کٹھمنڈو: نیپال میں 26 اگست کو بھوٹے کوشی ندی میں اچانک آنے والے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں راحت اور تعمیر نو کے کاموں کے لیے شدید بارش نے نئی مشکل پیدا کر دی ہے۔ حکام نے لینڈ سلائیڈنگ، سیلاب اور ملبے کے بہاؤ کے نئے خطرات سے خبردار کیا ہے۔ نیپال کے محکمہ آب و ہوا اور موسمیات نے جمعہ سے اتوار تک ملک کے کئی حصوں میں شدید سے بہت شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
گنڈکی اور لمبینی صوبوں کے بعض علاقوں میں انتہائی شدید بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ قومی قدرتی آفات کے خطرے میں کمی اور انتظامی اتھارٹی، موسم اور سیلاب کی پیش گوئی کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر دریاؤں میں پانی کی سطح اور قدرتی آفات کے خطرات پر مسلسل نظر رکھ رہی ہے۔ 26 اگست کو اچانک آنے والے سیلاب نے شمالی اور وسطی نیپال کے کئی قصبوں اور دیہات کو تباہ کر دیا تھا۔ ہمالیائی سرحدی علاقے سے جنوب کی طرف بہنے والی بھوٹے کوشی ندی کا سیلابی پانی اپنے ساتھ بڑے پیمانے پر ملبہ لے آیا، جس سے مکانات، گاڑیاں، سڑکیں اور پل بہہ گئے جبکہ پن بجلی کے منصوبوں کو بھی بھاری نقصان پہنچا۔
اس قدرتی آفت میں 1,450 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ تقریباً 5,600 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ موجودہ بارش 26 اگست کو آنے والے سیلاب جتنی شدید نہیں ہے، تاہم حکام اور موسمی ماہرین نے نئے خطرات سے خبردار کیا ہے۔ ان میں لینڈ سلائیڈنگ، سیلاب، ملبے کا بہاؤ اور سڑکوں سمیت دیگر بنیادی ڈھانچے کو مزید نقصان پہنچنے کے خدشات شامل ہیں۔ حالیہ بارشوں کے باعث کم از کم دو ایسے اضلاع میں دوبارہ لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے جو اگست میں آنے والی قدرتی آفت سے بری طرح متاثر ہوئے تھے۔ پولیس کے مطابق دھادِنگ ضلع میں پرتھوی راج مارگ پر سات مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے، جس کے باعث کرشن بھیَر اور ٹِگرَنگ کھولا کے قریب سڑک مکمل طور پر بند ہوگئی ہے۔
’دی کٹھمنڈو پوسٹ‘ کی رپورٹ کے مطابق پڑوسی ضلع چِتوان میں مسلسل بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور مزید ایسے واقعات کے خطرے کے پیش نظر پرتھوی راج مارگ اور نارائن گڑھ-مگلِن سڑک کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ موسم کی تازہ صورت حال کے پیش نظر حکام نے بعض اہم شاہراہوں پر سفر پر پابندیاں عائد کر دی ہیں اور دیگر احتیاطی اقدامات بھی کیے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق نیپال کے وزیر اعظم بالیندر شاہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ شدید بارش کے دوران محتاط رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دریاؤں اور نالوں کے قریب خطرناک علاقوں سے دور رہیں۔