گوہاٹی : 44 سال کی عمر میں 13 دن اور 13 راتوں تک مسلسل سمندر میں تیراکی۔ مہاراشٹر سے کرناٹک تک خطرناک بحری سفر مکمل کرنے والے آسام کے پہلے تیراک بنے۔آسام کے معروف تیراک ایلیوس علی ہزاریکا نے اپنی غیر معمولی کامیابیوں کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے ایک بار پھر تاریخ رقم کی ہے۔ 44 سال کی عمر میں بھی انہوں نے ثابت کردیا کہ عزم اور حوصلے کے سامنے عمر کوئی رکاوٹ نہیں بنتی۔ وہ ہندوستانی جزیرہ نما کے مغربی ساحل کے ساتھ 1330 کلومیٹر طویل ریلے تیراکی مکمل کرنے والے آسام کے پہلے تیراک بن گئے ہیں۔
ہزاریکا سمیت ہندوستان کے 4 تیراکوں کی ٹیم نے جمعرات کو مہاراشٹر کے ممبئی سے کرناٹک تک 1330 کلومیٹر کا خطرناک سمندری سفر مکمل کیا۔ اس مہم میں ٹیم نے 13 دن اور 13 رات مسلسل تیراکی کی اور مقررہ وقت سے 2 دن پہلے اپنا ہدف حاصل کرلیا۔ اس سفر کا آغاز 14 نومبر کو ہوا تھا۔ اس سے پہلے ایک امریکی ٹیم اسی سمندری راستے کو 15 دن میں تیراکی کرکے مکمل کرنے کا ریکارڈ رکھتی تھی۔اس غیر معمولی کامیابی کے بعد گوہاٹی کے ایلیوس علی ہزاریکا نے سوشل میڈیا پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا۔’’آسام کی تاریخ میں پہلی بار۔ بے پناہ محنت کے بعد میں 1330 کلومیٹر طویل تیراکی کا ریلے ورلڈ ریکارڈ کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے والا پہلا آسامی بن گیا ہوں۔‘‘
انہوں نے اس مہم کو انسانی صلاحیتوں کی حدود سے آگے کا سفر قرار دیا۔ تاہم اس کامیابی کی قیمت تیراکوں کو اپنی صحت کی صورت میں بھی ادا کرنی پڑی۔ تیراکی مکمل کرنے کے بعد ایلیوس کو اسپتال میں داخل کرانا پڑا۔آواز دی وائس آسام سے گفتگو کرتے ہوئے ایلیوس نے بتایا کہ انہوں نے 14 نومبر کی رات تیراکی شروع کی تھی اور 26 نومبر کی شام اس مہم کو کامیابی کے ساتھ مکمل کیا۔ اس دوران انہوں نے مہاراشٹر سے سفر شروع کرتے ہوئے گوا سے گزر کر کرناٹک تک کا راستہ طے کیا اور مجموعی طور پر 1330 کلومیٹر تیراکی کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ان کی زندگی کے مشکل ترین چیلنجوں میں سے ایک تھا۔ تیراکی کے دوران انہیں جیلی فش اور بڑی سمندری مچھلیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی مرتبہ مچھلیوں نے کاٹا بھی۔ شدید دھوپ کے باعث ان کی کمر بری طرح جھلس گئی۔ اس کے علاوہ ناقابل برداشت درد۔ تھکن اور نیند کی کمی نے مشکلات میں مزید اضافہ کیا۔ایلیوس کے مطابق یہ مہم صرف جسمانی طاقت کا امتحان نہیں تھی بلکہ ذہنی عزم اور حوصلے کی بھی آزمائش تھی۔ یہ سمندر۔ قدرت اور اپنی جسمانی حدود کے خلاف ایک مسلسل جدوجہد تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس غیر معمولی کامیابی کے لیے انہوں نے اپنی پوری طاقت جھونک دی۔اس کامیابی کو ریکارڈ میں درج کرانے کے سوال پر ایلیوس نے بتایا کہ وہ اسے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز اور لمکا بک آف ریکارڈز میں درج کرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
۔44 سال کی عمر میں اس مہم کی تیاری کرنا بھی ان کے لیے آسان نہیں تھا۔ اس مشکل چیلنج کے لیے انہوں نے اپنا وزن 18 کلوگرام کم کیا اور جسمانی طاقت بڑھانے کے ساتھ خود کو مسلسل تربیت کے ذریعے تیار کیا۔اپنی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے ایلیوس نے بتایا کہ سمندری بیماری۔ مسلسل جسمانی تھکن۔ جیلی فش اور بڑی سمندری مخلوقات سے سامنا۔ تیز سمندری لہروں اور طاقتور آبی دھاراؤں کا مقابلہ کرنا ان کے لیے بڑے چیلنج تھے۔ شدید گرمی اور مسلسل دھوپ میں تیراکی نے بھی ان کی مشکلات بڑھائیں۔ انہیں بہت کم نیند ملتی تھی اور کھانے کے لیے بھی مناسب وقت نہیں مل پاتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کئی مواقع پر حالات اتنے دشوار ہوگئے تھے کہ انہیں خود سمجھ نہیں آتا تھا کہ وہ کس طرح تیراکی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کے بقول اس سفر کی مشکلات کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں ہے۔ تاہم آسام کے لوگوں کی محبت۔ دعاؤں اور حمایت نے انہیں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا۔ایلیوس نے اپنی اس کامیابی کو آسام کے عوام کے نام کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے ہمیشہ انہیں بے پناہ محبت اور حوصلہ دیا ہے۔ ان کے مطابق یہ سفر محض 1330 کلومیٹر تیراکی یا عالمی ریکارڈ بنانے تک محدود نہیں بلکہ عزم۔ بہادری۔ قربانی اور آسام کے ساتھ ہندوستان کا نام روشن کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ جسمانی طور پر وہ بے حد تھک چکے ہیں لیکن ان کا حوصلہ اب بھی مضبوط ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ایلیوس نے بحیرہ عرب میں کسی بڑی تیراکی مہم میں حصہ لیا ہو۔ نومبر 2025 میں بھی انہوں نے ممبئی کے ساحلی علاقے میں منڈووی سے زواری برج تک 64 کلومیٹر کا فاصلہ تیراکی کرکے طے کیا تھا۔ایلیوس کے کیریئر کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ اپنے عروج کے زمانے میں انہیں ارجن ایوارڈ نہیں مل سکا تھا۔ ان کے کئی ساتھی تیراکوں کو یہ اعزاز حاصل ہوا جن کی کامیابیاں ان کے مقابلے میں کم تھیں۔ اس کے بعد انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ اپنی زندگی میں زیادہ سے زیادہ غیر معمولی کارنامے انجام دے کر تیراکی کی تاریخ میں اپنا نام درج کرائیں گے۔
ان کی عالمی سطح کی مہمات کا آغاز امریکہ میں کیٹالینا چینل عبور کرنے سے ہوا۔ اس کے بعد انہوں نے یورپ میں نارتھ چینل کو ریلے کے ذریعے عبور کیا۔2018 میں انگلش چینل عبور کرنے کی پہلی کوشش میں ناکامی کے باوجود انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔ جولائی 2023 میں انہوں نے اسی چینل میں انگلینڈ سے فرانس تک 78 کلومیٹر کا دو طرفہ ریلے تیراکی کا سفر 31 گھنٹوں میں مکمل کیا۔ اس طرح وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے آسام کے پہلے تیراک بن گئے۔اگست 2024 میں انہوں نے پولینڈ میں بحیرہ بالٹک کی خلیج آف پک میں تیراکی کرکے ایک اور اعزاز اپنے نام کیا۔ اب ان کی نظریں انٹارکٹک سمندر میں ایک اور غیر معمولی مہم مکمل کرنے پر مرکوز ہیں۔ایلیوس نے محض 9 سال کی عمر میں ہندوستان کی نمائندگی شروع کردی تھی۔ اپنے مسابقتی تیراکی کے کیریئر میں وہ اب تک 68 میڈل حاصل کرچکے ہیں جبکہ ان کے نام 23 تیراکی کے ریکارڈ بھی درج ہیں۔ ان کی تازہ ترین کامیابی نے ایک بار پھر آسام کے اس تیراک کو عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