پاناما لیکس : نیا 'پٹارا 'کھلنے سے قبل سنسنی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 03-10-2021
فائل فوٹو
فائل فوٹو

 

 

آواز دی وائس :دنیا میں سنسنی ہے۔ ایک بار پھر پناما پیپرز کا پٹارا کھل رہا ہے۔ جس کے لیے 117 ممالک کے 600 سے زائد رپورٹرز 11.9 ملین یعنی تقریبا سوا کروڑ سے زائد دستاویزات کے خفیہ میں چھپی ہوئی اہم کہانیوں کو بے نقاب کرنے کے لیے خفیہ طور پر کام کر رہے ہیں۔

ان دستاویزات کا پٹارا کھلنے والا ہے۔ پاناما لیکس سے بڑے پینڈورا پیپرز‘ آج جاری ہوں گے۔در اصل پاکستان کی ایک صحافی کا دعوی ہے کہ اس بار بڑے دھماکے ہونگے، پاکستان میں پینڈورا پیپرز پر تحقیق میں شامل صحافی عمر چیمہ کے مطابق اس مرتبہ کہیں زیادہ پاکستانی نام سامنے آئیں گے۔

سال 2016 میں ’پاناما پیپرز‘ سے دنیا کو ہلا دینے والی تحقیقاتی صحافیوں کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل کنسورشیم آف انوسٹی گیٹیو جرنلٹس (آئی سی آئی جے) نے اعلان کیا ہے کہ وہ ’پینڈورا پیپرز‘ کے نام سے ایک اور تحقیق ریلیز کرنے جا رہی ہے جس میں پاکستان سمیت کئی ممالک کی اہم شخصیات کے مالیاتی راز فاش ہوں گے۔

آئی سی آئی جے نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ وہ تین اکتوبر (آج) کو عالمی مالیاتی رازداری، ٹیکس چوری اور آف شور کمپنیوں پر اپنی ’اب تک کی سب سے بڑی‘ رپورٹ جاری کرنے والی ہے۔تنظیم کے مطابق اس پراجیکٹ پر 177 ممالک سے 150 میڈیا اداروں کے 600 صحافیوں نے کام کیا ہے، جنہوں نے ایک کروڑ 19 لاکھ لیک شدہ دستاویزات سے مالیاتی خوردبرد کی خبریں ڈھونڈ نکالیں۔

 یہ پاناما پیپرز کے ایک کروڑ 15 لاکھ لیک شدہ دستاویزات سے زیادہ ہیں، جن کی 2016 میں اشاعت سے دنیا بھر میں مالیاتی کرپشن، ٹیکس چوری اور دیگر مالی جرائم سے پردہ اٹھا تھا۔ پاناما پیپرز میں پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے اہل خانہ کے مالیاتی امور بھی شامل تھے۔ اس رپورٹ کے نتیجے میں ہونے والی تحقیقات کے بعد وہ سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قرار دیے گئے۔ کہا جا رہا ہے کہ پینڈورا پیپرز میں کئی اہم پاکستانی شخصیات کے نام اور مالیاتی امور پر تحقیق شامل ہے۔

سینییئر تحقیقاتی صحافی عمر چیمہ نے اس حوالے سے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور جنگ گروپ کے فخر درانی اس تحقیق میں شامل تھے، جو جلد سب کے سامنے ہوگی۔نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گذشتہ رات بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاناما پیپرز کے مقابلے میں پینڈورا پیپز میں زیادہ پاکستانیوں کے نام ہیں۔

ان کے بقول: ’وہ نام کافی دلچسپ ہیں، مگر آپ کو مزید 24 گنٹھے انتظار کرنا ہوگا۔  یہ پیپرز آج شام پاکستانی وقت رات ساڑھے نو بجے ریلیز ہوں گے۔عمر چیمہ نے کہا آئی سی آئی جے کے صحافی ان دستاویزات پر دو سال سے کام کر رہے ہیں۔ پیڈورا پیپرز گذشتہ رات سے ہی پاکستان میں سوشل میڈیا پر ٹریںڈ کر رہے ہیں جن پر عوام سمیت صحافیوں کے تجزیے بھی جاری ہیں۔