شینزن۔ مغربی ایشیا اور یوکرین کے تنازعات امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ، چین کے صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے درمیان سہ فریقی مذاکرات کا اہم محور رہے۔ ان تنازعات کے پس منظر میں ٹرمپ نے اس ملاقات کو ماضی کے سفارتی طریقوں سے ایک مختلف قدم قرار دیا اور کہا کہ وہ شی جن پنگ اور پوتن کے ساتھ مل کر ایک محفوظ دنیا کی تعمیر کے لیے نئی راہیں تلاش کرنا چاہتے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ تینوں ممالک ایک مختلف راستے کا انتخاب کر رہے ہیں۔ یہ تاریخی سربراہی اجلاس کئی اہم معاملات پر نئے مواقع اور نئے طریقہ کار تلاش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس ملاقات کے ذریعے سب کے لیے بہتر اور زیادہ محفوظ مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکے گی۔
جوہری سلامتی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ۔ روس اور چین دنیا کی 3 سب سے بڑی جوہری طاقتیں ہیں اور اس حیثیت سے انہیں جوہری ہتھیاروں کی تعداد کم کرنے اور ان کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ کسی ملک کے لیے جوہری ہتھیار حاصل کرنے کے بعد انہیں ترک کرنا آسان نہیں ہوتا۔
ٹرمپ نے کہا کہ تینوں ممالک کو اپنے جوہری ہتھیاروں میں کمی کے امکانات پر غور کرنے کے ساتھ ساتھ دنیا کے دیگر ممالک میں جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بھی تعاون کرنا ہوگا۔ انہوں نے خاص طور پر ایران کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے معاملے میں امریکہ کا موقف واضح ہے اور وہ اسے جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دے گا۔
یوکرین جنگ کے حوالے سے ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ ان کی اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کی اسی روز طویل دوطرفہ ملاقات ہوئی ہے جس میں زیادہ تر گفتگو یوکرین جنگ پر مرکوز رہی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ روس اور یوکرین دونوں جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ پوتن کے ساتھ ان کی کافی دیر تک بات چیت ہوئی ہے اور انہیں محسوس ہوتا ہے کہ معاملات آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہیں امید ہے کہ دوسری جانب بھی جنگ ختم کرنے کی خواہش موجود ہوگی۔
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے بھی علاقائی تنازعات کے حل پر زور دیتے ہوئے یوکرین جنگ کا خصوصی طور پر ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ تینوں ممالک کے درمیان عالمی اور علاقائی اقتصادی تعلقات کے علاوہ غذائی تحفظ۔ توانائی کی سلامتی اور دہشت گردی کے خلاف تعاون جیسے معاملات پر بھی گفتگو ضروری ہے۔
پوتن نے کہا کہ روس۔ چین اور امریکہ کے مفادات کئی علاقائی تنازعات کے حل کے معاملے میں ایک دوسرے سے ملتے ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی دہشت گردی اور سرحد پار منظم جرائم کو موجودہ دور کے اہم چیلنجز قرار دیا۔
روسی صدر کے مطابق اگر تینوں ممالک باہمی احترام۔ مساوات اور ایک دوسرے کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے شراکت داروں کی حیثیت سے تعاون کریں تو وہ عالمی سلامتی کو مضبوط بنانے اور دنیا میں استحکام پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
اس سہ فریقی ملاقات کے دوران ٹرمپ نے قومی خودمختاری کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششوں کی بھی اپیل کی۔ انہوں نے بین الاقوامی فوجداری عدالت (ICC) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے بے قابو عالمی ادارہ قرار دیا اور الزام لگایا کہ یہ عدالت اپنے دائرہ اختیار سے بہت آگے نکل گئی ہے۔
ٹرمپ نے تجویز پیش کی کہ امریکہ۔ چین اور روس مل کر ایسے عالمی اداروں کے اثر و رسوخ کو محدود کرنے کے لیے اقدامات کرسکتے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کر رکھا ہے۔
ٹرمپ نے شینزن شہر کی گزشتہ چند دہائیوں میں ہونے والی تیز رفتار ترقی کی تعریف بھی کی اور میزبان شہر کو بے عیب قرار دیا۔ انہوں نے دونوں رہنماؤں کے ساتھ خوشگوار تعلقات کا اظہار کرتے ہوئے یوکرین جنگ سمیت اہم عالمی مسائل کے حل کی امید ظاہر کی۔
بند کمرے میں ہونے والے مذاکرات سے قبل اپنے ابتدائی خطاب کے اختتام پر ٹرمپ نے کہا کہ ان کے لیے دونوں رہنماؤں کے ساتھ موجود ہونا اعزاز کی بات ہے اور اب یہ دیکھنا ہے کہ اس ملاقات سے کون سے عملی نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