پاکستان :ویکسین نہیں تو تنخواہ نہیں

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 13-06-2021
سرکاری ملازمین پر عتاب
سرکاری ملازمین پر عتاب

 

 

اسلام آباد:پاکستان نے کورونا کی روک تھام کے سلسلے میں ایک بڑا اور سخت قدم اٹھا لیا ہے۔اب کورونا ویکسین لگوانے سے انکار پر سرکاری ملازمین کی معطلی اور تنخواہیں روکے جانے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ڈی پی او بنوں کےمطابق کورونا ویکسین لگوانے سے انکار پر 6 لیڈی پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا جب کہ معطل لیڈی کانسٹیبل کی تنخواہیں بھی روکنےکا حکم دیا گیا ہے۔

ایس ایس پی قمبر شہدادکوٹ کے مطابق کورونا سے بچاؤکی ویکسین نہ لگوانے والوں کی تنخواہیں حکومت سندھ کے فیصلے کے تحت روکی گئی ہیں جن اہلکاروں کی تنخواہیں روکی گئیں ان میں 37 انسپکٹر، 33 سب انسپکٹر، 27 اے ایس آئی، 68 ہیڈ کانسٹیبل، 506 کانسٹیبل اور دفتری عملہ شامل ہے۔

ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ویکسین لگوانے پر اہلکاروں کی تنخواہیں جاری کردی جائیں گی۔ واضح رہےکہ پاکستان کے سندھ حکومت اور این سی او سی نے سرکاری و نجی ملازمین کےلیے کورونا ویکسی نیشن کو لازمی قرار دیا ہے جب کہ وزیراعلیٰ سندھ نے ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں روکنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