منصور الدین فریدی ۔ نئی دہلی
ممبئی کی تنگ گلیوں سے کرکٹ کے بڑے میدانوں تک پہنچنے والے سرفراز خان کی کہانی صرف رنز، سنچریوں اور ٹیم انڈیا میں جگہ بنانے کی داستان نہیں، بلکہ ایک ایسے نوجوان کی جدوجہد ہے جس نے بچپن سے سخت تربیت، مسلسل دباؤ، ناکامیوں، تنقید اور انتظار کے باوجود کرکٹ سے اپنا رشتہ نہیں توڑا۔ ان کے والد کا خواب تھا کہ بیٹا ہندوستان کے لیے کھیلے، سرفراز نے آخرکار ٹیسٹ کرکٹ میں قدم رکھ کر اس خواب کو پورا کیا۔ تاہم ہندوستانی ٹیم میں واپسی اور مزید مواقع حاصل کرنے کی خواہش آج بھی ان کے دل میں زندہ ہے۔ایک پوڈ کاسٹ میں سرفراز خان نے زندگی میں پہلی بار ہر پہلوپر کھل کر بے باکی سے بات کی اور اپنے دل کو کھول کر رکھ دیا ۔بچپن کی جدوجہد اور زندگی کے نشیب و فراز پر روشنی ڈالتے ہوئے سرفراز خان کی آنکھوں سے آنسو نکل آئے ۔اب سرفراز خان کا یہ انٹر ویو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے ۔
سابق ہندوستانی اوپنر آکاش چوپڑا کے پوڈکاسٹ ’بیٹھ اینڈ بول‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سرفراز خان نے اپنے والد نوشاد خان کی جدوجہد اور قربانیوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح ان کے والد نے محدود وسائل کے باوجود ان کے کرکٹ کے خواب کو پورا کرنے کے لیے اپنی زندگی وقف کردی۔سرفراز کے مطابق ایک وقت ایسا بھی تھا جب ان کا خاندان ایک چھوٹی سی جھونپڑی میں رہتا تھا اور روزمرہ کے اخراجات پورے کرنا آسان نہیں تھا۔ انہیں آج بھی وہ دن یاد ہے جب انہوں نے اپنے والد کو یہ کہتے سنا کہ وہ اس دن صرف ایک روپیہ اضافی کمانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔اس واقعے نے سرفراز کی سوچ بدل دی۔ انہیں احساس ہوا کہ اگر وہ کرکٹ میں کامیاب ہوجائیں تو اپنے والدین کو مالی مشکلات سے نجات دلا سکتے ہیں۔ یہی خیال ان کی زندگی کا ایک اہم موڑ ثابت ہوا۔
نو ہزار روپے نے دکھایا پیشہ ور کرکٹر بننے کا خواب
سرفراز خان نے بتایا کہ انہوں نے سنا تھا کہ ممبئی میں انڈر 16 کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑی کو تقریباً 9000 روپے مل سکتے ہیں۔ اس وقت ان کے خاندان کے لیے یہ رقم بہت اہمیت رکھتی تھی۔ انہوں نے اسی امید کے ساتھ پیشہ ور کرکٹر بننے کا فیصلہ کیا کہ ایک دن وہ اپنے والدین کو بہتر زندگی فراہم کرسکیں گے۔اس مقصد کے لیے انہوں نے طویل عرصے تک سخت محنت کی۔ والد نوشاد خان نے ان کی تربیت پر خصوصی توجہ دی اور کرکٹ کے میدان میں آگے بڑھنے کے لیے مسلسل رہنمائی کی۔ برسوں کی محنت اور قربانیوں کے بعد سرفراز نے ممبئی کی کرکٹ میں اپنی جگہ بنائی۔ اس کے بعد ہندوستان کی انڈر 19 ٹیم کی نمائندگی کی اور بالآخر ٹیسٹ کرکٹ تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔

آج بھی اپنی تمام کمائی والد کے حوالے کرتے ہیں
