گوہر وانی ۔ نئی دہلی
’’میں نے خطرہ مول لے لیا ہے۔ مجھے اپنی منزل تک پہنچنا ہے۔ یہ میرا شوق بھی ہے اور ضد بھی۔‘‘
یہ الفاظ ہیں کشمیر کے نوجوان مسیب کے جنہوں نے دہلی میں آواز دی وائس سے گفتگو کے دوران اپنے عزم اور حوصلے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب انسان کسی کام کو کرنے کی ٹھان لیتا ہے تو مشکلات اس کے راستے میں رکاوٹ نہیں بن سکتیں۔ مسیب کشمیر سے کنیاکماری تک تقریباً 3600 کلومیٹر کا طویل سفر سائیکل پر طے کرنے کے لیے نکلے ہیں۔ ان کا مقصد نہ صرف ایک طویل مسافت طے کرنا ہے بلکہ سفر کے دوران مختلف علاقوں کے لوگوں سے ملنا اور ان کے رہن سہن اور خیالات کو قریب سے سمجھنا بھی ہے۔
مسیب نے اب تک کشمیر سے دہلی تک تقریباً 800 کلومیٹر کا سفر مکمل کر لیا ہے۔ وہ اس وقت دہلی پہنچ چکے ہیں اور یہاں تک آنے کے دوران جموں و کشمیر کے علاوہ پنجاب اور ہریانہ کے کئی شہروں سے گزرے ہیں۔ ان کے اس سفر کی خاص بات یہ ہے کہ وہ کسی مہنگی یا خصوصی سائیکل کے بجائے عام سائیکل پر اتنا طویل سفر کر رہے ہیں۔ سائیکل پر تقریباً 50 کلو سامان بھی لدا ہوا ہے جس کے باعث انہیں راستے میں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔


تین سے چار ماہ میں خود کو سفر کے لیے تیار کیا
آواز دی وائس سے گفتگو میں مسیب نے بتایا کہ اتنے طویل سفر کا فیصلہ کرنا آسان نہیں تھا۔ اس کے لیے جسمانی تیاری سے پہلے ذہنی طور پر خود کو تیار کرنا ضروری تھا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس سفر کا ذہن بنانے اور تقریباً 4000 سے 4500 کلومیٹر کی مسافت کے تصور کو قبول کرنے میں تین سے چار ماہ لگے۔ان کے مطابق کسی بھی بڑے کام کو شروع کرنے سے پہلے انسان کا ذہن مضبوط ہونا چاہیے۔ جب انسان خود فیصلہ کر لیتا ہے کہ اسے یہ کام ہر حال میں کرنا ہے تو پھر راستے میں لوگوں کا تعاون بھی ملتا رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ انہیں گھر سے نکلنے کے بعد مختلف مقامات پر لوگوں کی بھرپور محبت اور مدد حاصل ہوئی ہے۔
کشمیر سے منالی کے سفر نے دی نئی منزل کی تحریک
مسیب نے بتایا کہ اس سے پہلے وہ کشمیر سے منالی تک سائیکل کا سفر کر چکے ہیں۔ اس سفر کے بعد جب انہوں نے اپنے اندر آنے والی تبدیلی اور اپنے حوصلے کو دیکھا تو انہیں خود سے مزید تحریک ملی۔ انہوں نے سوچا کہ جب وہ کشمیر سے منالی تک سائیکل چلا سکتے ہیں تو انہیں اس سے بھی بڑا سفر کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی خاص سائیکل سوار کو اپنا نمونہ نہیں مانتے بلکہ اپنے سابقہ تجربات سے ہی حوصلہ حاصل کرتے ہیں۔ کشمیر سے منالی تک کا سفر ان کے لیے ایک ایسا تجربہ ثابت ہوا جس نے انہیں کشمیر سے کنیاکماری تک جانے کا فیصلہ کرنے میں مدد دی۔
سفر کے دوران پنجاب اور ہریانہ میں ملا غیر معمولی تعاون
مسیب نے بتایا کہ انہیں راستے میں لوگوں کی طرف سے جس محبت اور تعاون کی توقع تھی اس سے کہیں زیادہ ملا۔ خاص طور پر پنجاب کے مختلف شہروں میں لوگوں نے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ جالندھر اور لدھیانہ سمیت کئی مقامات پر لوگوں نے ان کا استقبال کیا اور سفر جاری رکھنے کے لیے حوصلہ بڑھایا۔انہوں نے کہا کہ کرنال اور دیگر شہروں میں بھی انہیں لوگوں کا تعاون حاصل ہوا۔ ان کے مطابق سفر کرنے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ انسان مختلف لوگوں سے ملتا ہے اور ان کے خیالات اور تجربات سے بہت کچھ سیکھتا ہے۔ کئی مرتبہ سفر کے دوران ایسے مشاہدات ہوتے ہیں جن کا انسان نے گھر بیٹھے تصور بھی نہیں کیا ہوتا۔


