لندن
صادق خان دوبارہ میئر لندن منتخب ہو گئے، صادق خان نے حکومتی جماعت کے شان بیلی کو شکست دی۔
وہ ایک ایشیائی مسلمان ہیں جب کہ لندن کے ووٹروں کی اکثریت یوروپی عیسائی ہے.
صادق خان نے مجموعی طور پر 1,206,034 ووٹ حاصل کئے۔ جبکہ ان کے حریف کنزرویٹیو امیدوار شان بیلی 9,77,601 ووٹ حاصل کر سکے۔
صادق خان نے 55.2 فیصد جبکہ شان بیلی نے 44.8 فیصد ووٹ حاصل کیے۔
میئر لندن منتخب ہونے کے بعد صادق خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک امیگرینٹ کا بیٹا اور ورکنگ کلاس سے ہوں۔
صادق خان کا کہنا تھا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ مل جل کر رہیں، کورونا کو ہم سب مل کر شکست دے سکتے ہیں، وبا کے بعد کے لندن کے مستقبل کو روشن بنائیں گے۔ وعدہ ہے کہ مختلف قومیتوں کو قریب لاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنی اہلیہ سعدیہ اور خاندان کا شکر گزار ہوں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں میئر لندن صادق خان نے کہا ہے کہ شکریہ لندن، اس شہر کی خدمت میرے لیے فخر کی بات ہے، مزید تین سال اس شہر کی خدمت کرتا رہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے شہر کی بہتری کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑوں گا۔روشن مستقبل ممکن ہے، اور یہ ہم سب مل کر فراہم کریں گے۔
واضح ہوکہ خان نے ونزورتھ کونسل میں 1994 سے 2006 تک بطور کونسلر خدمات سرانجام دیں جبکہ صادق خان 2005 میں لیبر پارٹی کے ٹکٹ پر پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوئے اور پہلی مرتبہ 2016 میں لندن کے مئیر منتخب ہوئے تھے۔
Thank you London. It’s the absolute honour of my life to serve the city I love for another three years.
— Sadiq Khan (@SadiqKhan) May 8, 2021
I’ll leave no stone unturned to get our city back on its feet.
A brighter future is possible, and we’ll deliver it together. pic.twitter.com/kwA1awEten
صادق خان کے والد لندن میں بس ڈرائیور تھے۔ (ایجنسی ان پٹ)