تعلیمی میدان کے روشن چہرے

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 29-12-2022
تعلیمی میدان  کے روشن چہرے
تعلیمی میدان کے روشن چہرے

 


شاہ عمران حسن ،نئی دہلی

کہتے ہیں تعلیم ہے تو سب کچھ ہے۔ ترقی کی کنجی ہے تعلیم ۔ ہندوستان میں پچھلی چند دہائیوں میں جو  تعلیمی بیداری آئی ہے اس نے منظر نامہ کو بدل دیا ہے۔ خا ص طور پر اگر بات کریں مسلما نوں کی تو ملک میں اب تعلیمی لہر محسوس کی جارہی ہے۔ کہیں کوئی حجاب والی لڑکی گولڈ میڈلز کے ڈھیر لگا رہی ہے تو کہیں فوج میں فائٹر پائلٹ بننے کے لیے تیار ہے۔ کہیں کوئی حافظ سول سروسیز کے امتحان میں کامیابی حاصل کررہا ہے تو  کسی میکینک کا بیٹا امریکہ میں تعلیم کے لیے وظیفہ حاصل کررہا ہے۔ ایسی خبروں نے 2022میں ہر کسی کو ایک مثبت تبدیلی کا احساس دلایا ہے ۔ 

 نوجوانوں نے خواہ لڑکے ہوں یا لڑکیاں  سب نے کہیں نہ کہیں مسلمانوں میں تعلیمی رجحان کا ثبوت پیش کیا ۔ کامیابیوں کی ایسی کہانیوں میں سے کچھ خاص کو ہم سال کے آخر میں یاد دہانی کے طور پر پیش کررہے ہیں ۔

آئیے نظر ڈالتے ہیں ایسے ہی کرداروں پر جنہوں نے تعلیم کے میدان میں سب کو چونکا دیا اور بڑی حد تک ایک محدود سوچ کو غلط ثابت کیا۔ 

awazthevoice

 ثانیہ مرزا

 یہ بھی کہا جاتا ہے کہ ’ہمت مرداں مدد خدا‘یعنی اگر انسان ہمت کرے تو اللہ کی طرف سے مدد ملتی ہے۔ ایسا ہی ہوا ثانیہ مرزا کے ساتھ۔ جی ہاں یہ ٹینس کھلاڑی حیدرآباد والی ثانیہ مرزا نہیں ہے بلکہ اترپردیش کے مرزا پور کی ثانیہ مرزا ہے جس نے ہمت و حوصلہ سے آسمان کی بلندیوں پر اڑنے کا خواب پورا کرلیا ہے۔ اب وہ ملک کے لئے اپنی خدمات دیگی اور ملک کے دشمنوں کو دندان شکن جواب دے گی۔  ہم مرزا پور کے ایک ٹی وی مکینک کی بیٹی ثانیہ مرزا کی بات کر رہے ہیں جو این ڈی اے کا امتحان پاس کرنے کے بعد ہندوستانی فضائیہ میں ملک کی پہلی مسلم خاتون فائٹر پائلٹ بننے جا رہی ہے۔ وہ اتر پردیش کی پہلی خاتون ہیں جنہوں نے فائٹر پائلٹ میں جگہ بنائی ہے۔ وہ 27 دسمبر کو جوائن کریں گی۔

پڑھیں : ثانیہ مرزا بنیں گی پہلی مسلم فائٹر پائلٹ 

 پڑھیں: پہلی مسلم خاتون فائٹر پائلٹ،  مسلم والدین پیسہ جہیز پر نہیں تعلیم پر لگائیں

 awazthevoice

سید مصطفی ہاشمی

سید مصطفی ہاشمی نے یو پی ایس سی سیول سرویسس 2021میں شاندار کامیابی درج کی اور کل ہند سطح پر 162واں رینک حاصل کیا۔ ان کا آئی پی ایس کیڈر کے لئے انتخاب عمل میں آیاہے ۔ وہ ایک حافظ قرآن ہیں ،وہ دینی و عصری علوم کے امتزاج کا بہترین نمونہ بنے دنیا کو پیغام دیا کہ آپ کس طرح دین اور دنیا میں توازن بنا سکتے ہیں ۔کس طرح دونوں علوم کو ایک ساتھ لے کر زندگی کو سنوار سکتے ہیں ۔انہوں نے قرآن حفظ کیا تو اس کے ساتھ عصری تعلیم کو بھی اہمیت دی ،دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ امیتابھ بچن کے مشہور پروگرام ’کون بنے گا کروڑ پتی ‘ میں نہ صرف شامل ہوئے تھے ۔