گفتگو کا سب سے جذباتی لمحہ اس وقت آیا جب سرفراز نے بتایا کہ اب ان کے خاندان کے حالات پہلے سے بہت بہتر ہوچکے ہیں۔ ان کا اپنا گھر ہے اور وہ مالی پریشانیاں باقی نہیں رہیں جن کا سامنا انہیں بچپن میں کرنا پڑتا تھا۔اس کے باوجود سرفراز اپنی تمام کمائی والد کے حوالے کردیتے ہیں اور ان سے صرف ماہانہ خرچ لیتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ اپنے والد کی ان قربانیوں کا اعتراف ہے جو انہوں نے ان کے کرکٹ کے خواب کو حقیقت بنانے کے لیے کیں۔نوشاد خان صرف ان کے والد ہی نہیں بلکہ ان کے کوچ اور رہنما بھی رہے ہیں۔ انہوں نے مشکل وقت میں سرفراز کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں کرکٹ کے میدان میں آگے بڑھنے کا راستہ دکھایا۔
چھ سال کی عمر سے کرکٹ، والد کی سخت تربیت
سرفراز خان نے بتایا کہ وہ محض چھ سال کی عمر سے کرکٹ گراؤنڈ جانے لگے تھے۔ ان کے والد نے ان کی تربیت میں کوئی نرمی نہیں برتی۔ سرفراز کے مطابق ان کے والد ان کے لیے کسی ہٹلر سے کم نہیں تھے۔ بچپن میں انہیں سخت ڈانٹ اور مار بھی پڑتی تھی، اور یہ روزمرہ کی تربیت کا حصہ بن چکی تھی۔سرفراز نے اپنے والد کی سختی کو اپنی زندگی کی کامیابی سے جوڑتے ہوئے کہا کہ آج وہ اپنے والد کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں، کیونکہ ان کی محنت اور تربیت نے انہیں اس مقام تک پہنچایا۔
بچپن سے بڑے اسکور کی توقع، 100 رنز سے آگے کا ہدف
سرفراز کے لیے کرکٹ صرف کھیل نہیں بلکہ مسلسل اپنی صلاحیت ثابت کرنے کا ذریعہ رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے والد ہمیشہ بڑے اسکور کی توقع رکھتے تھے۔ اگر وہ 100 یا 150 رنز بناتے تو بھی والد چاہتے کہ وہ اس سے کہیں آگے جائیں۔فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی کارکردگی کے باوجود انہیں کئی مرتبہ ایسے حالات کا سامنا کرنا پڑا، جہاں ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے کے لیے غیر معمولی اسکور کی ضرورت محسوس ہوتی تھی۔ ان کے مطابق جب سینئر کھلاڑی یا ہندوستانی ٹیم سے واپس آنے والے کھلاڑی ڈومیسٹک ٹیم میں شامل ہوتے تو بعض اوقات دوسرے کھلاڑیوں کو جگہ چھوڑنی پڑتی تھی۔اسی وجہ سے ان کے والد کی خواہش تھی کہ سرفراز ایسے بڑے اسکور بنائیں کہ انہیں ٹیم سے باہر کرنا آسان نہ ہو۔

ہندوستانی ٹیم میں انتخاب نہ ہونے کا دکھ
سرفراز نے گفتگو میں اس مایوسی کا بھی ذکر کیا کہ کئی مواقع پر انہیں لگتا تھا کہ ہندوستانی ٹیم میں ان کا نام آ جائے گا، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ انہوں نے ایک موقع کا ذکر کیا جب انہیں امید تھی کہ وہ ٹیم میں منتخب ہوں گے، مگر ان کی جگہ رجت پاٹیدار کو موقع ملا۔اس وقت انہیں اپنے مستقبل کے حوالے سے تشویش ہوئی اور ایک ایسے کھلاڑی کی مثال ذہن میں آئی جس نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہت رنز بنائے، لیکن ہندوستان کے لیے کھیلنے کا موقع حاصل نہیں کر سکا۔سرفراز کے لیے یہ مرحلہ ذہنی طور پر مشکل تھا، کیونکہ وہ مسلسل محنت کر رہے تھے، لیکن مطلوبہ موقع ان کے ہاتھ نہیں آ رہا تھا۔
