امریکی شہری فوراً یوکرین سے نکل جائیں:صدر بائیڈن

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 11-02-2022
امریکی شہری فوراً یوکرین سے نکل جائیں:صدر بائیڈن
امریکی شہری فوراً یوکرین سے نکل جائیں:صدر بائیڈن

 

 

واشنگٹن :مشرقی یورپ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد صدر جو بائیڈن نے امریکی شہریوں کو فوری طور پر یوکرین سے نکل جانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ روسی حملے کی صورت میں امریکی فوجی کسی بھی امدادی مشن میں شامل نہیں ہوں گے۔

امریکی صدر نے این بی سی نیوز کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران یہ انتباہ اس وقت جاری کیا جب خدشہ ہے کہ ولادی میر پوتن جلد یوکرین پر چڑھائی کا حکم دے سکتے ہیں۔ جو بائیڈن نے کہا: ’امریکی شہریوں کو اب (یوکرین سے) نکل جانا چاہیے کیوں کہ ہم کسی دہشت گرد تنظیم سے نہیں بلکہ دنیا کی سب سے بڑی فوجوں میں سے ایک کے ساتھ نمٹ رہے ہیں۔

‘ ان مزید کہنا تھا: ’یہ ایک بہت مختلف صورت حال ہے اور چیزیں تیزی سے بگڑ سکتی ہیں۔‘ ٹی وی اینکر لیسٹر ہولٹ نے امریکی صدر سے پوچھا کہ کیا ایسی صورت حال ہو سکتی ہے جس میں وہ یوکرین سے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے امریکیوں کی مدد کے لیے فوج بھیجیں گے۔ اس پر جو بائیڈن نے کہا: ’ایسا نہیں ہے۔ امریکہ اور روس ایک دوسرے پر گولہ باری شروع کر دیں تو یہ ایک عالمی جنگ ہو گی۔

ہم پہلے سے کہیں زیادہ مختلف دنیا میں ہیں۔‘ امریکی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے مطابق یوکرین پر حملے کے 48 گھنٹوں کے اندر کیف کی سڑکوں پر روسی ٹینکوں کو دیکھا جا سکتا ہے اور ہفتوں کے اندر اندر 50 ہزار شہری ہلاک یا زخمی ہو سکتے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ نے جمعرات کو خبردار کیا کہ امریکہ ’یوکرین میں کہیں بھی روسی فوجی کارروائی کی صورت میں اپنے شہریوں کو نہیں نکال سکے گا۔‘

و بائیڈن نے ٹی وی اینکر ہولٹ کو بتایا کہ اگر ولادی میر پوتن یوکرین میں داخل ہونے کی بے وقوفی کرتے ہیں تو وہ اتنے ہوشیار ضرور ہیں کہ درحقیقت ایسا کچھ نہ کریں جس سے امریکی شہریوں پر منفی اثر پڑے۔‘ ہولٹ نے صدر سے پوچھا کہ کیا انہوں نے کبھی اپنے روسی ہم منصب کو دوبدو یہ بات بتائی ہے جس پر جو بائیڈن نے کہا: ’جی ہاں۔‘ ہولٹ نے پوچھا: ’کیا آپ نے انہیں (پوتن کو) بتایا کہ امریکی شہری ایک ایسی لکیر ہوں گے جسے وہ عبور نہیں کر سکتے؟‘ بائیڈن نے جواب دیا: ’مجھے انہیں یہ بتانے کی ضرورت نہیں تھی۔ میں نے اس کے بارے میں بات کی ہے۔ وہ یہ بات جانتے ہیں۔‘