ کن سیلاب آیا۔ اُس وقت مدثر نے نوجوانوں کو منظم کیا اور پلوامہ و شوپیاں میں امدادی کاموں کی قیادت کی۔ متاثرین کو خوراک، کمبل اور طبی امداد فراہم کی۔ یہ ان کا پہلا بڑا تجربہ تھا، جس نے انہیں یقین دلایا کہ نوجوانوں کی قیادت میں سرگرمیاں حکومت سے بھی آگے بڑھ کر لوگوں تک پہنچ سکتی ہیں۔لیکن 2019 کے پلوامہ دہشت گرد حملے نے ان کی زندگی کا رخ ہمیشہ کے لیے بدل دیا۔ جب وہ دہلی میں بیمار کزن کے ساتھ تھے، ایک ہوٹل نے صرف اس لیے کمرہ دینے سے انکار کر دیا کہ ان کے آدھار کارڈ پر "پلوامہ" درج تھا۔ مدثر یاد کرتے ہیں۔اگر چند افراد نے دہشت گردی کا راستہ اختیار کیا ہے تو پورے ضلع کو کیوں بدنام ہونا چاہیے؟ اُس دن میں نے عہد کیا کہ پلوامہ کی شناخت کو دنیا کی نظروں میں بدلوں گا۔"

اسی عزم نے انہیں نوجوانوں کی اصلاح کی طرف موڑ دیا۔ انہوں نے عسکریت سے متاثرہ دیہات میں جا کر بات چیت شروع کی۔ لیلہر جیسے گاؤں میں، جو شدت پسندوں کے جنازوں کے لیے بدنام تھا، انہوں نے ایک نوجوان کو دہشت گرد تنظیم میں شامل ہونے سے باز رکھا۔ مسلسل علما، ماہرینِ نفسیات اور پولیس کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے انہوں نے یہ پیغام دیا کہ جہاد زندگی بچانے کے لیے ہے، ختم کرنے کے لیے نہیں۔ آج وہ نوجوان جموں و کشمیر پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں ملازم ہے۔

مدثر فخر سے کہتے ہیں کہ وہ 17 نوجوانوں کو بندوق اٹھانے سے روک چکے ہیں۔ ان کا ماننا ہے،قرآن کہتا ہے کہ ایک جان بچانا پوری انسانیت کو بچانے کے برابر ہے،اگر زندگی میں میں نے کچھ اور نہ کیا، تو یہی کافی ہے۔وہ سمجھتے ہیں کہ بے کار دماغ خطرناک ہوتے ہیں، اسی لیے انہوں نے کھیلوں کو سفارت کا ذریعہ بنایا۔ لیلہر، کریم آباد اور گلزارپورہ جیسے گاؤں میں کرکٹ ٹورنامنٹ منعقد کروائے۔ وہی میدان جہاں کبھی عسکریت پسندوں کے جنازے ہوتے تھے، اب تالیوں، خوشی اور کھیل کے نعروں سے گونجنے لگے۔

لیلہر میں انہوں نے پہلی بار قومی پرچم لہرایا۔ "پورے میدان میں 125 ترنگے لہرائے گئے۔ ہزاروں لوگ جو پہلے شکوک میں تھے، خود آگے آئے۔ انہوں نے ثابت کیا کہ وہ بھارت کا حصہ ہیں، اور پلوامہ صرف سانحے کی خبر نہیں بلکہ استقامت کی کہانی ہے۔مدثر نے منشیات کے خلاف بھی مہم شروع کی ہے۔ بیداری پروگرام، کونسلنگ سیشن اور بحالی مراکز سے جوڑنے کا کام کیا۔ کھیل، تعلیم اور ہنر سازی کے ذریعے نوجوانوں کو نئی راہیں فراہم کیں۔لاک ڈاؤن 2019 میں جب اسکول بند ہوئے، تو انہوں نے سینکڑوں بچوں میں تعلیمی مواد تقسیم کیا۔ کووڈ وبا کے دوران آکسیجن سلنڈر، ادویات اور کھانے کے پیکٹ فراہم کیے۔ ان اقدامات نے انہیں مقامی سطح پر عزت دلائی اور انتظامیہ بھی ان سے تعاون کرنے لگی۔

