مرکے بھی چین نہ پایاتو۔۔۔قبروں سےمُردوں کے غائب ہونے کا سلسلہ جاری

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 09-01-2022
مرکے بھی چین نہ پایاتو۔۔۔قبروں سےمُردوں کے غائب ہونے کا سلسلہ جاری
مرکے بھی چین نہ پایاتو۔۔۔قبروں سےمُردوں کے غائب ہونے کا سلسلہ جاری

 

 

فیصل آباد(پاکستان):ان دنوں میں پاکستان کے فیصل آباد میں قبروں سے مردے غائب کرنے کا سلسلہ چل پڑاہے۔

اس قسم کے کئی واقعات منظرعام پرآئے ہیں۔ فیصل آباد میں زرعی زمین میں دفن شخص کی لاش قبر کھود کر نکال لی گئی۔

فیصل آباد کی سب سے بڑی تحصیل جڑانوالہ میں 7 روز قبل انتقال کرنے والے شخص کو وصیت کے مطابق زرعی زمین میں دفن کیا گیا تھا تاہم اب قبر کھود کر لاش غائب کر دی گئی۔

پولیس نے مرحوم کے رشتے داروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار بھی کر لیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

فیصل آباد میں ہی اسی قسم کا ایک دوسرا واقعہ بھی گزشتہ دنوں پیش آیا تھا۔ 7 ماہ قبل انتقال کرجانے والےایک پیر کی میت قبر سے نکال لی گئی تھی۔

پولیس کےمطابق علاقہ گڑھ فتح شاہ میں رات کے وقت مسلح افراد پیر بہادرعلی شاہ کی قبرکھودکرمیت کونکال کرساتھ لےگئے، پیربہادرشاہ کا 7 ماہ قبل انتقال ہوگیاتھا جن کی تدفین گڑھ فتح شاہ میں کرکے ان کے چھوٹے بیٹے نے مزاربھی تعمیرکیاتھا۔

پولیس نے بتایا کہ مرحوم کے دو بڑے بیٹے اوکاڑہ میں تدفین کرنا چاہتے تھے اور بھائیوں کا اس معاملے پر تنازع تھا۔ پولیس کے مطابق گزشتہ رات دونوں بڑے بھائی دیگر مسلح افراد کے ہمراہ آئے اور والد کی میت نکال کر ساتھ لے گئے، ملزمان نے مبینہ طور پر مزار کے ایک مجاور کو بھی اغوا کیا ہے۔

پولیس نے مرحوم کے چھوٹے بیٹے کی مدعیت میں اس کے دونوں سوتیلے بھائیوں سمیت 11 نامزد اور 25 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔ (ایجنسی)