ہندوستان اور کیریکام کے درمیان اقوام متحدہ میں اصلاحات اور موسمیاتی تبدیلی پر تعاون پر اتفاق

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 24-09-2026
ہندوستان اور کیریکام  کے درمیان اقوام متحدہ میں اصلاحات اور موسمیاتی تبدیلی پر تعاون پر اتفاق
ہندوستان اور کیریکام کے درمیان اقوام متحدہ میں اصلاحات اور موسمیاتی تبدیلی پر تعاون پر اتفاق

 



نیویارک۔ ہندوستان اور کیریبین کمیونٹی CARICOM کے درمیان اقوام متحدہ میں اصلاحات اور موسمیاتی تبدیلی سمیت انسداد دہشت گردی اور سرحد پار جرائم سے نمٹنے کے لیے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ بات 81ویں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے موقع پر منعقدہ ہندوستان۔CARICOM وزرائے خارجہ اجلاس میں سامنے آئی۔

اجلاس کی مشترکہ صدارت ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور سورینام کے وزیر خارجہ میلون ڈبلیو جے بوا نے کی۔ یہ اجلاس نومبر 2024 میں گیانا میں وزیر اعظم نریندر مودی اور CARICOM رہنماؤں کے درمیان ہونے والی دوسری ہندوستان۔CARICOM سربراہ کانفرنس کے بعد منعقد ہوا۔

اجلاس میں بارباڈوس۔ ڈومینیکا۔ بہاماس۔ گیانا۔ جمیکا۔ سینٹ ونسنٹ اینڈ دی گریناڈائنز۔ ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو۔ سورینام۔ ہیٹی۔ سینٹ لوسیا۔ سینٹ کٹس اینڈ نیوس اور اینٹیگوا اینڈ باربوڈا کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی۔ گریناڈا کے وزیر خزانہ۔ بیلیز کی وزارت خارجہ کے چیف ایگزیکٹو اور CARICOM کی سیکریٹری جنرل کارلا نٹالی برنیٹ بھی اجلاس میں شریک ہوئیں۔

وزارت خارجہ کے مطابق دونوں جانب سے ہندوستان اور CARICOM کے درمیان تعاون میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ سیاسی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ زراعت اور غذائی تحفظ۔ ڈیجیٹل گورننس۔ موسمیاتی لچک اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔دونوں فریقوں نے عالمی سطح پر باہمی تعاون پر بھی بات کی اور اقوام متحدہ میں اصلاحات۔ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے۔ انسداد دہشت گردی اور سرحد پار جرائم کے خلاف کارروائی سمیت عالمی مسائل پر مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

اجلاس میں ایک اہم پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب CARICOM نے 2028۔29 کی مدت کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ہندوستان کی رکنیت کی امیدواری کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا۔ CARICOM کے شریک صدر نے اس فیصلے سے آگاہ کیا۔ جس پر ایس جے شنکر نے رکن ممالک کے اعتماد اور حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

ایس جے شنکر نے کہا کہ ہندوستان عالمی جنوب کی ایک مضبوط آواز کے طور پر اپنا کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کیریبین ممالک کے ساتھ ہندوستان کی ترقیاتی شراکت داری اور صحت عامہ۔ صلاحیت سازی اور قابل تجدید توانائی سمیت مختلف شعبوں میں جاری اقدامات کا بھی ذکر کیا۔انہوں نے بتایا کہ کئی کیریبین ممالک میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری منصوبوں اور فوری اثرات والے منصوبوں کو مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ بعض ممالک میں یہ منصوبے ابھی جاری ہیں۔

ہندوستان کی جانب سے صحت کے شعبے میں فراہم کی جانے والی مدد کا ذکر کرتے ہوئے جے شنکر نے کہا کہ کیریبین ممالک میں مصنوعی اعضا کی فراہمی کے لیے کیمپ لگائے گئے ہیں۔ ہیمو ڈائلیسس یونٹس فراہم کیے گئے ہیں اور بعض شراکت دار ممالک کو BHISHM Cube کے طبی یونٹس بھی دیے گئے ہیں۔

صلاحیت سازی کے حوالے سے انہوں نے CARICOM ممالک پر زور دیا کہ وہ ہندوستان کی جانب سے فراہم کردہ تربیتی مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے دلچسپی کے مختلف شعبوں میں مخصوص تربیتی پروگرام شروع کرنے کی پیشکش بھی کی۔

موسمیاتی تبدیلی اور قابل تجدید توانائی بھی اجلاس میں اہم موضوعات رہے۔ جے شنکر نے CARICOM خطے میں شمسی توانائی کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے ہندوستان کی کوششوں کا ذکر کیا اور رکن ممالک سے بین الاقوامی شمسی اتحاد اور عالمی بایوفیولز اتحاد میں شامل ہونے پر غور کرنے کی اپیل کی۔

انہوں نے اقتصادی۔ ڈیجیٹل اور نقل و حرکت کے شعبوں میں ہندوستان اور CARICOM کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

وزارت خارجہ کے مطابق CARICOM رہنماؤں نے خطے میں ہندوستان کی ترقیاتی شراکت داری اور جنوب۔جنوب تعاون کو فروغ دینے کے لیے ہندوستان کی کوششوں کو سراہا۔ اجلاس میں ہندوستان اور CARICOM کے درمیان دوطرفہ اور عالمی سطح پر تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