گنپتی وسرجن : افروز شاہ کی قیادت میں ساحل سمندر پر مثالی صفائی مہم

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 26-09-2023
گنپتی وسرجن : افروز شاہ کی قیادت میں ساحل سمندر پر مثالی صفائی مہم
گنپتی وسرجن : افروز شاہ کی قیادت میں ساحل سمندر پر مثالی صفائی مہم

 



منصور الدین فریدی :آواز دی وائس

ممبئی پر ایک جانب جانب گنپتی بپا موریا کے نعرے گونج رہے ہیں اور ہر کوئی مہاراشٹر کے سب سے بڑے تہوار کے رنگوں میں غرق ہے۔کیا ہندو اور کیا مسلمان سب اس میں شرکت کررہے ہیں ۔ فلمی دنیا کے بادشاہ شاہ رخ خان ہوں یا بھائی جان سلمان خان ہر کسی نے اپنے اپنے انداز میں  گنپتی بپا کا جشن منایا لیکن ایک نام ہے افروز شاہ جنہیں اب نہ صرف ممبئی بلکہ دنیا ان کی ساحل سمندر کی صفائی مہم کے سبب جانتی ہے وہ اپنے دستے کے ساتھ گنپتی وسرجن کے دوران ساحل سمندر کی صفائی میں جٹے ہوئے ہیں اور سمندر کو آلودگی سے بچانے کے لیے دن رات مصروف ہیں ۔اہم بات یہ ہے کہ ممبئی ہائی کورٹ کے نوجوان ایڈوکیٹ کے ساتھ مدرسے کے بچے بھی اس مہم کا حصہ بنے ہوئے ہیں ۔

گنیش وسرجن کے دوران پچھلے چھ سال سے افروز شاہ اپنی ٹیم کے ساتھ سرگرم ہیں،وہ وسرجن کے دوران سمندر سے مورتیوں اور پھولوں کے ڈھیر نکالنے کا کام کرتے ہیں۔ ساحل سمندر پر پڑے پھول اور پلاسٹک کے کوڑے کو چننے کا کام کیا جاتا ہے۔ رات کے اندھیرے میں ہی ساحل کو صاف کردیا جاتا ہے ۔ وہ کہتے ہیں کہ ہم اپنی مہم کے دوران وسرجن کرنے والوں کو یہ بتاتے ہیں کہ آپ ماربل یا دھات کی مورتیوں کو استعمال کریں ۔اس سے سمندر میں آلودگی روکی جاسکے گی۔ مثبت بات یہ ہے کہ لوگ ان مشوروں کو نہ صرف سنتے ہیں بلکہ اس پر عمل بھی کررہے ہیں ۔اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اگر کسی کو قاعدے سے سمجھایا جائے تو کچھ بھی تبدیلی ممکن

AWAZ

ورسوا کی ساحل کا ایک  فضائی منظر

بات نصف ایمان کی 

وہ کہتے ہیں کہ صفائی تو نصف ایمان ہے،مگر اس کو خود تک محدود نہیں فرض نہیں، ہمیں اپنے آس پاس کے ماحول اور فضا کو بھی پاک صاف رکھنا چاہیے۔ ہر کسی کو صفائی اور ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام اور اس کے تئیں بیداری پیدا کرنے کے لیے کچھ نہ کچھ وقت نکالنا چاہیے ۔ یہی اسلام ہے اور یہی سنت ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ مسلم معاشرے کو ایسی مہم سے زیادہ سے زیادہ جڑنا چاہیے کیوکہ پیغمبر اسلام کی یہی تعلیم ہے۔ مسلمانوں کو آگے آنا ہوگا ،ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر جڑنا ہوگا۔

 

افروز شاہ کہتے ہیں کہ میں ایک وکیل ہوں اور اب بھی میں جیسے ہی موقع ملتا ہے ساحلوں اور دریاؤں کی صفائی کا کام انجام دیتا ہوں۔ ہم سب ہفتے میں دو گھنٹے ضرور صفائی ستھرائی کے لئے وقف کریں۔ ہمیں صرف باتیں ہی نہیں کرنا چاہئے بلکہ ان باتوں پر عمل بھی کرنا چاہئے۔ افروز شاہ نے آواز دی وائس سے کہا کہ اس ملک نے مجھے بہت کچھ دیا،میں ملک کو کچھ نہ کچھ دینا چاہتا ہوں،جس کام کو میں نے چنا ہے وہ مذہبی طور پر بھی لازمی ہے اور دنیا وی طور پر بھی۔ میں اپنی فکر بھی ہے اور دنیا کی بھی۔ انسانیت کی بھی اور کائنات کی بھی۔

