شہزادہ ولیم کا ہندوستان کے 10 ہزار وائلڈ لائف رینجرز کے لیے 5 سالہ حادثاتی بیمہ پروگرام

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 20-11-2026
شہزادہ ولیم کا ہندوستان کے 10 ہزار وائلڈ لائف رینجرز کے لیے 5 سالہ حادثاتی بیمہ پروگرام
شہزادہ ولیم کا ہندوستان کے 10 ہزار وائلڈ لائف رینجرز کے لیے 5 سالہ حادثاتی بیمہ پروگرام

 



لندن:برطانیہ کے شہزادہ ولیم نے ہندوستان کی 7 ریاستوں میں کام کرنے والے 10 ہزار عارضی وائلڈ لائف رینجرز کے لیے 5 سالہ خصوصی حادثاتی بیمہ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ پر مامور اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کو دورانِ ملازمت پیش آنے والے حادثات اور خطرات سے مالی تحفظ فراہم کرنا ہے۔

یہ پروگرام شہزادہ ولیم کے تحفظِ فطرت کے اقدام ’یونائیٹڈ فار وائلڈ لائف‘ کے تحت شروع کیا گیا ہے۔ اس میں ویلیو ارتھ کنزرویشن۔ ڈبلیو ڈبلیو ایف انڈیا۔ وائلڈ لائف ٹرسٹ آف انڈیا (WTI) اور انٹرنیشنل بگ کیٹ الائنس (IBCA) شراکت دار ہیں۔

پروگرام کے آغاز کے موقع پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں شہزادہ ولیم نے ہندوستان کی جنگلی حیات کے تحفظ کے میدان میں کامیابیوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے بیشتر جنگلی ٹائیگرز۔ ایشیائی ہاتھیوں کی نصف سے زیادہ آبادی اور ایک سینگ والے گینڈوں کی اکثریت ہندوستان میں پائی جاتی ہے۔ تاہم ان کے تحفظ پر مامور عارضی ملازمین کو اب تک ملازمت کے دوران حادثات سے متعلق یقینی بیمہ تحفظ حاصل نہیں تھا۔

شہزادہ ولیم نے کہا کہ ہندوستان کے وائلڈ لائف رینجرز دن رات جنگلی حیات کے تحفظ کی اگلی صف میں کھڑے ہیں۔ وہ دور دراز جنگلات میں گشت کرتے ہیں۔ سخت حالات کا سامنا کرتے ہیں اور آنے والی نسلوں کے لیے قدرتی ماحول کی حفاظت کی خاطر اپنی جان خطرے میں ڈالتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان اہلکاروں کی کوششوں کی بدولت صرف ایک دہائی سے کچھ زیادہ عرصے میں جنگلی ٹائیگرز کی تعداد تقریباً دوگنی ہو گئی ہے جبکہ دنیا بھر میں ایک سینگ والے گینڈوں کی آبادی 4 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

شہزادہ ولیم نے کہا کہ یہ کامیابیاں وائلڈ لائف رینجرز کے بغیر ممکن نہیں تھیں۔ تاہم ان کا کام خطرات سے بھرا ہے اور انہیں ذاتی طور پر بڑی قربانیاں دینی پڑتی ہیں۔ ہندوستان میں ہزاروں رینجرز عارضی معاہدوں پر کام کرتے ہیں اور انہیں حادثاتی بیمے کا کوئی یقینی تحفظ حاصل نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ پہلی مرتبہ ہندوستان کی 7 ریاستوں میں 10 ہزار رینجرز کو کام پر جاتے وقت حادثاتی بیمے کا تحفظ حاصل ہوگا۔

شہزادہ ولیم نے افریقی ممالک میں رینجرز کی فلاح و بہبود کے لیے شروع کیے گئے اسی نوعیت کے پروگراموں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تحفظِ فطرت کے لیے کام کرنے والے افراد کی مدد سے ان کے خاندانوں اور پوری برادریوں کو فائدہ پہنچتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قدرتی ماحول کے محافظوں کی حفاظت میرے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے۔ افریقہ میں ایسے پروگراموں کے ذریعے ہم نے خود دیکھا ہے کہ یہ مدد نہ صرف رینجرز بلکہ ان کے خاندانوں اور برادریوں کے لیے کس قدر اہم ثابت ہوتی ہے۔ اب ہندوستان میں بھی اس پروگرام کو وسعت دی جا رہی ہے۔

شہزادہ ولیم نے کہا کہ جب میں نے یونائیٹڈ فار وائلڈ لائف کی بنیاد رکھی تھی تو میرا مقصد ان لوگوں کی مدد کرنا تھا جو تحفظِ فطرت کی اگلی صف میں کام کرتے ہیں۔ ہر شخص کو یہ اعتماد ہونا چاہیے کہ وہ اپنے اس اہم کام کو انجام دیتے ہوئے جانتا ہو کہ اگر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آتا ہے تو اس کے خاندان کو مدد فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے ہندوستان کے وائلڈ لائف رینجرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کے غیر معمولی قدرتی خزانوں کو آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

ارتھ شاٹ پرائز 2026 میں شرکت کے لیے ہندوستان کا دورہ

اس سے قبل شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے ارتھ شاٹ پرائز 2026 کی چھٹی سالانہ تقریب میں شرکت کے لیے ہندوستان کا دورہ مکمل کیا۔ اس عالمی ماحولیاتی ایوارڈ کی تقریب پہلی مرتبہ ہندوستان میں منعقد ہوئی۔

شہزادہ ولیم اور شہزادی کیتھرین نے بدھ کے روز نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔

وزیر اعظم مودی نے ارتھ شاٹ پرائز کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے اختراعی حل کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے میں ہندوستان کی صلاحیتوں اور تخلیقی ذہانت کو بھی نمایاں کر رہا ہے۔وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ شہزادہ اور شہزادی آف ویلز سے ملاقات خوشی کا باعث رہی۔ انہوں نے دنیا بھر میں موسمیاتی مسائل کے جدید حل کو فروغ دینے اور عالمی ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے میں ہندوستانی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ارتھ شاٹ پرائز کی کوششوں کو سراہا۔

ملاقات کے بعد وزیر اعظم مودی نے ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی امید بھی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ جامع اقتصادی اور تجارتی معاہدے (CETA) کے نفاذ کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مشترکہ خوشحالی کے لیے کام کرنے کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔

یہ ملاقات شہزادہ ولیم اور شہزادی کیتھرین کے ہندوستان کے 3 روزہ دورے کا آخری اہم پروگرام تھی۔