 پڑھیں:ایک حافظ قرآن کو ملی بڑی کامیابی

 awazthevoice

 معراج الدین

آپ دنیا کے کسی بھی کونے میں چلے جائیں ’باربی کیو‘ کی خوشبو پیچھا نہیں چھوڑتی ،جو ہمیں ایک ذائقہ کا احساس دلاتی ہے،ہندوستان میں بھی یہ بہت عام ہے۔ فائیو اسٹار ہوٹلوں سے سڑک کے کنارے تک باربی کیو کا ایک رجحان ہے۔ ایسا ہی ایک باربی کیو کشمیر کی کہانی سنا رہا ہے۔ مگر یہ ذائقہ کے ساتھ محنت اور لگن کی کہانی ہے۔کیونکہ ایک کباب فروش کے بیٹے نے اپنی زندگی کو ایک سمت دیدی ۔ والد کی کباب فروشی کے سہارے معالج بننے کا سفر شروع کردیا ہے۔ جی ہاں! جموں و کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے ایک باربی کیو بیچنے والے کے بیٹے نے NEET UG 2022کے امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے۔

ان کے بارے میں مزید جاننے کے لیے پڑھیں: معراج الدین کا حوصلہ

 awazthevoice

 بشریٰ متین

کرنا ٹک کے رائچور سے تعلق رکھنے والی بشریٰ متین کے، جو وشویشوریا ٹیکنیکل یونیورسٹی بیلگام کے ایس ایل این کالج آف انجینئرنگ،رائچور کی' بی ای سول' کی طالبہ ہیں۔حال ہی میں 16 گولڈ میڈلز کی حقدار بن کر سرخیوں میں چھائی ہوئی ہیں ۔انہوں نے یونیورسٹی کے ماضی کے سارے ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔اس سے قبل یونیورسٹی سے 13 گولڈ میڈل حاصل کیے جانے کا ریکارڈ تھا۔یہ 24 سالہ ٹیکنیکل یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلا موقع ہے جب کسی طالب علم نے اتنے گولڈ میڈلز حاصل کئے ہیں ۔

 پڑھیں:تعلیم کی راہ میں حجاب رکاوٹ نہیں

 awazthevoice

محمد شاداب

علی گڑھ سول لائن کے جمال پور میں رہنےوالے ایک غریب خاندان کے ہونہار طالب علم محمد شاداب اس وقت سرخیوں میں آئے تھے ۔جب وہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے منٹو سرکل سے نویں کلاس میں تھے۔ تب انہیں آل انڈیا ایکسیس پری انگلش کیمپ ممبئی کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ کیمپ میں امریکی ٹرینر ٹام نے کینیڈی لوگر یوتھ ایکسچینج اور اسٹڈی اسکالرشپ کے بارے میں معلومات دیں۔اس کےبعد 28 ہزار امریکی ڈالر کی کینیڈی لوگر یوتھ ایکسچینج اور اسٹڈی اسکالرشپ کے ذریعے بیلفاسٹ ایریا ہائی اسکول، یو ایس اےمیں تعلیم حاصل کی اور 97.6 فی نمبر حاصل کرکے اسکول میں ٹاپ کیاتھا۔ یاد رہے کہ محمد شاداب نے نویں کلاس تک اردو میڈیم سے ہی تعلیم حاصل کی تھی۔ان کا کہنا ہے کہ میڈم کوئی رکاوٹ نہیں آپ کی محنت اےور اعتماد اہم ہے۔

پڑھیں:مودی سے ملا حوصلہ