امریکا نے ایران کی 33 ویب سائٹس بند کر دیں

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
نئی جنگ
نئی جنگ

 

 

نیویارک:امریکا نے ایرانی حکومت کے زیرانتظام ذرائع ابلاغ کی 33 ویب سائٹس اور عراقی گروپ کتائب حزب اللہ کی تین ویب سائٹس ہوسٹنگ کے زمرے میں امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کی بنا پر بند کر دی ہیں۔یہ ویب سائٹس امریکی ڈومینز پر بنائی گئی تھیں اور یہ عمل ایران اور عراقی گروپ پر عائد پابندیوں کی خلاف ورزی ہے۔

 ایران کی انگریزی اور عربی زبان کی بڑی ویب سائٹس پریس ٹی وی اور العالم نیوز نیٹ ورک سمیت یمن کے حوثی ٹیلی ویژن چینل المسیرہ دیکھنے والوں کے لیے ایک صفحے پر مشتمل بیان میں کہا گیا ہے کہ ان ویب سائٹس کو’امریکی حکومت نے بند کیا ہے۔' ویب سائٹس کی بندش میں امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف بی آئی) اور محکمہ تجارت نے بھی کردار ادا کیا ہے۔

 واضح رہے کہ بند کی جانے والی 33 ویب سائٹس ایران کے اسلامی ریڈیو اور ٹیلی ویژن یونین (آئی آر ٹی وی یو)کے زیرانتظام چلائی جاتی تھیں۔ خود یہ ادارہ پاسدران انقلاب کی کور القدس فورس (آئی آر جی سی) کے زیرانتظام ہے۔

آئی آر ٹی وی یو اور آئی آر جی سی دونوں امریکی پابندیوں کی وجہ سے بلیک لسٹ میں شامل ہیں۔ ان پابندیوں کی وجہ سے امریکی شہریوں، اداروں، غیرملکی یا غیرامریکی اداروں کا ان اداروں کے ساتھ کاروبار کرنا غیر قانونی ہے۔ اس کے علاوہ ایسے ادارے جن کی ذیلی ادارے امریکہ میں ںہیں ہیں ان کا بھی ایرانی اداروں یا ان کے ذیلی اداروں کے ساتھ کاروبار غیرقانونی قرار دیا گیا ہے۔

 عراقی گروپ کتائب حزب اللہ کی تین ویب سائٹس بھی بند کی گئی ہیں۔ عراقی سخت گیر فوجی دھڑے کے تہران کے ساتھ قریبی روابط ہیں۔ واشنگٹن اس دھڑے کو باضابطہ طور پر دہشت گرد قرار دے چکا ہے۔ العالم نیوز نیٹ ورک کے اولین سرپرست ادارے اسلامی ریپبلک آف ایران براڈ کاسٹنگ (آئی آر آئی بی) نے کہا ہے کہ دوسرے ویب ڈومین جن میں فلسطینی نشریاتی ادارے فلسطین الیوم اور عربی زبان کے مذہبی اور ثقافتی ٹی وی چینل شامل ہیں، بھی امریکہ کی جانب سے قبضے میں لے لئے گئے ہیں۔

 یمن کے حوثیوں نے اپنے سیاسی ونگ کی ویب سائٹ پر امریکی اقدام کو'پائریسی اور کاپی رائٹس کے حقوق کے تحت ضبطی کی کارروائی 'قراردیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ نے المسیرہ کی ویب سائٹ کو بلاجواز حتیٰ کہ پیشگی نوٹس کے بغیر پابندی لگائی۔دوسری جانب المسیرہ نے اپنا نام استعمال کرتے ہوئے نئی ویب سائٹ قائم کر لی ہے لیکن ڈومین میں ڈاٹ نیٹ کی جگہ ڈاٹ کام کر دیا ہے۔دریںاثنا اے ایف پی کے صحافیوں نے کہا ہے کہ ر لولوہ ٹی وی اور المسیرہ نے نئے پروگرام نشر کرنے کاکام جاری رکھا ہوا ہے۔

 امریکہ محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ ایران سے جڑی بند کی جانے والی36 ویب سائٹس میں اکثر غلط معلومات پھیلانے اور پرتشدد تنظیموں کی سرگرمیوںکو فروغ دینے میں ملوث تھیں۔ ان ویب سائٹس کو امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی پر بلاک کیا گیا۔دوسری جانب بند کی گئی ویب سائٹس میں اکثر نئے نام کے ساتھ دوبارہ آن لائن آ گئی ہیں۔