ٹیسٹ ڈیبیو: والد کا خواب پورا ہونے کا دن
ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم میں ڈیبیو سرفراز کی زندگی کا ایک انتہائی جذباتی لمحہ تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس دن ان کے دل میں کئی طرح کے احساسات تھے۔ ٹیسٹ کیپ حاصل کرنا ان کے لیے محض ایک اعزاز نہیں، بلکہ والد کی برسوں کی محنت کا نتیجہ تھا۔سرفراز نے اپنے ڈیبیو کے دوران دونوں اننگز میں نصف سنچریاں بنائیں۔ اس موقع کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ تنہائی میں جا کر اپنی ٹیسٹ کیپ کو دیکھتے رہے اور جذبات پر قابو نہیں رکھ سکے۔ان کے لیے یہ لمحہ اس لیے بھی اہم تھا کہ وہ اپنے والد کے سامنے ہندوستان کے لیے کھیلنا چاہتے تھے۔ انہیں ہمیشہ یہ خوف رہتا تھا کہ اگر وہ والد کی زندگی میں ہندوستان کے لیے نہ کھیل سکے تو شاید وہ اس خواب کو کبھی پورا نہ کر پائیں۔ان کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ میں قدم رکھنے کے بعد ایسا محسوس ہوا جیسے ان کے کندھوں سے بہت بڑا بوجھ اتر گیا ہو۔
۔150 رنز کی اننگز اور اپنی صلاحیت کا ثبوت
سرفراز خان نے اپنے کیریئر میں کئی اہم اننگز کھیلیں، جن میں 150 رنز کی اننگز بھی شامل ہے۔ ان کے لیے یہ اسکور صرف ریکارڈ یا اعداد و شمار نہیں بلکہ اپنی صلاحیت ثابت کرنے کا ذریعہ تھا۔وہ چاہتے ہیں کہ انہیں مسلسل کھیلنے کے مواقع ملیں، تاکہ وہ اپنی کارکردگی سے یہ دکھا سکیں کہ وہ طویل فارمیٹ میں ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔سرفراز کا کہنا ہے کہ انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہت محنت کی ہے، لیکن اس کے باوجود انہیں کئی مرتبہ ایسا محسوس ہوا کہ اپنی صلاحیت دکھانے کے لیے مطلوبہ مواقع نہیں مل رہے۔

۔97 کلو سے 77 کلو تک وزن کم کرنے کی سخت محنت
سرفراز نے اپنی فٹنس کے سفر کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک وقت میں ان کا وزن تقریباً 97 کلو تھا، لیکن اب وہ 77 سے 78 کلو کے درمیان رہتا ہے۔ اس طرح انہوں نے تقریباً 20 کلو وزن کم کیا۔ان کے مطابق انگلینڈ کے دورے سے پہلے انہیں وزن کم کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے سخت ڈائٹ اور ورزش کا سہارا لیا۔ کئی راتیں ایسی بھی گزریں جب انہیں بھوک محسوس ہوئی، لیکن انہوں نے اپنی خوراک پر قابو رکھا۔سرفراز کے لیے وزن کم کرنا صرف جسمانی تبدیلی نہیں تھا بلکہ اپنی فٹنس اور کھیل کے حوالے سے موجود تنقید کا جواب دینے کی کوشش بھی تھی۔
تنقید، الزامات اور ذہنی دباؤ
سرفراز نے اپنی گفتگو میں بتایا کہ ان کے کیریئر کے دوران انہیں مختلف طرح کے لیبلز اور تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ کبھی ان کی فٹنس پر سوال اٹھائے گئے، کبھی ان کے کھیل کے انداز پر، اور کبھی ان کے حوالے سے ایسی باتیں سامنے آئیں جن سے انہیں ذہنی تکلیف ہوئی۔انہوں نے ڈریسنگ روم کی باتیں باہر لیک کرنے کے الزام کا بھی ذکر کیا۔ سرفراز کے مطابق اس معاملے نے انہیں اور ان کے خاندان کو پریشان کیا۔ تاہم ایک سینئر کھلاڑی نے انہیں فون کرکے ایسی باتوں پر توجہ نہ دینے اور اپنے کھیل پر فوکس رکھنے کا مشورہ دیا۔سرفراز نے اعتراف کیا کہ بعض اوقات انہیں محسوس ہوتا ہے کہ ان کی زندگی مسلسل اپنے بارے میں پیدا ہونے والی غلط فہمیوں اور مسائل کو درست کرنے میں گزر رہی ہے۔
