پیو ریسرچ: 2035 تک اسلام دنیا کا سب سے بڑا مذہب بن سکتا ہے

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 19-11-2026
پیو ریسرچ: 2035 تک اسلام دنیا کا سب سے بڑا مذہب بن سکتا ہے
پیو ریسرچ: 2035 تک اسلام دنیا کا سب سے بڑا مذہب بن سکتا ہے

 



 نئی دہلی : پیو ریسرچ سینٹر کے مطابق اسلام 2035 تک عیسائیت کو پیچھے چھوڑ کردنیا کا سب سے بڑا مذہب بن سکتا ہے۔  رپورٹ کے مطابق 2020 سے 2070 کے درمیان عیسائیت اور اسلام دونوں کے ماننے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ متوقع ہے۔

تحقیقی ادارے نے منگل کے روز جاری کردہ ایک رپورٹ میں مسلمانوں کی آبادی میں متوقع اضافے کا جائزہ لیا ہے۔ رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ آنے والی چند دہائیوں میں عیسائیوں اور مسلمانوں دونوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ تاہم مسلمانوں کی آبادی میں اضافے کی رفتار عیسائیوں کے مقابلے میں زیادہ تیز ہوگی۔

اس تحقیق میں 201 ممالک اور خطوں کا جائزہ لیا گیا ہے جو دنیا کی مجموعی آبادی کا 99.98 فیصد حصہ ہیں۔ اس میں 2020 سے 2070 کے درمیان 7 مذہبی گروہوں اور مذہبی وابستگیوں یعنی مسلمان۔ عیسائی۔ یہودی۔ ہندو۔ بدھ مت کے پیروکار اور دیگر مذہبی و غیر مذہبی گروہوں کی جغرافیائی تقسیم اور مستقبل میں ہونے والی تبدیلیوں کا تجزیہ کیا گیا ہے۔

یہ نتائج پیو ٹیملٹن گلوبل ریلیجس فیوچرز پروجیکٹ کا حصہ ہیں جس کا مقصد مذہبی تبدیلیوں اور دنیا پر ان کے اثرات کا جائزہ لینا ہے۔

ادارے نے واضح کیا ہے کہ اس تحقیق کے نتائج کو دنیا میں ہونے والی تمام ممکنہ تبدیلیوں کی حتمی پیش گوئی نہیں سمجھنا چاہیے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ مستقبل میں کئی ایسے واقعات پیش آسکتے ہیں جو لوگوں کی مذہبی وابستگی کو متاثر کریں۔ ان میں سماجی و معاشی حالات۔ قدرتی آفات اور جنگیں شامل ہیں۔

بچوں کی زیادہ پیدائش

رپورٹ کے مطابق مسلمانوں میں بچوں کی پیدائش کی شرح دنیا کے دیگر بڑے مذہبی گروہوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔ پیو ریسرچ کے نزدیک یہی ان اہم عوامل میں سے ایک ہے جس کی وجہ سے مسلمان دنیا کا سب سے تیزی سے بڑھنے والا مذہبی گروہ بن رہے ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ مسلم خواتین میں شرح پیدائش اوسطاً 3.1 بچے فی خاتون ہے۔ جبکہ دوسرے نمبر پر عیسائی خواتین ہیں جن میں یہ شرح 2.5 بچے فی خاتون ہے۔

عام طور پر کسی نسل کی آبادی کو برقرار رکھنے کے لیے فی خاتون تقریباً 2.1 بچوں کی پیدائش کی شرح ضروری سمجھی جاتی ہے۔

پیو ریسرچ کے مطابق دونوں مذہبی گروہوں کی آبادی میں اضافہ دنیا کی مجموعی آبادی میں اضافے کی رفتار کے ساتھ جاری رہنے کا امکان ہے۔

قدرتی آبادیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں مسلمانوں کی آبادی میں 1.6 ارب تک اضافہ ہوسکتا ہے۔ جبکہ عیسائیوں کی آبادی میں یہ اضافہ 792 ملین تک متوقع ہے۔

مذہب چھوڑنے والوں کی تعداد

رپورٹ کے مطابق اسلام چھوڑنے والوں اور دیگر مذاہب اختیار کرنے والوں کے مقابلے میں مسلمانوں کی مجموعی تعداد میں کمی عیسائیوں کے مقابلے میں بہت کم ہوگی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پیش گوئی کی مدت کے دوران اسلام قبول کرنے والوں اور اسلام چھوڑنے والوں کی تعداد کے درمیان فرق کے نتیجے میں مسلمانوں کی آبادی میں 80 لاکھ کی کمی متوقع ہے۔ اس کے برعکس عیسائیوں کی آبادی میں مذہب چھوڑنے اور اختیار کرنے کے فرق کے باعث 10 کروڑ 50 لاکھ کی خالص کمی کا امکان ہے۔

عیسائیت چھوڑنے والے افراد ممکن ہے بعد میں کسی دوسرے مذہب سے وابستگی اختیار نہ کریں اور ملحد یا لاادری بن جائیں۔

تاہم تحقیق میں واضح کیا گیا ہے کہ اسلام کی متوقع آبادیاتی ترقی کی بنیادی وجہ عیسائیوں کا اسلام قبول کرنا نہیں ہے۔ اسلام قبول کرنے والے عیسائیوں کی متوقع تعداد کے مقابلے میں عیسائیت اختیار کرنے والے مسلمانوں کی تعداد معمولی زیادہ ہوگی۔

مختلف ممالک میں آبادی کا منظرنامہ

پیو ریسرچ کے مطابق 2020 سے 2070 کے درمیان دنیا کی مسلم آبادی میں زیادہ تر اضافہ انہی علاقوں میں ہوگا جہاں مسلمان پہلے ہی اکثریت میں ہیں۔

رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ 2070 تک مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے خطے میں مسلمان آبادی کا 95 فیصد حصہ ہوں گے۔ اسی دوران ایشیا پیسیفک خطے میں مسلمانوں کی تعداد ان افراد سے زیادہ ہوجائے گی جو خود کو کسی مذہب سے وابستہ نہیں سمجھتے۔

2020 میں 53 ممالک میں مسلمان سب سے بڑا مذہبی گروہ تھے۔ اندازہ ہے کہ 2070 تک ان ممالک میں مزید 1.2 ارب مسلمان آباد ہوں گے۔ یہ تعداد دنیا کی مسلم آبادی میں متوقع مجموعی اضافے کا 74 فیصد ہوگی۔

مثال کے طور پر پاکستان کی مسلم آبادی 2020 میں 22 کروڑ 70 لاکھ تھی جو 2070 تک بڑھ کر 46 کروڑ 10 لاکھ ہونے کا امکان ہے۔ پیو ریسرچ کے مطابق اس طرح پاکستان مسلمانوں کی آبادی کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا ملک بن جائے گا اور انڈونیشیا کو پیچھے چھوڑ دے گا۔

دوسری جانب عیسائی آبادی میں اضافے کا بڑا حصہ ان 120 ممالک میں متوقع ہے جہاں 2020 میں عیسائی پہلے ہی اکثریت میں تھے۔مجموعی طور پر ان ممالک میں عیسائی آبادی میں 63 کروڑ کا اضافہ متوقع ہے جو دنیا بھر میں عیسائی آبادی کے مجموعی اضافے کا 92 فیصد ہوگا۔