مدثر نے ہمیشہ کھل کر دہشت گردی کے خلاف آواز اٹھائی۔ وہ دہشت گردی کے متاثرین کے لیے شمعیں روشن کرتے، ریلیاں نکالتے اور اقلیتوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں۔ "دہشت گردوں نے ہمارے استاد، ہمارے پڑوسی، ہمارے بھائی مارے۔ خاموش رہنا جرم میں شریک ہونے کے مترادف ہے۔ امن کے لیے بولنا کمزوری نہیں بلکہ طاقت ہے۔"

ان کی کوششوں کا نتیجہ یہ نکلا کہ کئی دیہات جہاں پہلے انتخابات کا بائیکاٹ ہوتا تھا، اب ووٹنگ میں شریک ہو رہے ہیں۔ پچھلے لوک سبھا انتخابات میں لیلہر میں 1100 میں سے 700 ووٹ ڈالے گئے۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ لوگ علیحدگی پسندی سے تنگ آ چکے ہیں اور جمہوریت میں حصہ لینا چاہتے ہیں۔مدثر کی جدوجہد اب پلوامہ سے نکل کر پورے کشمیر اور ملک میں مثال بن گئی ہے۔ وہ کہتے ہیں: "میری خواہش بس اتنی ہے کہ کوئی کشمیری بچہ بندوق نہ اٹھائے، اور ہمارے گاؤں کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے جانے جائیں، جنازوں کے لیے نہیں۔

البتہ علیحدگی پسند عناصر انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہیں، انہیں "مخبر" تک کہا گیا، مگر مدثر پرواہ نہیں کرتے۔ وہی لڑکے جو پہلے میرا مذاق اڑاتے تھے، آج مجھے مدثر بھائیہ کہہ کر رہنمائی مانگتے ہیں۔ یہی میری جیت ہے۔ان کا مشن ابھی ختم نہیں ہوا۔ منشیات اور عسکریت پسندی کی جڑیں ابھی باقی ہیں۔ لیکن وہ ہمت نہیں ہارتے۔تبدیلی وقت لیتی ہے، لیکن ہر چھوٹی کامیابی اہم ہے۔ ہر بچائی ہوئی جان، ہر لہرایا گیا پرچم، ہر امن کی ریلی ایک بہتر کشمیر کی طرف سنگِ میل ہے۔

مدثر نے صرف عملی کام ہی نہیں کیا بلکہ اپنے پالیسی مضامین اور اخباری تحریروں کے ذریعے علیحدگی پسندی کے پروپیگنڈے کا توڑ بھی کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کو جواز دینے والی سوچ کو چیلنج کیا اور امن، مکالمے اور عام کشمیریوں کے بااختیار ہونے کو اجاگر کیا۔ان کی سب سے بڑی کاوش وہ مہم تھی جس نے دہشت گردی کے متاثرہ خاندانوں کو انصاف دلایا۔ انہوں نے 400 خاندانوں تک پہنچ کر تقریباً 1000 متاثرین کو شناخت کیا۔ یہ لوگ برسوں سے خاموشی میں جی رہے تھے، اپنے ہی سماج سے کٹے ہوئے، حکومت سے مایوس۔

مدثر نے ان کے دکھ سکھ سنے اور ان کی آواز لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا تک پہنچائی۔ بالآخر 29 جون 2025 کو ایک تاریخی دن آیا، جب جنوبی کشمیر کے 95 خاندانوں نے اننت ناگ میں ایل جی سے بالمشافہ ملاقات کی۔ مدثر کے بقول: "یہ میری زندگی کا سب سے خوش دن تھا، جب ایل جی نے ان خاندانوں کو یقین دلایا کہ ان کا درد رائیگاں نہیں جائے گا۔اب ہر ضلع میں دہشت گردی سے متاثرہ خاندانوں کے لیے خصوصی سیل قائم کیے جا رہے ہیں۔ کئی متاثرین کے اہلِ خانہ کو ملازمتیں دی جا چکی ہیں، اور بحالی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔مدثر ڈار آج ایک امن کے پیامبر کے طور پر جانے جاتے ہیں، جنہوں نے کشمیر کی مٹی کو تشدد سے امید اور روشنی میں بدلنے کا بیڑا اُٹھایا ہے۔