میں نے ہر سطح پر یہی پیغام دیا ہے کہ انسانوں اور دیگر جانداروں کے حقوق میں ٹکراو نہ ہو۔ دنیا میں ہم پھیلتے جارہے ہیں ،ایک بوجھ بن کر دوسری مخلوقوں کا حق بھی مارنے لگے ہیں،اپنی زندگی کے سوا کچھ دیکھ نہیں پا رہے ہیں ۔جن کی حق تلفی ہورہی ہے وہ بے زبان ہیں ۔ہمیں اس بات کو سمجھنا ہوگا کہ اپنی زندگی کو آسان اور عام بنائیں گے تو دیگر مخلوقوں کے ساتھ حقوق کا ٹکراو کم ہوگا۔ ہم سب کو جینے دیں۔ پانی صاف رہے گا تو مچھلیاں بچ سکیں گی،ہوا صاف رہے گی تو انسان کے ساتھ پرندے بھی بچ پائیں گے۔ یہ سب کچھ اس وقت ممکن ہوگا جب ہم اپنی زندگی کا انداز بدل لیں گے۔

AWAZ

افروز شاہ کی صفائی مہم  کا شیڈول

افروز شاہ کے مطابق میں  میونسپل اسکول کا طالب علم تھا،بچپن غریبی میں گزرا تھا،مگر تعلیم کی راہ نہیں چھوڑی۔ تعلیم کے ساتھ دنیا کو دیکھا اور سمجھا۔ اپنی ذمہ داری کو محسوس کیا ۔ اب میں چاہتا ہوں کہ مدرسے کے بچوں کو ایسی مہم میں آگے لانا چاہیے۔ اس سے نہ صرف دنیا سے واقف ہوں گے بلکہ بہت کچھ سیکھ سکیں گے۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ میرا ماننا ہے کہ اگر بچے سیکھ جائیں گے تو قوم میں بڑی تبدیلی آئے گی۔ میں مدارس اور مساجد میں جاتا ہوں اور علما حضرات سے بات کرتا ہوں ۔انہیں بتاتا ہوں کہ کیا ہے نصف ایمان اور ہمیں کس طرح اپنی موجودگی اور حصہ داری کو منوانا ہوگا۔ بات صرف صفائی کی نہیں بلکہ اخلاق اور عمل کی بھی ہے

بیرون ملک بھی شہرت

 افروز شاہ سے کئی ممالک کے سفارت کاروں اور وزرا نے ملاقات کی ہے بلکہ ساحل سمندر پر ان کی صفائی مہم میں حصہ بھی لیا بلکہ سفارتی سطح پر سمندری آلودگی سے نمٹنے کی کوششوں کو سراہا بھی گیا ہے۔ حال ہی میں افروز شاہ نے ناروے کا دورہ کیا تھا جہاں ناروے کی وزارت ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کےماہرین کے ساتھ طویل میٹینگز ہوئی تھیں ۔ناروے کے ممبران پارلیمنٹ نے بھی اس سلسلے میں ان کی خدمات کو سراہا ۔

ناروے میں افروز شاہ  

کیسے شروع ہوئی مہم 

پڑوسی کے ساتھ بسم اللہ افروز شاہ نے ’آواز دی وائس ‘‘ کو بتایا کہ یہ مہم کسی منصوبہ کے تحت نہیں شروع نہیں ہوئی تھی بلکہ ان کے ایک بزرگ پڑوسی ہربنش ماتھور ان کے ساتھ روزانہ ساحل سے پلاسٹک کا کوڑا اپنے ہاتھوں سے سمیٹنا شروع کیا تھا۔ افروز شاہ کہتے ہیں کہ 2015 کا ورسوا ساحل کا منظر کچھ اس طرح ہے کہ وہاں جگہ جگہ کوڑے کے پانچ پانچ فٹ تک اونچے ڈھیر نظر آتے تھے۔ جنہیں صاف کرنے والا کوئی نہیں تھا اور نہ ہی کوئی سرکاری یا فلاحی ادارہ اس پہلو پر .سوچ رہا تھا کہ غیر قانونی بستیوں کے مکینیوں میں اپنی اور اپنے آس پاس کی صفائی کا شعور اجاگر کیا جائے۔ وہ اپنے ماضی کے ساحل کو لوٹانا چاہتا تھا، لیکن اس کے لیے بہت محنت اور سرمائے کی ضرورت تھی مگر کوئی ادارہ اس کی مدد کے لیے تیار نہیں تھا۔ لیکن افروز شاہ مایوس ہو کر ہاتھ پر ہاتھ دھر کر نہیں بیٹھ گیا۔ اس نے اپنے دوستوں اور بستی والوں کی مدد سے ساحل کی صفائی کا عزم کیا اور آج ہر ممبئی والے کے لیے ایک مثال بن گیا۔ ورسوا میں اس منظر کو ہر روز کسی نہ کسی نے دیکھا ۔اس بات کو محسوس کیا کہ کوڑا پھیلانے والے تو بہت ہیں مگر صفائی کرنے والے بہت کم ۔ یہی وجہ ہے کہ ساحل کی صفائی کرتے دیکھ کر آس پاس کے دوسرے لوگوں میں بھی جذبہ بیدار ہوا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے دو افراد سے شروع ہونے والی اس مہم ہزاروں افراد کی ایک رضاکار ٹیم کی شکل میں بدل گئی۔