زیبا نسیم : ممبئی
کیرالہ کے ایک چھوٹے سے علاقے سے نکل کر عالمی سطح پر اپنی پہچان بنانے والے 23 سالہ محمد رضوان کی کہانی محنت اور غیر معمولی صلاحیت کی ایک دلچسپ مثال ہے۔ کبھی ان کا خواب پیشہ ور فٹبالر بننے کا تھا لیکن ایک حادثے نے ان کے کھیلنے کا انداز بدل دیا۔ ہاتھ کی چوٹ نے انہیں روایتی فٹبال سے دور کیا تو انہوں نے فری اسٹائل فٹبال کو اپنی پہچان بنا لیا۔ آبشار کے سامنے فٹبال کا ایک منفرد کرتب دکھانے والی ویڈیو نے انہیں راتوں رات عالمی شہرت دلائی۔ اس ویڈیو کو 60 کروڑ ویوز ملے اور گنیز ورلڈ ریکارڈ میں بھی جگہ ملی۔ اب انسٹاگرام رنگز ایوارڈ 2026 کے لیے دنیا کے 25 منتخب تخلیق کاروں میں شامل ہوکر رضوان نے ایک بار پھر ہندوستان کا نام روشن کیا ہے۔ یہ ہے ایک ایسے نوجوان کی کہانی جس نے اپنے شوق کو پیشہ بنایا اور مقامی سطح سے عالمی شہرت تک کا سفر طے کیا۔
انسٹاگرام نے جمعرات 29 اکتوبر کو اس سال کے 25 ایوارڈ یافتگان کے ناموں کا اعلان کیا۔ فاتحین کا انتخاب 14 رکنی جیوری نے کیا، جس میں مشہور ریپر اے ایس اے پی راکی، فیشن ڈیزائنر ڈوناٹیلا ورساسی، مصنف اور کانٹینٹ کریئیٹر جیک ایڈورڈز اور معروف شیف وکاس کھنہ سمیت کئی نامور شخصیات شامل تھیں۔
بچپن کا شوق اور ایک حادثہ
محمد رضوان کا فٹبال سے تعلق بچپن ہی سے رہا ہے۔ کیرالہ کے علاقے اریکوڈ میں پرورش پانے والے رضوان نے ابتدائی دنوں میں ضلعی سطح کے فٹبال ٹورنامنٹس میں بھی حصہ لیا۔ ان کا خواب روایتی فٹبال میں اپنا کیریئر بنانا تھا، لیکن نوعمری میں بازو کی ہڈی ٹوٹنے کے باعث انہیں کچھ عرصے کے لیے میدان سے دور ہونا پڑا۔رضوان کے مطابق فٹبال سے دوری ان کے لیے آسان نہیں تھی۔ اسپتال سے گھر واپس آنے کے بعد بھی وہ گیند کے ساتھ مشق کرنے لگے۔ اسی دوران انہوں نے فٹبال کے ساتھ مختلف کرتب دکھانے شروع کیے اور یوں فری اسٹائل فٹبال کی دنیا میں ان کا سفر شروع ہوا۔انہوں نے یوٹیوب پر ویڈیوز دیکھ کر خود ہی مختلف تکنیکیں سیکھیں اور مسلسل مشق کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کو نکھارا۔
ایک ویڈیو نے بدل دی زندگی
رضوان کی زندگی میں نومبر 2023 ایک اہم موڑ ثابت ہوا، جب انہوں نے ملاپورم کے کیرالم کنڈو آبشار کے مقام پر فٹبال کے ساتھ ایک منفرد ویڈیو بنائی۔ اس ویڈیو میں وہ گیند کو اس انداز میں کک مارتے نظر آئے کہ دیکھنے والوں کو محسوس ہوا جیسے گیند آبشار کے گرتے ہوئے پانی میں غائب ہوگئی ہو۔دوستوں کے ساتھ بنائی گئی یہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور اسے پہلے ہی دن 10 کروڑ سے زیادہ مرتبہ دیکھا گیا۔ بعد ازاں اس ویڈیو کو 60 کروڑ سے زائد ویوز حاصل ہوئے اور جنوری 2024 میں اسے گنیز ورلڈ ریکارڈ میں بھی جگہ ملی۔رضوان کا کہنا ہے کہ اس ایک ویڈیو نے ان کی زندگی بدل دی۔ انہیں مختلف تقریبات اور تشہیری سرگرمیوں میں شرکت کی دعوت ملنے لگی اور لوگ انہیں پہچاننے لگے۔ وہ بتاتے ہیں کہ اس ویڈیو سے حاصل ہونے والی آمدنی کی مدد سے انہوں نے اپنا گھر بھی تعمیر کیا۔
فری اسٹائل فٹبال کو بنایا پیشہ
رضوان کے انسٹاگرام پر اس وقت 27 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ کامیابی کے لیے اپنی صلاحیتوں کو مسلسل بہتر بنانے کے ساتھ انہیں دنیا کے سامنے پیش کرنا بھی ضروری ہے۔ان کے مطابق جب انہوں نے اپنی صلاحیتوں کو لوگوں تک پہنچانا شروع کیا تو انہیں حوصلہ افزائی ملی اور فری اسٹائل فٹبال کو پیشے کے طور پر اپنانے کا راستہ ہموار ہوا۔وہ کہتے ہیں کہ اپنی پسند کے کام کو پیشہ بنانا ہر شخص کا خواب ہوتا ہے اور انہیں خوشی ہے کہ وہ اپنی زندگی اسی انداز میں گزار رہے ہیں۔
میسی سے ملاقات کا خواب
رضوان کے لیے بین الاقوامی سطح پر پہچان حاصل کرنا بھی ایک یادگار تجربہ رہا ہے۔ 2025 میں ارجنٹینا کی فٹبال ٹیم نے انہیں بیونس آئرس کے اسٹیڈیو مونومینٹل میں لیونل میسی کا میچ دیکھنے کے لیے مدعو کیا تھا۔رضوان لیونل میسی کو اپنا پسندیدہ کھلاڑی مانتے ہیں۔ اگرچہ ویزا حاصل کرنے کے مراحل قدرے مشکل تھے، لیکن ارجنٹینا کا یہ سفر ان کے لیے انتہائی خوشگوارثابت ہوا۔ تاہم انہیں اس بات کا افسوس ہے کہ وہ میسی سے ملاقات اور ان کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع حاصل نہیں کرسکے۔وہ مستقبل میں میسی کے علاوہ کرسٹیانو رونالڈو اور نیمار سے بھی ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔محمد رضوان کی کامیابی اس بات کی مثال ہے کہ ایک مقامی نوجوان اپنی غیر معمولی صلاحیت، مسلسل محنت اور تخلیقی انداز کے ذریعے عالمی سطح پر اپنی شناخت قائم کرسکتا ہے۔
محمد رضوان کا فٹبال کیریئر
محمد رضوان نے 2012 میں محض 10 سال کی عمر میں فری اسٹائل فٹبال کی مشق شروع کی تھی۔ انہوں نے باقاعدہ پریکٹس اور آن لائن فٹبال ٹیوٹوریلز دیکھ کر اپنی صلاحیتوں کو نکھارا۔ وقت کے ساتھ فٹبال میں ان کی دلچسپی ایک گہرے شوق میں تبدیل ہوگئی۔ابتدا میں ان کا خواب پیشہ ور فٹبالر بننا تھا۔ تاہم ہاتھ میں چوٹ لگنے کے باعث انہیں روایتی فٹبال سے کچھ عرصے کے لیے دور ہونا پڑا۔ اسی دوران فری اسٹائل فٹبال میں ان کی دلچسپی بڑھی اور انہوں نے گیند کے ساتھ مختلف کرتب آزمانے شروع کیے۔
سال2023 میں ڈبلیو ایف ایف اے بالرز کپ چیمپئن
سال2023 میں رضوان نے اپنے فری اسٹائل فٹبال کیریئر میں ایک اہم کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے ’ڈبلیو ایف ایف اے بالرز کپ فری اسٹائل چیمپئن‘ کا خطاب اپنے نام کیا۔ اس کامیابی سے فری اسٹائل فٹبال کی دنیا میں ان کی شناخت مزید مستحکم ہوئی۔وہ فٹبال کے مختلف کرتب پر مبنی ویڈیوز بناتے رہے اور انہیں سوشل میڈیا پر شیئر کرتے رہے۔ ان کے منفرد انداز نے کیرالہ سے باہر بھی لوگوں کی توجہ حاصل کی اور ان کا فن وسیع حلقے تک پہنچا۔
آبشار پر فٹبال کی وائرل ویڈیو
محمد رضوان کو نومبر 2023 میں اس وقت بین الاقوامی شہرت ملی جب انہوں نے انسٹاگرام پر فٹبال کا ایک منفرد ویڈیو شیئر کیا۔ یہ ویڈیو کیرالہ کے ضلع ملاپورم میں واقع ’کیرالم کنڈو آبشار‘ پر بنائی گئی تھی۔ویڈیو میں وہ فٹبال کو اس انداز میں کک مارتے ہیں کہ گیند آبشار کے گرتے ہوئے پانی اور چٹانوں کے پیچھے چلی جاتی ہے۔ ان کے اس غیر معمولی شاٹ نے دیکھنے والوں کو حیران کردیا اور سوشل میڈیا پر اسے بڑے پیمانے پر توجہ حاصل ہوئی۔اس ریل کو مختصر وقت میں 350 ملین سے زیادہ ویوز ملے اور بعد میں اس کے ویوز کی تعداد 554 ملین سے تجاوز کرگئی۔ یوں یہ انسٹاگرام کی دنیا بھر میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ریلز میں شامل ہوگئی۔رضوان نے یہ ویڈیو دوستوں کے ساتھ ایک سفر کے دوران بنائی تھی۔ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ فٹبال کا ایک سادہ سا کرتب عالمی سطح پر اتنی توجہ حاصل کرلے گا۔ اس ویڈیو کی مقبولیت نے ان کی زندگی بدل دی اور انہیں لاکھوں نئے فالوورز ملے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ سے عالمی شناخت
محمد رضوان کو ان کی وائرل ’آبشار والی فٹبال ویڈیو‘ کے لیے بین الاقوامی سطح پر پہچان ملی۔ 8 جنوری 2024 کو گنیز ورلڈ ریکارڈز نے باضابطہ طور پر ان کی کامیابی کا اعتراف کیا۔ اس وقت یہ انسٹاگرام کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ریل تھی۔رضوان نے اس کامیابی کا جشن اسی آبشار پر ایک ویڈیو بنا کر منایا جہاں انہوں نے اپنا مشہور شاٹ ریکارڈ کیا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈ کا سرٹیفکیٹ بھی دکھایا۔اس اعزاز کے بعد دنیا بھر میں فٹبال شائقین اور سوشل میڈیا صارفین کے درمیان ان کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا۔
ارجنٹینا فٹبال ایسوسی ایشن کی دعوت
