پاکستان : افغانستان اور ایران سے سبزیاں منگوائے گا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 31-08-2022
پاکستان : افغانستان اور ایران سے سبزیاں منگوائے گا
پاکستان : افغانستان اور ایران سے سبزیاں منگوائے گا

 

 

اسلام آباد: پاکستان میں سیلاب کے باعث سبزیوں کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے کے بعد حکومت کی جانب سے انڈیا سے سبزیاں درآمد کرنے کے متوقع فیصلے اور وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے بیان کے بعد بظاہر یہ تاثر مل رہا تھا کہ حکومتی اتحادی جماعتیں باہمی اتفاق رائے سے کوئی فیصلہ کریں گی۔ لیکن فی الحال اس حوالے سے اتحادی جماعتیں انڈیا سے تجارتی روابط بحال کرنے کے حوالے سے بظاہر تقسیم نظر آ رہی ہیں۔

دفتر خارجہ میں اقوام متحدہ کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے سیلاب متاثرین کے لیے ہنگامی امداد کی اپیل لانچ کرنے کے موقع پر منعقدہ تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’ملک بھر میں 72 اضلاع کو آفت زدہ قرار دیا گیا ہے۔ دو ملین ایکڑ فصلیں تباہ ہوئیں ہیں۔ لاکھوں مکان تباہ ہوگئے ہیں۔ پورے کا پورا سندھ پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ ’انڈیا کے ساتھ تجارت کے حوالے سے ہم نے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا۔‘ دوسری جانب وزارت تجارت نے ایران اور افغانستان سے پیاز اور ٹماٹر درآمد کرنے کی سمری تیار کر لی گئی ہے۔ وفاقی وزیر برائے تجارت نوید قمر کی زیرصدارت نیشنل فوڈ سکیورٹی کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں پیاز اور ٹماٹر کی دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔

وزارت غذائی تحفظ کی جانب سے سبزیاں درآمد کرنے کی تجویز کی روشنی میں پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیر تجارت نوید قمر کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ فی الحال ایران اور افغانستان سے پیاز اور ٹماٹر درآمد کیے جائیں گے جبکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے ’اس وقت پوری توجہ ریسکیو اور ریلف پر مرکوز ہے۔ زراعت معیشت اور انڈیا کے ساتھ تجارت کے حوالے سے بعد میں سوچیں گے۔

حکام وزارت غذائی تحفظ کے مطابق اجلاس میں ایران اور افغانستان سے پیاز اور ٹماٹر درآمد کرنے کی سمری تیار کرلی گئی۔ سمری منظوری کے لیے فوری طور پر اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا