بھارت اور جاپان کے درمیان اس ہفتے چوتھا 2+2 وزارتی اجلاس ہوگا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 17-11-2026
بھارت اور جاپان کے درمیان اس ہفتے چوتھا 2+2 وزارتی اجلاس ہوگا
بھارت اور جاپان کے درمیان اس ہفتے چوتھا 2+2 وزارتی اجلاس ہوگا

 



نئی دہلی: بھارت اور جاپان اس ہفتے ٹوکیو میں اپنے وزرائے خارجہ اور وزرائے دفاع کے درمیان مذاکرات (2+2) کا چوتھا دور منعقد کریں گے، جس میں دونوں ممالک دوطرفہ اسٹریٹجک اور دفاعی تعاون کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے اور آزاد و قواعد پر مبنی ہند-بحرالکاہل خطے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کریں گے۔

وزارتِ دفاع کے حکام نے منگل کے روز یہ اطلاع دی۔ حکام کے مطابق، وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر جاپان کے وزیرِ دفاع شنجیرو کوئزومی اور وزیرِ خارجہ توشی میتسو موتیگی کے ساتھ 2+2 وزارتی مذاکرات کی مشترکہ صدارت کریں گے۔

حکام نے کہا، ’’مذاکرات کے دوران دوطرفہ اسٹریٹجک اور دفاعی تعاون کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا، علاقائی اور عالمی حالات پر تبادلۂ خیال ہوگا اور ایک آزاد، کھلے، جامع اور قواعد پر مبنی ہند-بحرالکاہل خطے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔‘‘ ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ راج ناتھ سنگھ 18 اور 19 نومبر کو جاپان کے دورے کے دوران اپنے ہم منصب شنجیرو کوئزومی کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات بھی کریں گے۔ رواں سال دونوں وزرائے دفاع کے درمیان یہ تیسری ملاقات ہوگی۔

عہدیدار نے مزید کہا، ’’اگست میں نئی دہلی میں ہونے والی بات چیت اور اکتوبر میں فلپائن کے شہر سیبو میں منعقدہ آسیان وزرائے دفاع اجلاس پلس کے دوران ہونے والے مذاکرات سے پیدا ہونے والی مثبت پیش رفت کو آگے بڑھاتے ہوئے دونوں وزرا دفاعی سازوسامان اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے، بحری سلامتی، تینوں مسلح افواج کے درمیان مشترکہ فوجی مشقوں کے دائرۂ کار اور پیچیدگی میں اضافے اور صنعتی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے جیسے امور پر تبادلۂ خیال کریں گے۔‘‘