سمندر کی سطح میں اضافے کے خطرے سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں: انتونیو گوتریس

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 25-09-2026
سمندر کی سطح میں اضافے کے خطرے سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں: انتونیو گوتریس
سمندر کی سطح میں اضافے کے خطرے سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں: انتونیو گوتریس

 



نیویارک: اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سمندر کی سطح میں تیزی سے ہونے والے اضافے کے خطرے سے نمٹنے کے لیے عالمی کوششوں کو تیز کرنے اور فوری اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2024 میں سمندر کی سطح میں سالانہ بنیاد پر اب تک کا سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گوتریس نے یہ بات گزشتہ روز ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس میں عالمی رہنماؤں، ماہرین اور دیگر متعلقہ فریقوں نے اس وجودی خطرے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ خطرہ تشویشناک رفتار سے بڑھ رہا ہے اور اس کے نتیجے میں پہلے ہی ناقابل بیان انسانی مشکلات کے ساتھ ساتھ کھربوں ڈالر کا معاشی نقصان ہو چکا ہے۔

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے کہا کہ گرین ہاؤس گیسیں، جن کی بڑی وجہ فوسل فیول جلانا ہے، کرۂ ارض کے درجہ حرارت میں اضافہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سمندر اس اضافی حرارت کا تقریباً 90 فیصد جذب کر رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اخراج میں بنیادی اور بڑے پیمانے پر کمی نہ کی گئی تو اس صدی کے آخر تک سمندر کی سطح ایک میٹر تک بڑھ سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر موافقت اور ماحولیاتی اثرات کم کرنے کے لیے بڑے اقدامات نہیں کیے گئے تو 2100 تک ساحلی شہروں اور آبادیوں کو درپیش خطرات دس گنا تک بڑھ سکتے ہیں۔ غوتریش نے کہا، ’’جب زمین غائب ہونے لگتی ہے اور میٹھا پانی کھارے پانی میں تبدیل ہو جاتا ہے تو مقابلہ اور تنازع پیدا ہوتا ہے اور پوری پوری آبادیوں کے بے گھر ہونے کا خطرہ پیدا ہو جاتا ہے۔ یہی ماحولیاتی ناانصافی ہے: جن لوگوں کا اس بحران کو پیدا کرنے میں سب سے کم حصہ ہے، انہیں ہی اس کی سب سے بھاری قیمت چکانی پڑ رہی ہے۔‘

‘ انہوں نے اس خطرے سے نمٹنے کے لیے تین محاذوں پر فوری کارروائی کی ضرورت پر زور دیا، جن میں بحران کی بنیادی وجوہات سے نمٹنا، لوگوں کا تحفظ کرنا اور قانونی خلا کو دور کرنا شامل ہیں۔ بنیادی وجوہات سے نمٹنے کے حوالے سے غوتریش نے کہا کہ عالمی حدت کو محدود کرنے کے لیے 2035 تک عالمی اخراج میں 60 فیصد کمی ضروری ہے۔ اس کے ساتھ قابل تجدید توانائی کی صلاحیت کو تین گنا کرنا، توانائی کی کارکردگی کو دوگنا کرنا، میتھین کے اخراج میں نمایاں کمی لانا، جنگلات کی کٹائی روکنا اور اسے دوبارہ بحال کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے فوسل فیول سے تیزی سے اور منصفانہ انداز میں دور ہونے پر بھی زور دیا۔ اسی دوران اجلاس میں شریک ممالک کے اعلیٰ سطحی نمائندوں نے ’’سمندر کی سطح میں اضافے سے متعلق اقوام متحدہ کا اعلامیہ‘‘ منظور کیا۔ یہ ایک مختصر اور عملی اقدامات پر مرکوز دستاویز ہے، جس کی بنیاد چار اہم ستونوں پر رکھی گئی ہے۔ ان میں علم، اعداد و شمار اور سائنس؛ موافقت، مالی اعانت اور لچک؛ روزگار اور سماجی، اقتصادی و ثقافتی چیلنجز اور ورثہ؛ اور سمندر کی سطح میں اضافے کے قانونی پہلو شامل ہیں۔