مریم عفیفہ: سب سے کم عمر مسلم نیورو سرجن

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 3 Years ago
ڈاکٹر مریم عفیفہ انصاری
ڈاکٹر مریم عفیفہ انصاری

 

 

شاہد حبیب ۔ نئی دہلی

حیدرآباد کے عثمانیہ میڈیکل کالج میں نیورو سرجری میں پوسٹ گریجویٹ کورس میں داخلہ حاصل کرنے والی ڈاکٹر مریم عفیفہ انصاری تین سالوں میں اپنی ڈگری مکمل ہونے کے بعد سب سے کم عمر مسلم نیورو سرجن بننے والی ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ڈاکٹر انصاری جنہوں نے اپنی متعدد کامیابیوں سے لوگوں کو دم بخود کر دیا ہے ، نے دسویں جماعت تک اردو میڈیم اسکول سے تعلیم حاصل کی ہے ۔ انہوں نے ساتویں کلاس تک مہاراشٹرا کے مالیگاؤں کے تحسین ہائی اسکول میں تعلیم حاصل کی۔

اس کے بعد ، وہ حیدرآباد چلی گئیں اور انہوں نے پرنسس درشہوار گرلز ہائی اسکول میں داخلہ لیا۔ وہ دسویں جماعت کے امتحان میں اپنے اسکول میں ٹاپر تھیں اور سونے کا تمغہ جیتنے والی۔ ایم ایس جونیئر کالج ، حیدرآباد سے ٹاپ رینک کے ساتھ انٹرمیڈیٹ مکمل کرنے کے بعد ، عفیفہ عثمانیہ میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس میں مفت داخلہ لینے میں کامیاب ہوئیں۔

انہوں نے ایم بی بی ایس کورس کے دوران پانچ طلائی تمغے حاصل کیے۔ 2017 میں اپنا کورس مکمل کرنے کے بعد ، وہ اسی کالج میں جنرل سرجری کے ماسٹرز کورس میں مفت داخلہ لینے میں کامیاب ہوئیں ۔ سن 2019 میں انہوں نے انگلینڈ کے رائل کالج آف سرجن سے پوسٹ گریجویٹ ڈگری ، ایم آر سی ایس مکمل کی۔

سن 2020 میں انہوں نے ڈپلومیٹ آف نیشنل بورڈ کورس کیا۔ یہ ایک خصوصی پوسٹ گریجویٹ ڈگری ہے جو ہندوستان میں اسپیشلسٹ ڈاکٹروں کو دی جاتی ہے۔ سن 2020 کے نیٹ سپر اسپشیلٹی امتحانات میں اعلی اسکور کرنے کے بعد انہیں عثمانیہ میڈیکل کالج میں مفت داخلہ مل گیا۔

اپنی کامیابی کے بارے میں بات کرتے ہوئے ڈاکٹر مریم عفیفہ انصاری کہتی ہیں کہ میری کامیابی اللہ کی طرف سے عطا کردہ تحفہ اور ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے پیشے کے ذریعے معاشرے کی خدمت کرنے کی کوشش کریں گی۔

انہوں نے مسلم لڑکیوں کو اپنے پیغام میں کہا کہ ہمت نہ ہاریں ، کبھی کسی کو یہ کہنے کا موقعہ نہ دیں کہ آپ یہ نہیں کر سکتے بلک اپنی کامیابی سے ان کو غلط ثابت کریں ۔ محترمہ انصاری کی مسلسل محنت نے ان کی کامیابی کی راہ پر آنے والی ہر رکاوٹ کو عبور کرنے میں ان کی مدد کی ہے۔

 ڈاکٹر مریم عفیفہ انصاری  ہندوستان کی نوجوان نسل کے لئے ایک تحریک اور ترغیب ہیں ۔