واشنگٹن۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ جہاں چین کے صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ اہم سہ فریقی مذاکرات میں مصروف ہیں وہیں مغربی ایشیا میں کشیدگی مزید بڑھنے کے اشارے مل رہے ہیں۔ اسرائیلی نیوز ویب سائٹ ماکو نے اس معاملے سے واقف 2 ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ٹرمپ اب بھی اسرائیل کے ساتھ مل کر ایرانی حکومت کے خلاف ایک اور مشترکہ حملہ کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
ماکو کے مطابق ایک سینئر امریکی عہدیدار نے بتایا ہے کہ ایران کو کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کرنے دینے کے لیے صدر ٹرمپ کے سامنے تمام ممکنہ راستے کھلے ہیں۔
ٹرمپ اسرائیل کے موجودہ وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کے دباؤ میں بھی ہیں۔ نیتن یاہو نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف حملوں میں تیزی لائے۔ گزشتہ ہفتے اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ رومن گوفمین نے واشنگٹن کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے اعلیٰ امریکی عہدیداروں سے ملاقات کرکے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف مزید سخت کارروائیوں کی وکالت کی۔
ماکو نے رپورٹ کیا ہے کہ ٹرمپ نے ابھی تک اس سلسلے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے تاہم ایشیا کے دورے سے واپسی کے بعد اس معاملے پر گفتگو متوقع ہے۔
اس سے قبل ٹرمپ نے ایران سے متعلق جاری تنازع کو ختم کرنے کے لیے چین اور روس سے مدد لینے کے امکان کو مسترد کردیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ تہران واشنگٹن کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہے اور امریکی فوجی کارروائیوں نے ایران کی عسکری صلاحیتوں کو نمایاں طور پر کمزور کردیا ہے۔
فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکہ نے ایران کی بحریہ۔ فضائیہ اور فضائی دفاعی نظام کو شکست دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی میزائل صلاحیت بھی کافی حد تک کم ہوچکی ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ تنازع ختم کرنے کے لیے چین اور روس سے مدد لینے کا ارادہ رکھتے ہیں تو ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ کو کسی کی مدد کی ضرورت نہیں ہے۔ ان کے بقول ایران کی بحریہ اور فضائیہ کو شکست دی جاچکی ہے اور اس کا فضائی دفاعی نظام بھی تباہ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی میزائل صلاحیت اب اپنی سابقہ سطح کے مقابلے میں محض 12 سے 13 فیصد رہ گئی ہے اور ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ کسی سے مدد مانگنے کے لیے نہیں جائیں گے۔
امریکی صدر نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ واشنگٹن نے تزویراتی اعتبار سے انتہائی اہم آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول قائم کرلیا ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ ہفتے اس آبی گزرگاہ سے تاریخ کے کسی بھی دور کے مقابلے میں زیادہ تیل منتقل ہوا۔
انہوں نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ حالیہ انتخابات کے اگلے ہی روز تیل کی قیمتیں تیزی سے گر گئی تھیں۔
واشنگٹن ڈی سی میں ایران کی جانب سے ڈرٹی بم کے ممکنہ خطرے سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے کہا کہ ایسے اشارے ملے ہیں کہ جوہری ہتھیاروں کے حصول کا راستہ روکے جانے کے بعد ایران کیمیائی اور حیاتیاتی ہتھیاروں کی صلاحیتیں حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اب گیس اور حیاتیاتی ہتھیاروں کے امکانات پر غور کر رہا ہے کیونکہ امریکہ نے اس کے لیے جوہری ہتھیاروں کا راستہ بند کردیا ہے۔ ان کے مطابق جوہری ہتھیاروں کے مقابلے میں کیمیائی اور حیاتیاتی ہتھیاروں کے حصول کے امکانات پر بھی ایران کی نظر ہے۔
ٹرمپ کی روسی صدر ولادیمیر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ جاری ملاقات کے دوران ایران جنگ کا معاملہ بھی زیر بحث آنے کا امکان ہے۔ اس ملاقات میں سامنے آنے والا مشترکہ موقف مغربی ایشیا میں جاری تنازع کے مستقبل کی سمت متعین کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