ڈھاکہ: بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ نے عوامی بغاوت کے نتیجے میں اقتدار سے بے دخل کیے جانے کے دو سال بعد جلاوطنی سے وطن واپس آنے کے لیے پیر کو نئے پاسپورٹ کی درخواست دی ہے۔ بنگلہ دیشی حکومت مسلسل ہندوستان سے شیخ حسینہ کی حوالگی کا مطالبہ کرتی رہی ہے اور اس سے قبل ان قیاس آرائیوں کو مسترد کر چکی ہے کہ حسینہ کو وطن واپسی کے لیے شناختی دستاویزات کی ضرورت ہے۔ حسینہ نے اس ماہ ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ کسی بھی قیمت پر دسمبر میں بنگلہ دیش واپس آئیں گی۔
نئی دہلی میں واقع بنگلہ دیشی سفارتی مشن کو ای میل کے ذریعے بھیجے گئے ایک خط میں حسینہ کے وکیل نے اعلیٰ سفارت کار سے ان کے لیے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ جاری کرنے کے سلسلے میں ضروری کارروائی کرنے کی درخواست کی ہے۔ ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ نے اس خط کو دیکھا ہے۔ حسینہ کے معاون ابو عبیدہ عرین نے ’اے پی‘ سے کہا، ’’یہ ان کی وطن واپسی کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ سابق حکومت نے ان کی دستاویزات منسوخ کر دی تھیں۔ اب وہ ایک بنگلہ دیشی شہری کی حیثیت سے اپنے بنیادی حقوق دوبارہ حاصل کرنے اور ضروری دستاویزات حاصل کرنے کی امید کر رہی ہیں۔‘
‘ انہوں نے کہا، ’’وہ دسمبر تک بنگلہ دیش واپس جانے کے لیے پُرعزم ہیں اور یقیناً وطن واپس آئیں گی۔‘‘ اس معاملے پر بنگلہ دیشی حکومت کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ بنگلہ دیش کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر نے گزشتہ جمعرات کو کہا تھا کہ بنگلہ دیش چاہتا ہے کہ ہندوستان کے ساتھ موجود حوالگی معاہدے کے تحت شیخ حسینہ کو اس کے حوالے کیا جائے۔ ہندوستان نے انہیں بنگلہ دیش کے حوالے کرنے سے انکار کیا ہے۔ کبیر نے ڈھاکہ میں صحافیوں سے کہا تھا، ’’ہم چاہتے ہیں کہ حسینہ کو ہمارے حوالے کیا جائے۔ انہیں ہمارے حوالے کیا جائے گا۔ وہ دہشت گرد ہیں۔
وہ مفرور ہیں۔ بنگلہ دیش اور ہندوستان کے درمیان حوالگی کا معاہدہ نافذ ہے۔‘‘ 5 اگست 2024 کو طلبہ کی قیادت میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے نتیجے میں حسینہ کو اقتدار چھوڑنا پڑا تھا، جس کے بعد بنگلہ دیشی فوج انہیں ہندوستان لے آئی تھی۔ ایک خصوصی ٹریبونل نے 2025 میں انسانیت کے خلاف جرائم کے مقدمے میں انہیں سزائے موت سنائی تھی۔ ٹریبونل نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ حسینہ ان مظاہروں کے خلاف کارروائی کا حکم دینے کی ذمہ دار تھیں، جن میں سیکڑوں افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے تھے۔
اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اس کارروائی میں تقریباً 1,400 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ حسینہ نے اپنے خلاف عائد تمام الزامات سے انکار کیا ہے۔ انہوں نے ٹریبونل کے فیصلے کو بھی مسترد کرتے ہوئے مقدمے کی قانونی حیثیت کو چیلنج کیا ہے۔ حسینہ کے اقتدار سے ہٹنے کے بعد بنگلہ دیش میں ایک عبوری حکومت نے اقتدار سنبھالا اور رواں سال فروری میں انتخابات کرائے گئے، جن میں حسینہ کی عوامی لیگ پارٹی کو حصہ لینے کی اجازت نہیں دی گئی۔ انتخابات میں زبردست کامیابی حاصل کرنے کے بعد طارق رحمان اقتدار میں آئے۔