پاکستان : ممنوعہ تنظیم کا مارچ جاری۔5 پولیس والے ہلاک

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 28-10-2021
پاکستان : ممنوعہ تنظیم کا مارچ جاری۔5 پولیس والے ہلاک
پاکستان : ممنوعہ تنظیم کا مارچ جاری۔5 پولیس والے ہلاک

 

 

اسلام آباد : پاکستان میں اب ایک نیا کہرام برپا ہے ۔اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے والے کالعدم تنظیم کے کارکنوں نے ’کامونکی جی ٹی روڈ‘ پر پڑاؤ ڈال رکھا ہے، مارچ کو روکنے کے لیے راولپنڈی میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، حکومت نے2 ماہ کے لیے پنجاب میں رینجرز کو بلا لیا ہے، رکاوٹوں کے باعث شہری شدید پریشان ہیں۔

راولپنڈی اور اسلام آباد کو ملانےوالی مرکزی شاہراہیں سیل کر دی گئیں، جس کے بعد متبادل راستوں پر شدید ٹریفک جام ہو گیا ہے۔

 رکاوٹوں کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، راولپنڈی میں صدر سے فیض آباد تک میٹرو سروس معطل ہے۔

فیض آباد انٹر چینج سے مریڑ چوک صدر تک مری روڈ دونوں اطراف کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے، چاندنی چوک سے فیض آباد تک مری روڈ سیل کر دیا گیا ہے۔

 جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی ہونے کے باعث شہریوں کو ہی نہیں طلباء و طالبات کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

جڑواں شہروں میں نوکری پیشہ اور دیہاڑی دار مزدور پریشانی کا شکار ہو گئے، راستوں کی بندش کی وجہ سے مسافر پیدل سفر کرنے پر مجبور ہیں جبکہ مریضوں کا اسپتال جانا مشکل ہو گیا ہے۔ واضح رہےکہ حکومت نے کالعدم تنظیم سے عسکریت پسند تنظیم کی طرح نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے اور پنجاب بھر میں دو ماہ کے لیے رینجرز بھی تعینات کردی گئی ہے۔

- کالعدم تحریک لبیک کے احتجاج میں گزشتہ روز مزید تین پولیس اہلکارہلاک  ہوگئے جب کہ احتجاج کے دوران تشدد سے بہت سے پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ 

احتجاج کے آغاز سے اب تک 5 پولیس اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں اور مظاہرین کی طرف سے پولیس کی گاڑیاں بھی جلائی گئی ہیں۔