جنیوا: اقوام متحدہ نے بدھ کے روز خبردار کیا ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی جانب سے مزید سنگین جرائم کے ارتکاب کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ نے تمام ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ ایسے جرائم کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کریں۔اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے کہا کہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے مسلسل حملے۔ پالیسیاں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں مغربی کنارے اور غزہ میں مزید سنگین جرائم کے بڑھتے ہوئے خطرے کی نشاندہی کرتی ہیں۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکومت کے اعلیٰ عہدیدار بارہا مغربی کنارے میں الحاق۔ نسلی تطہیر اور اجتماعی سزا کی پالیسیوں کا اظہار کر چکے ہیں۔وولکر ترک نے کہا کہ اسرائیلی معاشرے کے مختلف حلقوں میں نفرت انگیزی اور ایسی خلاف ورزیوں کے ارتکاب کی ترغیب انتہائی تشویش ناک ہے جو جنگی جرائم۔ انسانیت کے خلاف جرائم اور حتیٰ کہ نسل کشی کے زمرے میں آ سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کا دفتر بارہا خبردار کر چکا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کی کارروائیاں فلسطینیوں کی ایک قوم کے طور پر بقا کے لیے حقیقی خطرہ بن سکتی ہیں۔غزہ کی تقریباً 21 لاکھ آبادی کی بڑی تعداد بے گھر ہو کر خیموں اور عارضی پناہ گاہوں میں رہنے پر مجبور ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ غزہ کے 60 فیصد سے زیادہ علاقے پر کنٹرول رکھتی ہے۔وولکر ترک نے کہا کہ انہیں مغربی کنارے اور غزہ دونوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بڑھتی ہوئی وسعت اور منظم نوعیت پر شدید تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی بار بار کی وارننگز پر توجہ نہیں دی گئی اور سنگین جرائم کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ شہریوں کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے اور لاکھوں فلسطینیوں کو جبری طور پر بے گھر کیا جا چکا ہے۔ اسرائیلی حکومت کے سینئر عہدیداروں کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس بے دخلی کو مستقل بنانے کا ارادہ بھی موجود ہے۔
مغربی کنارے میں تشدد میں اضافہ
مغربی کنارہ 1967 سے اسرائیل کے قبضے میں ہے۔ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد یہاں تشدد کے واقعات میں نمایاں اضافہ ہوا۔ اسی حملے کے بعد غزہ میں جنگ شروع ہوئی تھی۔اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ نے کہا کہ تمام ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف مزید سنگین جرائم کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کریں۔
انہوں نے آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان جرائم کے ذمہ دار افراد کو جواب دہ بنایا جانا چاہیے۔ اس سلسلے میں بین الاقوامی عدالتوں کے کام کی تمام ممالک کو حمایت کرنی چاہیے۔وولکر ترک نے حماس اور دیگر فلسطینی مسلح گروہوں کو بھی بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ ان گروہوں پر لازم ہے کہ وہ شہریوں کا تحفظ کریں اور انسانی امدادی سرگرمیوں کی سلامتی کا احترام کریں۔