عام سائیکل اور 50 کلو سامان کے ساتھ مشکل سفر
مسیب کے اس سفر کی ایک اہم بات ان کی سائیکل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے پاس کوئی مہنگی یا خصوصی طویل فاصلے کی سائیکل نہیں ہے بلکہ یہ ایک عام سائیکل ہے جو بازار میں تقریباً 14 سے 15 ہزار روپے میں مل سکتی ہے۔ان کے مطابق طویل سفر کے لیے مضبوط اور بہتر معیار کی سائیکل ضروری ہوتی ہے۔ ان کا خیال ہے کہ ایسے سفر کے لیے تقریباً 50 ہزار روپے یا اس سے زیادہ قیمت کی بہتر سائیکل ہونی چاہیے جو بھاری سامان کا بوجھ برداشت کر سکے۔ تاہم انہوں نے اپنی عام سائیکل ہی کے ساتھ سفر شروع کرنے کا خطرہ مول لیا کیونکہ ان کے لیے منزل تک پہنچنا زیادہ اہم تھا۔
انہوں نے بتایا کہ سائیکل پر تقریباً 50 کلو سامان لدا ہوا ہے۔ اس بھاری بوجھ کی وجہ سے راستے میں کئی مرتبہ سائیکل کے ٹائر خراب ہوئے اور انہیں تبدیل کرنا پڑا۔ بعض اوقات بوجھ زیادہ ہونے کی وجہ سے ٹائر اپنی جگہ سے بھی نکل جاتے تھے۔ اس کے باوجود انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور اپنا سفر جاری رکھا۔مسیب نے یہ بھی بتایا کہ سائیکل میں کوئی خاص تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ اس کے بریک اور دیگر بنیادی سامان بھی وہی ہیں جو سائیکل خریدتے وقت کمپنی کی جانب سے لگے ہوئے تھے۔
جموں سے دہلی تک مختلف شہروں کا سفر
کشمیر سے روانہ ہونے کے بعد مسیب نے سب سے پہلے رام بن کا رخ کیا۔ وہاں سے ادھم پور پہنچے اور پھر جموں گئے۔ جموں کے بعد کٹھوعہ سے ہوتے ہوئے پنجاب میں داخل ہوئے۔ اس کے بعد جالندھر اور لدھیانہ سے گزرے۔ لدھیانہ کے بعد راج پورہ اور انبالہ کا سفر کیا اور پھر کرنال پہنچے۔ کرنال سے وہ دہلی آئے۔انہوں نے بتایا کہ اس پورے سفر میں گزشتہ روز کا سفر سب سے زیادہ مشکل اور طویل رہا کیونکہ اس دن انہوں نے تقریباً 128 کلومیٹر سائیکل چلائی۔ مسلسل اتنی طویل مسافت طے کرنا جسمانی طور پر تھکا دینے والا تھا لیکن منزل تک پہنچنے کا عزم ان کے حوصلے کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔
کشمیر میں سائیکلنگ کا بڑھتا ہوا رجحان
مسیب کے مطابق کشمیر میں بھی سائیکلنگ کا رجحان آہستہ آہستہ بڑھ رہا ہے۔ خاص طور پر نوجوان اس کھیل اور سرگرمی میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کشمیر کا نوجوان طبقہ اب پہلے کے مقابلے میں زیادہ تعداد میں سائیکلنگ کی طرف متوجہ ہو رہا ہے اور یہ رجحان مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔انہوں نے اپنے سفر کے لیے مالی تعاون کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ کشمیر کی معروف فرانسیسی بیکری لڈلائز نے ان کی سرپرستی کی ہے۔ ایک اور ادارے نے بھی ان سے رابطہ کیا تھا تاہم انہوں نے پہلے ہی لڈلائز کے ساتھ تعاون طے کر لیا تھا۔


سوشل میڈیا پر سفر کے تجربات بھی کررہے ہیں محفوظ
مسیب اپنے سفر کے دوران ہونے والے تجربات اور مشاہدات کو سوشل میڈیا پر بھی محفوظ کر رہے ہیں۔ وہ انسٹاگرام اور یوٹیوب پر اپنے سفر کی ویڈیوز اور دیگر معلومات شیئر کرتے ہیں۔ انسٹاگرام پر ان کا نام ’اٹس مصعبز ولاگ‘ ہے۔ اس کے ذریعے لوگ ان کے سفر اور راستے میں پیش آنے والے حالات سے واقف ہو سکتے ہیں۔
کشمیر کے بارے میں تصورات اور زمینی حقیقت
گفتگو کے دوران مسیب نے ایک اہم بات یہ بھی بتائی کہ سفر شروع کرنے سے پہلے انہیں بعض لوگوں نے کشمیر کے حالات اور وہاں کے لوگوں کے بارے میں ایسے تصورات دیے تھے جو ان کے ذہن میں خدشات پیدا کر رہے تھے۔ ان کے مطابق حالیہ برسوں میں پیش آنے والے بعض واقعات کی وجہ سے لوگوں نے ان کے ذہن میں بھی مختلف قسم کے خیالات بٹھا دیے تھے۔
لیکن جب وہ خود زمینی حقیقت دیکھنے کے لیے مختلف مقامات پر پہنچے تو ان کا تجربہ ان توقعات سے بالکل مختلف تھا۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جن جگہوں اور لوگوں کے بارے میں انہیں منفی باتیں بتائی گئی تھیں وہاں پہنچ کر انہیں اس کے برعکس بہت اچھا تجربہ ہوا۔ ان کے مطابق بعض مقامات کے بارے میں باہر بیٹھ کر جو باتیں بتائی جاتی ہیں وہاں کی حقیقت اس سے بالکل مختلف ہوتی ہے۔ لوگوں کا رویہ اور ان کی مہمان نوازی دیکھ کر انہیں بہت خوشی ہوئی۔


مسیب کا یہ سفر ابھی جاری ہے۔ کشمیر سے کنیاکماری تک کا طویل راستہ ان کے سامنے ہے لیکن اب تک کا تجربہ ان کے حوصلے کو مزید مضبوط کر رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کسی بھی بڑے مقصد کے حصول کے لیے سب سے پہلے ذہن بنانا ضروری ہے۔ اس کے بعد مشکلات اور لوگوں کا تعاون دونوں سفر کا حصہ بن جاتے ہیں۔ ان کے لیے یہ محض سائیکل چلانے کا سفر نہیں بلکہ اپنے عزم کو عملی شکل دینے کی ایک کوشش ہے۔