نئی دہلی: امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ہندوستان کا اپنا تین روزہ دورہ مکمل ہونے پر جمعرات کو کہا کہ اقتصادی شراکت داری اور توانائی کے تحفظ کے شعبے میں تعاون کو مسلسل مضبوط بنانے سے دونوں ممالک مزید مستحکم ہوتے ہیں۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے ہندوستان کی اقتصادی راجدھانی ممبئی اور گجرات کے جام نگر میں واقع ایک بڑے ریفائنری مرکز کا دورہ کیا۔
روبیو نے منگل کو ممبئی میں ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے ساتھ دو طرفہ مذاکرات بھی کیے۔ امریکی وزیر خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا، ’’خطے میں اپنی اقتصادی اور اسٹریٹجک ترجیحات کو آگے بڑھانے کے بعد ابھی ہندوستان سے روانہ ہوا ہوں۔ اپنی اقتصادی شراکت داری اور توانائی کے تحفظ کے شعبے میں تعاون کو مسلسل مضبوط بنانے سے ہمارے دونوں ممالک مزید مستحکم ہوتے ہیں۔‘
‘ انہوں نے اپنی اور ہندوستان میں امریکی سفیر سرجیو گور کی ایک تصویر بھی شیئر کی، جس کے پس منظر میں ممبئی کی مشہور عمارت ’گیٹ وے آف انڈیا‘ نظر آرہی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ 20 اکتوبر کو ممبئی پہنچے تھے۔ ان کے اس دورے کا مقصد توانائی، تجارت و سرمایہ کاری، دفاع اور اہم ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو آگے بڑھانا اور مغربی ایشیا کے بحران پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔
ہندوستان میں امریکی سفارتی مشن نے جمعرات کو جاری ایک بیان میں کہا کہ وزیر خارجہ مارکو روبیو نے 20 سے 22 اکتوبر تک ممبئی اور جام نگر کا دورہ کیا۔ بیان کے مطابق، اس دورے کا مقصد ’’امریکہ اور ہندوستان کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو آگے بڑھانا، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانا اور ایک خوش حال اور محفوظ ہند بحرالکاہل خطے کے تئیں امریکہ کے عزم کا اعادہ کرنا تھا۔‘‘ ممبئی میں روبیو نے وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے ساتھ ملاقات کی، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی کے تحفظ، دفاعی تعاون اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے 2008 کے ممبئی دہشت گردانہ حملوں کے متاثرین کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