پیرس: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور جی 7 کے رکن ترقی یافتہ جمہوری ممالک کے وزرائے خارجہ نے یوکرین اور روس کے خلاف اپنے دفاع میں اس کی مدد کے طریقوں پر توجہ مرکوز کر دی ہے۔ ایک طرف متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں روس، یوکرین اور امریکہ کے درمیان سہ فریقی مذاکرات شروع ہو گئے ہیں، وہیں جی 7 کے اعلیٰ سفارت کار منگل کو فرانس میں یوکرین کے وزیر خارجہ سے ملاقات کر رہے ہیں۔ یوکرین کے وزیر خارجہ آندری سیبیہا نے پیرس میں اپنے دن کا آغاز مارکو روبیو کے ساتھ ملاقات سے کیا، جس کے بعد وہ فرانسیسی وزارت خارجہ پہنچے جہاں جی 7 کے تمام رکن ممالک کے نمائندوں کے ساتھ وسیع اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں یوکرین کے لیے دفاعی اور سلامتی سے متعلق امداد پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے یوکرین کے لیے اس طرح کی امداد میں کمی کی ہے، جس پر نہ صرف کیف بلکہ پورے یورپ کے دارالحکومتوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ یورپ کے بڑے ممالک فرانس، جرمنی، اٹلی اور برطانیہ جی 7 کے رکن ہیں۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ امریکہ یا جی 7 کا کوئی رکن ملک یوکرین کے لیے نئی امداد کا اعلان کرے گا یا نہیں۔ ادھر ابوظہبی میں ٹرمپ کے خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکاف اور جیرڈ کشنر روس اور یوکرین کے حکام سے ملاقات کریں گے۔
مذاکرات کا ایک مقصد ماسکو کو وسیع تر بات چیت پر آمادہ کرنا ہے، جس میں جنگ کے خاتمے کے طریقوں پر یورپ کے اہم حکام کو بھی شامل کیا جا سکے۔ روس اور یوکرین کے درمیان تقریباً 5 سال سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے یہ کوشش اہم سمجھی جا رہی ہے۔ پیرس میں یورپی ممالک مسلسل اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ انہیں ابوظہبی مذاکرات میں شامل کیا جائے۔ تاہم دو امریکی حکام نے پیر کو بتایا کہ برطانیہ، جرمنی، فرانس، نیٹو اور یورپی یونین کے نمائندے مرکزی مذاکرات میں شامل نہیں ہوں گے۔ ان کے مطابق یہ نمائندے اس سے پہلے ممکنہ سلامتی کی ضمانتوں اور روس و یورپ کے درمیان طویل مدتی سلامتی کے ڈھانچے پر بات چیت کریں گے۔
روس مذاکرات میں یورپی ممالک کی شرکت کی مخالفت کرتا رہا ہے اور اس کا اصرار ہے کہ بات چیت روس، یوکرین اور امریکہ کے درمیان سہ فریقی فارمیٹ میں ہی ہونی چاہیے۔ ان تینوں ممالک کے درمیان آخری مذاکرات فروری میں ہوئے تھے۔ تاہم پیرس میں پیر کے روز جی 7 اجلاس کے موقع پر امریکی وزیر خارجہ روبیو سے الگ ملاقات کرنے والے جرمن وزیر خارجہ یوہان واڈےپول نے واضح الفاظ میں کہا کہ یورپ کو مذاکرات کی میز پر شامل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا، ’’میں امریکہ کا اب بھی بے حد شکر گزار ہوں کہ اس نے تنازع کے فریقوں کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہے۔ لیکن میں نے یہاں ایک بار پھر واضح کر دیا ہے کہ یورپ کو اس میز پر ہونا چاہیے۔
یورپ کے بغیر کوئی حل ممکن نہیں، بلکہ حل صرف یورپ کی شرکت سے ہی ممکن ہے۔‘‘ روبیو نے کہا کہ امریکہ کو براہِ راست مذاکرات میں یورپ کی مستقبل میں شرکت پر کوئی اعتراض نہیں ہے، لیکن ابھی اس کا وقت نہیں آیا ہے۔ انہوں نے جی 7 کے وزرائے خارجہ کے ساتھ دن بھر جاری رہنے والی اجتماعی اور دوطرفہ ملاقاتوں کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’آخرکار یہ ایک مثبت قدم ہوگا، لیکن ابھی ہمیں کافی آگے جانا ہے۔
تاہم، یہ اچھی بات ہے کہ وہ بات کر رہے ہیں اور یہ بھی اچھی بات ہے کہ سہ فریقی مذاکرات دوبارہ شروع ہو گئے ہیں۔ مذاکرات نہ ہونے کے مقابلے میں مذاکرات ہونا بہتر ہے۔‘‘ مذاکرات کے آغاز سے ایک روز قبل پیر کو روس نے ایک بار پھر یوکرین کے بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا، جبکہ یوکرینی فورسز نے روس کی ایک اور بڑی آئل ریفائنری پر حملہ کیا۔ دونوں ممالک اب بھی جنگ میں الجھے ہوئے ہیں اور فی الحال ایسے کوئی آثار نہیں ہیں کہ دونوں میں سے کوئی فریق اپنے مطالبات سے پیچھے ہٹنے کے لیے تیار ہے۔ تجزیہ کاروں اور انسانی ہمدردی کی تنظیموں کے مطابق جنگ میں اب تک لاکھوں فوجی اور ہزاروں شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