روس کے لیے جاسوسی کے الزام میں امریکی فوجی برطانیہ میں گرفتار

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 11-11-2026
روس کے لیے جاسوسی کے الزام میں امریکی فوجی برطانیہ میں گرفتار
روس کے لیے جاسوسی کے الزام میں امریکی فوجی برطانیہ میں گرفتار

 



لندن: برطانیہ میں منگل کے روز 41 سالہ امریکی فوجی کو روس سے مبینہ جاسوسی کے تعلق کے شبہے میں گرفتار کر لیا گیا۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق یہ کارروائی برطانوی انسداد دہشت گردی پولیس نے امریکی دفاعی حکام اور ملکی تحقیقاتی اداروں کے تعاون سے انجام دی۔

لندن کی میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق گرفتار فوجی کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ اسے برطانوی دارالحکومت میں واقع ایک حراستی مرکز میں رکھا گیا ہے۔ پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ اس شخص کو 10 نومبر بروز منگل گلوسٹر کے قریب گرفتار کیا گیا۔ اس پر قومی سلامتی قانون 2023 کی دفعہ 1 اور دفعہ 3 کے تحت جرائم کے شبہے میں کارروائی کی گئی ہے۔

قومی سلامتی قانون کی دفعہ 1 خفیہ اور محفوظ معلومات کے غیر قانونی استعمال سے متعلق ہے جبکہ دفعہ 3 کسی غیر ملکی خفیہ ادارے کی معاونت کرنے کے الزامات سے تعلق رکھتی ہے۔

تحقیقات کے دوران پولیس نے گلووسٹرشائر میں دو الگ الگ رہائشی اور دیگر مقامات پر عدالتی اجازت کے تحت تلاشی کی کارروائی بھی شروع کی ہے۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات میں روسی وفاق سے متعلق جاسوسی کے الزامات زیر غور ہیں۔

نیٹو کے ایک سینئر عہدیدار نے سی این این کو بتایا کہ گرفتار امریکی فوجی گلووسٹر میں قائم اتحادی فوری ردعمل دستے سے وابستہ تھا۔ یہ ایک کثیر ملکی فوجی کمان ہے جس کی قیادت برطانیہ کے پاس ہے۔

امریکی فوج کے انسداد جاسوسی کمان کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل شان اسٹنچن نے اپنے ادارے کے بیان میں کہا کہ گرفتار فوجی کو انتہائی حساس معلومات تک رسائی حاصل تھی۔

دفاعی حکام نے سی این این کو مزید بتایا کہ گرفتار شخص امریکی فوج میں اعلیٰ افسر کے عہدے پر فائز تھا۔ اس زمرے میں میجر اور لیفٹیننٹ کرنل سے لے کر کرنل تک کے عہدے شامل ہوتے ہیں۔

امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے بھی اس کارروائی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ غیر ملکی عناصر کے ساتھ مبینہ خفیہ تعاون کے سنگین الزامات سے متعلق ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحقیقات جاری ہیں اور وہ واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ایف بی آئی ایسے کسی بھی شخص کے خلاف سخت موقف رکھتا ہے جو امریکہ سے وفاداری کا حلف توڑتا ہے اور جس کے اقدامات امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔

سی این این کی رپورٹ کے مطابق برطانوی انسداد دہشت گردی حکام اس سے پہلے بھی برطانیہ میں امریکی دفاعی تنصیبات کے قریب پیش آنے والے سکیورٹی واقعات کی تحقیقات کر چکے ہیں۔

ستمبر میں مقامی حکام نے رائل ایئر فورس فیئر فورڈ کے باہر سے پانچ افراد کو گرفتار کیا تھا۔ یہ فوجی اڈہ امریکی فوج بھی استعمال کرتی ہے۔ بعد ازاں برطانوی استغاثہ نے دو برطانوی شہریوں پر قومی سلامتی قوانین کے تحت الزامات عائد کیے تھے۔ ان پر ایرانی خفیہ اداروں سے تعلقات کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا تاہم تہران نے ان الزامات کی مسلسل تردید کی ہے۔

اسی طرح اکتوبر میں برطانوی انسداد دہشت گردی یونٹ نے دو لٹوین شہریوں کی گرفتاری کے بعد ایک دوسرے رائل ایئر فورس اڈے میں داخلے سے متعلق تحقیقات شروع کی تھیں۔ اس اڈے پر بھی امریکی فوجی اہلکار تعینات ہیں۔

تاہم میٹروپولیٹن پولیس نے واضح کیا ہے کہ امریکی فوجی کی گرفتاری سے متعلق موجودہ جاسوسی معاملے کی تحقیقات ان سابقہ واقعات سے الگ ہیں اور دونوں کے درمیان کوئی تعلق نہیں ہے۔