افغانستان: 11 ستمبر کو حلف برداری

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 09-09-2021
نئی افغان حکومت کی 11 ستمبر کو حلف برداری،روسی عہدے دار شریک ہوں گے
نئی افغان حکومت کی 11 ستمبر کو حلف برداری،روسی عہدے دار شریک ہوں گے

 

 

ماسکو:

نئی افغان حکومت 11 ستمبر کو نائن الیون کے 20 سال مکمل ہونے والے روز حلف اٹھائے گی۔ طالبان کی جانب سے دو روز قبل عبوری حکومت کا اعلان کیا گیا تھا جس میں ملا محمد حسن اخوند کو افغانستان کا وزیراعظم جبکہ ملا عبدالغنی برادر اور مولوی عبدالسلام حنفی کو نائب وزرائے اعظم مقرر کیا گیا تھا۔ اب اطلاعات ہیں کہ نئی افغان کابینہ امریکا میں ورلڈ ٹریڈ ٹاور پر ہونے والے حملے کے 20 سال مکمل ہونے والے روز یعنی 11 ستمبر کو حلف اٹھائے گی۔

 تقریب میں روس کے عہدے دار شریک ہوں گے، پاکستان نے نئی افغان حکومت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا ہے کہ امید ہے کہ افغانستان میں نئے سیاسی انتظام کے تحت امن و استحکام اور سلامتی کو یقینی بنایا جائے گا۔

امریکا نے طالبان کابینہ کے بعض افراد پر خدشات کا اظہار کیا ہے، وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ طالبان حکومت میں ایسے لوگ بھی شامل ہیں، جو امریکی اداروں کو مطلوب ہیں، طالبان کو نئی حکومت کے بعض ناموں کیلئے دنیا سے قانونی حیثیت حاصل کرنی پڑے گی۔

سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل نے کہا ہے کہ سعودی عرب افغان عوام کی مدد کے لیے پُرعزم ہے، افغان عوام بغیر بیرونی مداخلت کے جو راستہ بھی منتخب کریں گے سعودی عرب اس کی حمایت کرے گا۔ (ایجنسی ان پٹ)