پاکستان:عدالت کا 16 ملزمان کو فوج کے حوالے کرنے کا حکم

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 25-05-2023
پاکستان:عدالت کا 16 ملزمان کو فوج کے حوالے کرنے کا حکم
پاکستان:عدالت کا 16 ملزمان کو فوج کے حوالے کرنے کا حکم

 

 لاہور : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ملٹری کمانڈنگ آفیسر لاہور عرفان اطہر کی جانب سے جناح ہاؤس حملے میں ملوث 16 ملزمان کو حراست میں دیے جانے کی استدعا منظور کر لی ہے۔

عدالت استدعا منظور کرتے ہوئے سابق ایم پی اے میاں اکرم عثمان سمیت 16 ملزمان کو کمانڈنگ آفیسر کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی انسداد دہشت گردی کی ایک عدالت نے کور کمانڈر ہاؤس پر حملے میں مبینہ طور پر ملوث 16 ملزمان کو فوجی عدالت میں ٹرائل کے لیے فوج کے حوالے کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس حوالے سے انسداد دہشت گردی کی ایڈمنسٹریٹر جج عبہر گل خان نے جمعرات کو اپنا تحریری حکم جاری کیا۔

کمانڈنگ آفیسر نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ملزمان آفیشنل سیکرٹ ایکٹ اور ملٹری رولز کے تحت قصور وار پائے گئے ہیں انہیں سی آر پی سی سیکشن 549 کے تحت حوالے کیا جائے۔ ان کے مطابق ملزمان کے خلاف آرمی ایکٹ 1952 کے تحت ٹرائل ہوسکتا ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ سپرٹینڈنٹ کیمپ جیل 16 ملزمان کو مزید کارروائی کے لیے کمانڈنگ آفیسر کے حوالے کرنے کے انتظامات کرے۔

اس کے مطابق ’فوج کے کمانڈنگ افسر عرفان اطہر نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ لاہور کی کیمپ جیل میں بند 16 ملزمان کو جو کہ کور کمانڈر ہاؤس پر حملے سمیت دو مقدمات میں گرفتار ہیں کو فوج کے حوالے کیا جائے۔‘ استدعا میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ افراد آفیشل سیکرٹ ایکٹ 1923 اور پاکستان آرمی ایکٹ 1952 کی کئی دفعات کے تحت فوج کے ملزم ہیں۔

عدالت نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ ’پنجاب حکومت کے پراسیکیوٹر نے اس درخواست کی مخالفت نہیں کی بلکہ پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ نے عدالت کو مناسب حکم جاری کرنے کی استدعا بھی کی ہے۔‘ ’فوج کے کمانڈنگ افسر کی درخواست اور پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے یہ کہا جانا کہ ان 16 افراد کا ٹرائل خصوصی طور پر فوجی عدالت میں ہونا چاہیے عدالت ان ملزمان کی حوالگی فوج کے حوالے کرنے کی منظوری دیتی ہے۔

‘ سپرنٹنڈنٹ کیمپ جیل کو انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج نے اپنے تحریری فیصلے میں ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ’وہ ان ملزمان کو فوج کے حوالے کرے۔‘ جن 16 ملزمان کی حوالگی فوج کے حوالے کرنے کا حکم دیا گیا ہے ان میں تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے میاں اکرم عثمان، عامر زوہیب، علی افتخار، علی رضا اور محمد ارسلان شامل ہیں۔

ان کے علاوہ محمد عمیر، محمد رحیم، ضیاالرحمان، وقاص علی، رئیس احمد، فیصل ارشد، محمد بلال حسین، فہیم حیدر، ارزم جنید، محمد حاشر خان اور حسن شاکر کی حوالگی کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ سابق ایم پی اے میاں اکرم عثمان پاکستان تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید کے داماد ہیں۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے فوج نے اپنے کمانڈنگ افسر کے ذریعے انسداد دہشت گردی کی عدالت کو ایک تحریری درخواست دی تھی۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ ان ملزمان کے خلاف فوجی تنصیبات پر حملے کا الزام دوران تفتیش ثابت ہو چکا ہے اس لیے انہیں قانون کے مطابق فوج کے حوالے کیا جائے۔