ثانیہ مرزا بنیں گی پہلی ہندوستانی مسلم خاتون فائٹر پائلٹ

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 22-12-2022
ثانیہ مرزا بنیں گی پہلی ہندوستانی مسلم خاتون فائٹر پائلٹ
ثانیہ مرزا بنیں گی پہلی ہندوستانی مسلم خاتون فائٹر پائلٹ

 

 

غوث سیوانی : آواز دی وائس 

کہیے تو آسماں کو زمیں پر اتار لائیں

مشکل نہیں ہے کچھ بھی اگر ٹھان لیجیے

 یہ بھی کہا جاتا ہے کہ ’ہمت مرداں مدد خدا‘یعنی اگر انسان ہمت کرے تو اللہ کی طرف سے مدد ملتی ہے۔ ایسا ہی ہوا ثانیہ مرزا کے ساتھ۔ جی ہاں یہ ٹینس کھلاڑی حیدرآباد والی ثانیہ مرزا نہیں ہے بلکہ اترپردیش کے مرزا پور کی ثانیہ مرزا ہے جس نے ہمت و حوصلہ سے آسمان کی بلندیوں پر اڑنے کا خواب پورا کرلیا ہے۔ اب وہ ملک کے لئے اپنی خدمات دیگی اور ملک کے دشمنوں کو دندان شکن جواب دے گی۔  ہم مرزا پور کے ایک ٹی وی مکینک کی بیٹی ثانیہ مرزا کی بات کر رہے ہیں جو این ڈی اے کا امتحان پاس کرنے کے بعد ہندوستانی فضائیہ میں ملک کی پہلی مسلم خاتون فائٹر پائلٹ بننے جا رہی ہے۔ وہ اتر پردیش کی پہلی خاتون ہیں جنہوں نے فائٹر پائلٹ میں جگہ بنائی ہے۔ وہ 27 دسمبر کو جوائن کریں گی۔

ضلع مرزا پور کے دیہات کوتوالی تھانہ علاقے کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں رہنے والے ایک ٹی وی مکینک کی بیٹی نے نہ صرف ضلع بلکہ ملک کا نام روشن کیا ہے۔ ٹی وی مکینک شاہد علی کی بیٹی ثانیہ مرزا نے این ڈی اے کا امتحان پاس کر کے یہ مقام حاصل کیا ہے۔ ثانیہ مرزا کو ہندوستانی فضائیہ کی فائٹر پائلٹ کے طور پر منتخب کر لیا گیا ہے۔

این ڈی اے امتحان میں 149 واں رینک

ثانیہ مرزا ملک کی پہلی مسلم فائٹر پائلٹ خاتون ہو گی۔ اس کے ساتھ ہی اتر پردیش کی پہیلی فائٹر خاتون پائلٹ کا  ٹائٹل بھی اپنے نام کیا ہے۔ اس نے این ڈی اے امتحان میں 149 واں رینک حاصل کیا ہے۔ ثانیہ مرزا کا کہنا ہے کہ ہائی اسکول کا امتحان پاس کرنے کے بعد ہی اس نے ذہن بنا لیا تھا کہ وہ فائٹر پائلٹ بن کر ملک کی خدمت کرے گی اور ملک کی سلامتی کے لئے کام کرے گی۔

ثانیہ مرزا نے ملک کی پہلی فائٹر پائلٹ اونی چترویدی سے متاثر ہو کر آج یہ مقام حاصل کیا ہے۔ پہلی بار ثانیہ مرزا کو کامیابی نہیں ملی، دوسری بار اس نے امتحان پاس کر کے ضلع کے ساتھ ساتھ ملک کا نام روشن کیا۔ ثانیہ مرزا ملک کی دوسری لڑکی ہے جسے فائٹر پائلٹ کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔

یوپی بورڈ سے تعلیم حاصل کی

ثانیہ مرزا نے بتایا کہ ہائی اسکول کا امتحان پاس کرنے کے بعد ہی میں نے ذہن بنا لیا تھا کہ مجھے کس شعبے میں جانا ہے۔ ثانیہ کا کہنا ہے کہ یوپی بورڈ سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد میں نے یہ مقام حاصل کیا ہے۔ جب کہ این ڈی اے میں صرف سی بی ایس ای آئی ایس سی بورڈ کے بچے ہی کامیابی حاصل کرتے ہیں، لیکن اس کو حاصل کرکے ہم نے دکھادیا ہے کہ یوپی بورڈ کے بچے بھی این ڈی اے پاس کرسکتے ہیں۔ مجھے دو فائٹر پائلٹس میں جگہ بنانا تھی، آج میں نے جگہ بنا لی ہے۔

واضح ہوکہ ثانیہ نے پرائمری سے 10ویں تک کی تعلیم گاؤں کے پنڈت چنتامنی دوبے انٹر کالج سے حاصل کی ہے، اس کے بعد ثانیہ مرزا نے شہر کے گرو نانک گرلز انٹر کالج سے 12ویں کا امتحان پاس کیا ہے، 12ویں یوپی بورڈ ڈسٹرکٹ ٹاپر بھی ثانیہ مرزا ہیں۔ اس کے بعد ثانیہ مرزا نے سینچورین ڈیفنس اکیڈمی سے تیاری کرکے کامیابی حاصل کی ہے۔ ثانیہ مرزا نے بتایا کہ جوائننگ لیٹر ایک دن پہلے آیا ہے، انہیں پونے جا کر 27 دسمبر کو جوائن کرنا ہے۔

نیشنل ڈیفنس اکیڈمی 2022 کے امتحان میں مرد اور خواتین سمیت کل 400 نشستیں تھیں جن میں خواتین کی 19 نشستیں تھیں جن میں سے دو نشستیں فائٹر پائلٹس کے لیے مختص تھیں، ان دو نشستوں کے زمرے  میں ثانیہ مرزا نے کامیابی حاصل کی ہے۔وہ  پہلی بار امتحان میں کوالیفائی نہیں کر سکی لیکن  دوسری بار انٹرویو،سی پی ایس میڈیکل فٹنس کوالیفائی کیا۔