راتوں کی نیند متاثر، ہندوستانی ٹیم میں واپسی کی بے چینی
سرفراز نے گفتگو میں اپنی ذہنی کیفیت کا بھی کھل کر ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے ان کی نیند متاثر ہو رہی ہے۔ بعض راتوں میں وہ چند گھنٹے سونے کے بعد اٹھ جاتے ہیں اور پھر دیر تک جاگتے رہتے ہیں۔ان کے مطابق ہندوستانی ٹیم میں دوبارہ واپسی کی خواہش، توقعات اور اپنے آپ کو ثابت کرنے کا دباؤ ان کی ذہنی کیفیت پر اثر انداز ہوتا ہے۔ کئی مرتبہ وہ خواب میں خود کو ہندوستانی ٹیم کے لیے کھیلتے دیکھتے ہیں، لیکن اچانک آنکھ کھلنے پر انہیں احساس ہوتا ہے کہ وہ ابھی اسی مقام پر ہیں جہاں سے واپسی کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بعض میچوں میں اپنی کارکردگی، کیچ چھوٹنے یا ٹیم کو نقصان پہنچنے کے خدشے کی وجہ سے انہیں رات دیر تک نیند نہیں آتی۔

کرکٹ میں ہر دن خود کو ثابت کرنے کی کوشش
سرفراز کے مطابق وہ ہر میچ کے بعد اپنی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہیں کہ انہوں نے کیا اچھا کیا اور کہاں غلطی ہوئی۔ ایک سینئر کھلاڑی ہونے کے ناطے وہ چاہتے ہیں کہ ان کی وجہ سے ٹیم کو نقصان نہ پہنچے۔انہوں نے ایک کیچ کا ذکر بھی کیا، جسے پکڑنے کے لیے انہوں نے خاص کوشش کی، کیونکہ اس سے پہلے ایک کیچ چھوٹ گیا تھا اور وہ اس بات سے پریشان تھے کہ کہیں اس غلطی کا اثر ٹیم کے نتیجے پر نہ پڑے۔سرفراز کے لیے کرکٹ صرف میدان میں کھیلنے کا نام نہیں، بلکہ ہر روز اپنی غلطیوں کو درست کرنے اور بہتر بننے کی کوشش ہے۔
آئی پی ایل اور بڑی رقم کے مقابلے میں ٹیسٹ کرکٹ کی عزت
گفتگو میں سرفراز سے یہ سوال بھی کیا گیا کہ کیا کبھی ان کے ذہن میں یہ خیال آتا ہے کہ آئی پی ایل میں چند اچھے شاٹس کھیل کر بڑی رقم اور شہرت حاصل کی جا سکتی ہے، جبکہ ٹیسٹ اور فرسٹ کلاس کرکٹ میں برسوں کی محنت کے باوجود اتنا مالی فائدہ نہیں ہوتا۔سرفراز نے کہا کہ وہ اپنے والد سے اکثر اس بات پر گفتگو کرتے ہیں۔ ان کے نزدیک ٹیسٹ کرکٹ کی اپنی الگ اہمیت اور عزت ہے۔ وہ ریڈ بال کرکٹ سے محبت کرتے ہیں اور ٹیسٹ کھلاڑی بننے کو ایک بڑی کامیابی سمجھتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ آئی پی ایل اور وائٹ بال کرکٹ اپنی جگہ اہم ہیں، لیکن ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کو کرکٹ کے روایتی شائقین کی طرف سے ایک الگ احترام حاصل ہوتا ہے۔
چھوٹے بھائی مشیر خان کے لیے بھی والد کا خواب