محمد رضوان کی مقبولیت بین الاقوامی فٹبال حلقوں تک بھی پہنچی۔ ستمبر 2025 میں انہیں ارجنٹینا فٹبال ایسوسی ایشن کی جانب سے بیونس آئرس کے اسٹیڈیو مونومینٹل میں ارجنٹینا اور وینزویلا کے درمیان میچ دیکھنے کے لیے وی آئی پی مہمان کے طور پر مدعو کیا گیا۔یہ میچ رضوان کے لیے خاص اہمیت رکھتا تھا کیونکہ وہ لیونل میسی کے بڑے مداح ہیں۔ اپنے دورے کے دوران انہیں بیونس آئرس میں منعقدہ ایک تقریب میں ارجنٹینا کی ٹیم کے ہیڈ کوچ لیونل اسکالونی سے ملاقات کا موقع بھی ملا۔یہ دعوت ان کے فری اسٹائل فٹبال کے سفر کا ایک یادگار لمحہ ثابت ہوئی اور انہیں بین الاقوامی فٹبال کے قریب سے مشاہدے کا موقع ملا۔
انسٹاگرام رنگز ایوارڈ سال2026
اکتوبر 2026 میں محمد رضوان نے انسٹاگرام رنگز ایوارڈ 2026 کے 25 فاتحین میں شامل ہوکر ایک اور اہم کامیابی حاصل کی۔
وہ اس اعزاز کے لیے منتخب ہونے والے 2 ہندوستانی تخلیق کاروں میں شامل ہیں۔ ان کے ساتھ فیشن کریئیٹر بھاویتا منڈاوا کو بھی یہ ایوارڈ دیا گیا۔ یہ اعزاز ان کی تخلیقی صلاحیتوں۔ فری اسٹائل فٹبال کے منفرد مظاہروں اور انسٹاگرام پر ان کی کامیابی کا اعتراف ہے۔اس وقت تک رضوان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر 27 لاکھ سے زیادہ فالوورز ہوچکے تھے۔ اس اعزاز نے عالمی سطح پر ایک ہندوستانی ڈیجیٹل تخلیق کار کے طور پر ان کی شناخت کو مزید مستحکم کیا۔
اس ایوارڈ کے دیگر فاتحین میں ناروے کے فٹبالر اور مانچسٹر سٹی کے اسٹرائیکر ایرلنگ ہالینڈ۔ امریکی فٹ ویئر ڈیزائنر صالح بامبری۔ مصری نژاد امریکی کامیڈین کریم رحما۔ ملٹی ڈسپلنری کریئیٹر رینیل میڈرانو۔ کریئیٹو اسٹریٹجسٹ اسکائیلر مارشائی۔ فوٹوگرافر سلویسٹر ماکو۔ مصنف۔ہدایت کار اور اداکار جارڈن فرسٹ مین۔ پیرس کی فیشن مبصر لیاس۔ ایس ایل بیوٹی کے عالمی میک اپ آرٹسٹ سیم ویسر اور کامیڈین پوجا ترپاٹھی شامل ہیں۔دیگر ایوارڈ یافتگان میں برطانیہ کی ادبی کمیونٹی انڈر دی کور۔ شیف اسٹیون گاؤ۔ ملٹی میڈیا آرٹسٹ ایم ایل ایم اے۔ برطانیہ کی میک اپ آرٹسٹ نگوزی ایسٹر ایڈیمے۔ اطالوی برازیلی فیشن کریئیٹر وکی مونٹاناری۔ میوزک گروپ لاطینی مافیا۔ کریئیٹو ڈائریکٹر اور کوریوگرافر جیسمین جے بی بیڈی۔ ماہر نباتات اور معلم الیکسس نکول نیلسن۔ کوریوگرافر ڈیمین جالیٹ۔ گلوکارہ جوائس ایلین۔ نیل آرٹسٹ خوان الویر۔ فلم ڈائریکٹر میڈیٹ شایاخمیٹوف اور شمالی لندن کے ریپر لٹل سمز شامل ہیں۔جیوری میں آرٹ۔ ثقافت۔ کھیل۔ موسیقی۔ فلم اور ادب کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی کئی معروف شخصیات شامل تھیں۔ ان میں ڈوناٹیلا ورساسی۔ اے ایس اے پی راکی۔ ایملی ایڈمز۔ فننیس۔ چلو ژاؤ۔ میکیلا شیفرن۔ اوسگیموس۔ ایڈم موسیری۔ چارم لا ڈونا۔ ایوا چن۔ ول ویلچ۔ اسامایا فرینچ۔ وکاس کھنہ اور جیک ایڈورڈز کے نام نمایاں ہیں۔