کوئٹہ : پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں سکیورٹی اہلکاروں پر جبری گمشدگیوں کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق 2 کم عمر لڑکوں سمیت 3 افراد کو پاکستانی سکیورٹی اہلکاروں نے مبینہ طور پر حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ دوسری جانب مختلف ادوار میں لاپتہ ہونے والے 7 افراد گھروں کو واپس لوٹ آئے ہیں۔ یہ تفصیلات ’دی بلوچستان پوسٹ‘ کی رپورٹ میں سامنے آئی ہیں۔
پورٹ کے مطابق جبری گمشدگی کے تازہ واقعات کوئٹہ اور ضلع کیچ میں پیش آئے جہاں سکیورٹی اہلکاروں نے الگ الگ کارروائیوں کے دوران 3 نوجوانوں کو مبینہ طور پر حراست میں لیا۔کوئٹہ میں 27 نومبر کی رات تقریباً 1 بجے کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی) کے اہلکاروں نے کلی قمبرانی میں ایک گھر پر چھاپہ مار کر 15 سالہ لڑکے کو مبینہ طور پر حراست میں لے لیا۔ بعد ازاں اسے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
ایک دوسرے واقعے میں 25 نومبر کی شام تقریباً 6 بجے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے اہلکاروں نے تربت کے علاقے آبسر میں واقع بلوچ بازار سے ایک 15 سالہ لڑکے کو مبینہ طور پر حراست میں لیا۔ اس کے دو روز بعد 27 نومبر کو دوپہر تقریباً 1 بجے ایف سی اہلکاروں نے اسی علاقے میں ایک گھر سے 18 سالہ گاجیان کو بھی مبینہ طور پر اٹھا لیا۔ گاجیان کالج میں سیکنڈ ایئر کا طالب علم ہے۔ ان تینوں افراد کے بارے میں تاحال کوئی اطلاع نہیں مل سکی ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے 5 اضلاع سے تعلق رکھنے والے 7 ایسے افراد بھی گھروں کو واپس پہنچ گئے ہیں جو مختلف اوقات میں لاپتہ ہو گئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق مستونگ کے ندیم بلوچ۔ تربت کے مسخان اور پنجگور کے عابد ارمان 23 سے 26 نومبر کے درمیان اپنے گھروں کو واپس لوٹے۔پنجگور کے ایک اور رہائشی عمر کو بھی 27 نومبر کو رہا کر دیا گیا۔ وہ یکم نومبر سے لاپتہ تھے۔اسی طرح بہزاد دلاوری کو 19 نومبر کو تربت میں رہا کیا گیا۔ وہ مبینہ طور پر 21 نومبر 2024 سے لاپتہ تھے اور تقریباً 2 سال حراست میں رہے۔ سبی کے ظاہر بلوچ کو 13 نومبر کو رہائی ملی جبکہ نوشکی کے خالد بھی 26 نومبر کو گھر واپس پہنچ گئے۔ وہ مبینہ طور پر 5 روز قبل لاپتہ ہوئے تھے۔
’دی بلوچستان پوسٹ‘ کے مطابق سیاسی جماعتوں۔ انسانی حقوق کی تنظیموں اور لاپتہ افراد کے اہل خانہ کی جانب سے پاکستانی سکیورٹی اداروں پر مسلسل غیر قانونی حراستوں اور جبری گمشدگیوں کے الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں۔ ان حلقوں نے ان واقعات کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے احتساب کا مطالبہ بھی کیا ہے۔