سرفراز نے اپنے چھوٹے بھائی مشیر خان کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد چاہتے ہیں کہ مشیر وائٹ بال کرکٹ پر زیادہ توجہ دے۔ سرفراز کے مطابق آج کے دور میں وائٹ بال کرکٹ، خاص طور پر ٹی 20، زیادہ مواقع اور مالی فائدے فراہم کرتی ہے۔وہ اپنے بھائی کو اس فارمیٹ میں آگے بڑھنے کی ترغیب دیتے ہیں، جبکہ خود ٹیسٹ کرکٹ سے اپنی محبت کو برقرار رکھتے ہیں۔سرفراز کے مطابق ان کے والد دونوں بھائیوں کے لیے مختلف اہداف رکھتے ہیں، اور وہ چاہتے ہیں کہ مشیر اپنے کھیل میں ترقی کرے اور ہندوستانی کرکٹ میں اپنا مقام بنائے۔

ٹیسٹ کیپ، رنجی ٹرافی اور روزانہ کی محنت
سرفراز نے بتایا کہ ان کے گھر میں رنجی ٹرافی اور ٹیسٹ کرکٹ سے متعلق یادگاریں موجود ہیں۔ وہ روزانہ ان چیزوں کو دیکھتے ہیں تو ایک طرف انہیں اپنی کامیابی پر خوشی ہوتی ہے، دوسری طرف ہندوستانی ٹیم میں واپسی کی خواہش انہیں بے چین بھی کرتی ہے۔ان کے مطابق ٹیسٹ کھلاڑی بننا ان کی زندگی کی بہت بڑی کامیابی ہے، لیکن وہ ابھی مزید کھیلنا چاہتے ہیں۔ ان کا خواب ہے کہ وہ ہندوستان کے لیے دوبارہ کھیلیں، رنز بنائیں اور وائٹ بال کرکٹ میں بھی ملک کی نمائندگی کریں۔
چنئی سپر کنگز سے وابستگی اور آئی پی ایل کا نیا موقع
سرفراز نے آئی پی ایل میں چنئی سپر کنگز سے وابستگی کو بھی خوشی کا موقع قرار دیا۔ ان کے لیے آئی پی ایل میں کھیلنا ایک اہم تجربہ ہے، لیکن وہ اپنی بنیادی توجہ کرکٹ اور کھیل میں بہتری پر رکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وہ روزانہ صبح جلد گراؤنڈ پہنچتے ہیں اور مسلسل پریکٹس کرتے ہیں۔ ان کی کوشش ہے کہ ہر آنے والے دن خود کو پہلے سے بہتر بنائیں اور کھیل کے ہر موقع سے فائدہ اٹھائیں۔
کرکٹ چھوڑنے سے پہلے کوئی پچھتاوا نہیں چاہتے
سرفراز نے اپنی زندگی کے مستقبل کے حوالے سے ایک اہم بات کہی۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ جس دن کرکٹ چھوڑیں گے، اس دن انہیں یہ احساس نہیں ہونا چاہیے کہ وہ کوئی ایسا کام کر سکتے تھے جو انہوں نے نہیں کیا۔وہ چاہتے ہیں کہ کرکٹ کھیلنے کے دوران اپنی پوری محنت کریں، تمام مواقع کا فائدہ اٹھائیں اور جب کھیل سے رخصت ہوں تو انہیں یہ اطمینان ہو کہ انہوں نے اپنی طرف سے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ان کے لیے کامیابی صرف ہندوستانی ٹیم میں کھیلنا یا بڑے معاہدے حاصل کرنا نہیں، بلکہ اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ کھیلنا اور زندگی کے آخر میں اپنے سفر پر مطمئن ہونا ہے۔
ہندوستانی ٹیم میں واپسی کی کوشش
سرفراز خان نے فروری 2024 میں راجکوٹ میں انگلینڈ کے خلاف اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔ اس موقع پر ان کے والد بھی جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان کی آنکھوں سے آنسو جاری ہوگئے تھے۔تاہم ٹیسٹ کرکٹ میں شاندار آغاز کے باوجود وہ ہندوستانی ٹیم میں مستقل جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ ان کی آخری بین الاقوامی شرکت نومبر 2024 میں نیوزی لینڈ کے خلاف رہی۔ وہ گھریلو کرکٹ میں ممبئی کی نمائندگی جاری رکھے ہوئے ہیں اور قومی ٹیم میں واپسی کے لیے محنت کر رہے ہیں۔سرفراز کے لیے والد کی قربانیاں آج بھی سب سے بڑی تحریک ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ کامیابی کے سفر میں مشکلات اور ناکامیاں آتی رہتی ہیں لیکن محنت اور عزم کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے۔
.webp)
وراٹ کوہلی کے شکر گزار
انہوں نے کہا کہ بنگلورو میں کھیلی گئی وہ اننگز ان کے لیے بہت خاص تھی۔ یہ گراؤنڈ ان کے لیے خوش قسمت ثابت ہوا۔ وہ پہلی بار وہاں کھیلنے گئے تھے اور شاندار کارکردگی دکھا کر واپس لوٹے۔سرفراز نے بتایا کہ ان کی اننگز سے خوش ہوکر وراٹ کوہلی نے ہاتھ جوڑ کر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ اس واقعے کے بعد لوگ انہیں پہچاننے لگے۔انہوں نے کہا کہ جب اتنا بڑا کھلاڑی پوری دنیا کے سامنے کسی کے لیے ہاتھ جوڑتا ہے تو لوگ اس کے بارے میں بات کرنے لگتے ہیں اور اسی طرح ان کی بھی پہچان بننے لگی۔ سرفراز خان نے مزید بتایا کہ انہوں نے 17 سال کی عمر میں ڈیبیو کیا تھا۔ اس وقت انہیں کافی شہرت اور عزت ملی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے 45 رنز بنائے تھے اور اسی موقع پر وراٹ بھائی نے ان کے لیے ہاتھ جوڑے تھے۔ اس واقعے کے بعد سے لوگ انہیں پہچاننے لگے۔سرفراز نے بتایا کہ ممبئی میں لوگ انہیں ’ماچو‘ کہہ کر پکارتے تھے۔ اس کی وجہ ان کے والد تھے۔ ان کے والد کے زمانے میں بھی لوگ انہیں ’ماچو‘ کہتے تھے کیونکہ وہ میدان میں بہت اچھی فیلڈنگ کرتے تھے۔ بعد میں یہی نام سرفراز کے لیے بھی مشہور ہوگیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب وہ اپنے چھوٹے بھائی مشیر کو بھی اسی نام سے پکارتے ہیں۔
🚨 SARFARAZ KHAN BROKE DOWN IN TEARS WHILE REVEALING HIS FAMILY'S FINANCIAL STRUGGLES DURING HIS CHILDHOOD. 💔 Sarfaraz Khan Said 🗣️: “When I was a child, my family was going through severe financial difficulties, and we lived in a small hut. I still remember hearing my father say one day that he had earned just one extra rupee. That moment stayed with me, and I decided that I wanted to become a cricketer because cricket offered the opportunity to earn a good living. At that time, I had heard that playing Under-16 cricket in Mumbai could earn a player ₹9,000. I made a promise to myself that I would become a successful cricketer one day and give my family a better life. With God's blessings, I went on to represent Mumbai and later India at the Under-19 level. Today, our financial situation has changed completely, and we even have our own house. Even now, I hand over all my earnings to my father and take only a monthly allowance from him. He has sacrificed so much for me, and he deserves every bit of it.” ❤️
— lndian Sports Network (@IS_Netwrk29) November 20, 2026
قسمت میں جو لکھا ہے وہی ملتا ہے: سرفراز خان
