غیرملکی طلبہ کے لئے امریکہ نے دوبارہ ویزا شروع کیا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 19-06-2025
غیرملکی طلبہ کے لئے امریکہ نے دوبارہ ویزا شروع کیا
غیرملکی طلبہ کے لئے امریکہ نے دوبارہ ویزا شروع کیا

 



واشنگٹن: امریکہ کے محکمہ خارجہ نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ غیر ملکی طلبہ کے لیے اسٹوڈنٹ ویزا کی معطل شدہ کارروائی دوبارہ شروع کی جا رہی ہے، لیکن اب تمام درخواست گزاروں کو لازم ہوگا کہ وہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس اَن لاک (یعنی عوامی) رکھیں تاکہ سرکاری جانچ پڑتال ممکن ہو سکے۔

محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ قونصل خانے کے افسران ان پوسٹس اور پیغامات پر نگاہ رکھیں گے جنہیں امریکہ، اس کی حکومت، ثقافت، اداروں یا اس کے بانی اصولوں کے لیے معاندانہ یا دشمنی پر مبنی سمجھا جا سکتا ہے۔ بدھ کے روز جاری کیے گئے ایک نوٹس میں محکمہ نے واضح کیا کہ اس نے مئی میں جاری کردہ اسٹوڈنٹ ویزا کارروائی کو معطل کرنے والا حکم نامہ واپس لے لیا ہے، لیکن اگر نئے درخواست گزار اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو عوامی کرنے یا ان کی جانچ کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہیں تو ان کی ویزا درخواست مسترد کی جا سکتی ہے۔

محکمہ خارجہ نے کہا کہ ایسا انکار اس امر کا عندیہ ہو سکتا ہے کہ متعلقہ شخص کچھ چھپانا چاہتا ہے یا اپنی آن لائن سرگرمیوں سے بچنے کی کوشش کر رہا ہے۔ افسران کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے گزشتہ ماہ عارضی طور پر ان نئے ویزا انٹرویوز کو روک دیا تھا جو ان غیر ملکی طلبہ کے لیے مقرر تھے جو امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند تھے، تاکہ سوشل میڈیا کی نگرانی کے دائرے کو وسعت دی جا سکے۔

دنیا بھر کے طلبہ بے چینی سے انتظار کر رہے تھے کہ امریکی قونصل خانے ویزا انٹرویو کے لیے وقت دینا دوبارہ شروع کریں تاکہ وہ تعلیمی سال کے آغاز سے پہلے اپنی سفری بکنگ اور رہائش کی تیاری کر سکیں۔ بدھ کی دوپہر، ٹورنٹو میں 27 سالہ ایک چینی پی ایچ ڈی طالب علم کو اگلے ہفتے کے لیے ویزا انٹرویو کا وقت دیا گیا۔ اسے جولائی کے آخر میں شروع ہونے والے ایک تحقیقی انٹرن شپ پروگرام کے لیے امریکہ جانے کی امید ہے۔

چین، ہندوستان، میکسیکو اور فلپائن کے طلبہ سوشل میڈیا پر مسلسل اس بارے میں پوسٹ کر رہے ہیں کہ وہ ویزا بکنگ ویب سائٹس پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں اور محکمہ خارجہ کی پریس بریفنگز پر بھی قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ جان سکیں کہ انٹرویوز کے اوقات کی الاٹمنٹ کب دوبارہ شروع ہوگی۔

محکمہ خارجہ نے ویزا عمل کو دوبارہ شروع کرتے ہوئے قونصل خانوں کو ہدایت دی ہے کہ ان طلبہ کو ترجیح دی جائے جو ان اداروں میں داخلہ لینا چاہتے ہیں جہاں غیر ملکی طلبہ کی تعداد 15 فیصد سے کم ہو۔ یہ معلومات ایک امریکی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر فراہم کیں۔