پاکستان : فضائی کمپنیوں نے اچانک پروازیں منسوخ کردیں

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 03-07-2021
 اچانک پروازیں منسوخ
اچانک پروازیں منسوخ

 

 

اسلام آباد:گزشتہ ہفتے پاکستان کے لیے فضائی کمپنیوں نے اپنا آپریشن محدود کرتے ہوئے اچانک پروازیں منسوخ کردیں جس سے مسافروں کی ایک بڑی تعداد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ایئرلائنز کی جانب سے اچانک پروازوں کی منسوخی کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے غیر ملکی ایئر لائنز کی جانب سے پروازیں منسوخ کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے ان ایئرلائنز کو مسافروں کے مسائل 8 جولائی تک حل کرنے کی مہلت دی ہے۔ ۰

سول ایوی ایشن کے حکام کے مطابق غیر ملکی فضائی کمپنیوں نے پاکستان کے لیے اچانک 80 فیصد پروازیں منسوخ کر دی تھیں جس کی وجہ سے ہزاروں مسافروں کو پاکستان آمد اور بیرون ملک سفر کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ غیر ملکی ائیرلائنز قطر ایئر ویز، ترکش ایئر لائن، امارات ایئر لائن، اتحاد ایئر ویز اور فلائی دبئی نے پاکستان کے لیے اپنی پروازوں کو منسوخ کر دیا تھا۔۔

 پروازیں منسوخ کیوں ہوئیں؟

دراصل ملکی فضائی کمپنیوں کی جانب سے پروازیں اس وقت منسوخ کی گئی جب این سی او سی نے بیرون ملک سے آنے والی 80 فیصد پروازوں پر پابندی نہیں اٹھائی۔‘ بابر حسین کے مطابق ‘یہ توقع کی جارہی تھی کہ یکم جولائی سے پاکستان بیرون ملک سے آنے والی 80 فیصد پروازوں پر جاری پابندی کو ختم کر دے گا اور فضائی آپریشن مکمل طور پر بحال کر دیا جائے گا۔

’اس توقع کی بنیاد پر غیر ملکی فضائی کمپنیوں نے سسٹم میں 100 فیصد پروازیں لگادی اور بکنگ کا آغاز بھی کر دیا لیکن این سی او سی نے برطانیہ کینیڈا اور یورپ سے آنے والی پروازوں کو 40 فیصد تک اضافہ کرنے کی ہی اجازت دی۔ خیال رہے کہ 5 مئی 2021 سے پاکستان نے بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کو 20 فیصد تک محدود کر دیا تھا تاہم 25 جون کو برطانیہ کینیڈا اور یورپ سے آنی والی براہ راست پروازوں کو 40 فیصد تک بڑھانے کی اجازت دے دی گئی تھی۔

 پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز نے اس صورتحال میں پاکستانیوں کو بیرون ملک سے واپس لانے کے لیے پروازوں میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