سرفراز خان نے آئی پی ایل نیلامی میں بار بار فروخت نہ ہونے کے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسے اپنی قسمت سمجھ کر قبول کرتے رہے۔ آکاش چوپڑا کے پوڈکاسٹ ’’بیٹھ اینڈ بول‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ کم عمری میں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑی ہی آگے بڑھتے ہیں۔ 15 سال کی عمر میں ویبھو سوریہ ونشی شاندار کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ ہر شخص کی قسمت میں جو لکھا ہوتا ہے وہی ملتا ہے۔
سرفراز نے بتایا کہ کم عمری میں کھیلنے کا موقع ملنے پر انہیں خوشی تھی۔ بعد میں انہوں نے ریڈ بال کرکٹ پر زیادہ توجہ دینی شروع کردی اور وائٹ بال کرکٹ پیچھے رہ گئی۔ آئی پی ایل کے گزشتہ چند سیزن میں درمیان میں ٹیم سے باہر ہونے اور اچھا موقع نہ ملنے کے بعد انہوں نے ریڈ بال کرکٹ پر اپنی توجہ مرکوز کردی تھی۔ تاہم جب اس میں بھی انہیں توقع کے مطابق کامیابی نہیں ملی تو انہوں نے دوبارہ وائٹ بال کرکٹ کی طرف توجہ دی۔
انہوں نے کہا کہ وہ آئی پی ایل کھیلنا چاہتے تھے کیونکہ شادی کے بعد یہ ان کی اہلیہ کا خواب بن گیا تھا۔ سرفراز اپنی اہلیہ سے کہا کرتے تھے کہ آئی پی ایل ایک الگ تجربہ ہے۔ اس میں کھلاڑی کو پورے ملک میں سفر کرنے کا موقع ملتا ہے۔ ان کی اہلیہ کشمیر کے ایک گاؤں سے تعلق رکھتی ہیں اور وہ اکثر پوچھتی تھیں کہ سرفراز آئی پی ایل کب کھیلیں گے۔ لیکن ہر نیلامی میں ان کا نام فروخت نہ ہونے والے کھلاڑیوں میں شامل رہتا تھا۔
سرفراز خان کے کیریئر میں آئی پی ایل بھی ایک اہم باب رہا ہے۔ انہوں نے کم عمری میں آر سی بی کے لیے کھیلنا شروع کیا اور اس وقت ان کی ملاقات بڑے کھلاڑیوں سے ہوئی۔ لیکن بعد کے سیزن میں انہیں مواقع کم ملے اور وہ کچھ سال آئی پی ایل سے باہر رہے۔دو سال تک ان سولڈ رہنے کے بعد جب انہیں چنئی سپر کنگز نے منتخب کیا، تو وہ اس خبر سے بے حد خوش ہوئے۔سرفراز کے مطابق، ان کے لیے آئی پی ایل میں واپسی صرف رقم کا معاملہ نہیں تھا، بلکہ یہ ایک خواب تھا۔ وہ دوبارہ آئی پی ایل کھیلنا چاہتے تھے، کھل کر کرکٹ کھیلنا چاہتے تھے اور اس تجربے سے لطف اندوز ہونا چاہتے تھے۔انہوں نے چنئی سپر کنگز کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انہیں موقع دیا اور ان کے آئی پی ایل کے خواب کو دوبارہ زندہ کیا
’’گڈ تھنگز ہیپن ٹو گڈ پیپل‘‘ امید اور حوصلے کا پیغام
گفتگو کے اختتام پر سرفراز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا اور انہیں یہ پیغام دیا گیا کہ اچھے لوگوں کے ساتھ اچھا ہوتا ہے۔ سرفراز نے بھی اس بات پر اتفاق کیا اور کہا کہ وہ اپنی محنت جاری رکھیں گے۔ان کی کہانی ایک ایسے کھلاڑی کی داستان ہے جس نے بچپن سے سخت تربیت، ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل کارکردگی، ہندوستانی ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے انتظار اور مختلف طرح کی تنقید کے باوجود اپنے خواب کو زندہ رکھا۔سرفراز خان آج بھی کرکٹ کے میدان میں اپنی جگہ بنانے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ان کا سفر یہ پیغام دیتا ہے کہ کامیابی کے بعد بھی منزلیں ختم نہیں ہوتیں، اور بعض اوقات سب سے بڑی آزمائش اس وقت ہوتی ہے جب آپ ایک خواب پورا کرنے کے بعد دوسرے خواب کے لیے دوبارہ محنت شروع کرتے ہیں۔سرفراز کے لیے ہندوستانی ٹیم میں کھیلنا ایک خواب تھا، لیکن اب ان کا خواب صرف واپسی نہیں، بلکہ یہ ثابت کرنا بھی ہے کہ ان کی محنت، صلاحیت اور کرکٹ سے محبت ابھی بہت کچھ کر سکتی ہے۔
سرفراز خان کا کرکٹ کیریئر: فرسٹ کلاس کرکٹ سے ٹیسٹ ٹیم تک
سرفراز خان 22 اکتوبر 1997 کو ممبئی میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد نوشاد خان بھی کرکٹ سے وابستہ رہے ہیں اور انہوں نے ہی بیٹے کی ابتدائی تربیت کی ذمہ داری سنبھالی۔ سرفراز نے کم عمری ہی میں اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ شروع کردیا تھا۔ 2009 میں محض 12 سال کی عمر میں انہوں نے ہیرس شیلڈ اسکول ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں 439 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر شہرت حاصل کی۔
انہوں نے 2014 میں ممبئی کی جانب سے بنگال کے خلاف فرسٹ کلاس کرکٹ میں قدم رکھا۔ بعد ازاں وہ اتر پردیش کی ٹیم سے بھی کھیلے اور پھر ممبئی واپس آگئے۔ 2019-20 کے رنجی ٹرافی سیزن میں انہوں نے اتر پردیش کے خلاف ناٹ آؤٹ 301 رنز بنائے۔ 2021-22 کے سیزن میں 982 رنز کے ساتھ وہ ٹورنامنٹ کے نمایاں بلے بازوں میں شامل رہے۔
سرفراز نے 2014 اور 2016 کے انڈر 19 ورلڈ کپ میں ہندوستان کی نمائندگی کی۔ ان دونوں ٹورنامنٹس میں ان کی مجموعی کارکردگی نے انہیں نوجوان کرکٹرز میں نمایاں مقام دلایا۔
طویل انتظار کے بعد انہیں فروری 2024 میں انگلینڈ کے خلاف راجکوٹ ٹیسٹ سے ہندوستانی ٹیم میں ڈیبیو کا موقع ملا۔ اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں انہوں نے دونوں اننگز میں نصف سنچریاں بنائیں۔ اسی سال اکتوبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف بنگلورو ٹیسٹ میں 150 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی صلاحیتوں کا ثبوت دیا۔
فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی مستقل کارکردگی نے انہیں ہندوستان کے نمایاں گھریلو بلے بازوں میں شامل کیا ہے۔ وہ ممبئی کی جانب سے رنجی ٹرافی میں مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہے ہیں اور آئی پی ایل میں بھی اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرچکے ہیں۔
سرفراز خان کا سفر اس بات کی مثال ہے کہ محدود وسائل اور طویل انتظار کے باوجود مسلسل محنت کھلاڑی کو اعلیٰ سطح تک پہنچا سکتی ہے۔ ان کی کامیابی میں والد نوشاد خان کی تربیت اور قربانیاں بنیادی اہمیت رکھتی ہیں۔ سرفراز کے لیے کرکٹ محض ایک کھیل نہیں بلکہ اپنے والدین کی زندگی بدلنے اور ان کی محنت کا حق ادا کرنے کا ذریعہ بھی ہے۔