پاکستان: پولیس پر حملے دہشت گردی کے آغاز کا اشارہ : شیخ رشید

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
پاکستان: پولیس پر حملے دہشت گردی کے آغاز کا اشارہ : شیخ رشید
پاکستان: پولیس پر حملے دہشت گردی کے آغاز کا اشارہ : شیخ رشید

 


اسلام آباد: پاکستان میں ایک بار پھر دہشت گردی کا سایہ پڑ رہا ہے۔ دہشت گردوں نے ایک دن میں دارالحکومت اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں پولیس اہلکاروں اور ٹرین کو نشانہ بنایا ہے۔ اسلام آباد میں دہشت گردوں کے حملے میں ایک پولیس اہلکار جان سے گیا جبکہ دو زخمی ہو گئے۔اب وزیر داخلہ شیخ رشید کہہ رہے ہیں کہ یہ دہشت گردی کی آہٹ ہے۔

 اسلام آباد پولیس کے مطابق یہ مستقل پولیس ناکہ تھا، جہاں تعینات چار اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی۔ تاہم جائے وقوعہ کے قریب جی ایٹ مرکز کے رہائشی صادق جان کا کہنا تھا کہ عام طور پر یہاں کوئی پولیس ناکہ نہیں ہوتا۔ ’شاید انہوں نے چیکنگ وغیرہ کے لیے عارضی ناکہ لگا رکھا تھا۔‘

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں حملہ خالصتاً دہشت گردی ہے اور یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ یہاں پر بھی دہشت گردی کے واقعات شروع ہو گئے۔ انہوں نے منگل کو اسلام آباد میں کراچی کمپنی کے قریب جائے وقوعہ کے دورے کے موقعے پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں بہت الرٹ رہنے کی ضرورت ہے۔ ’پولیس نے قربانی دے کر ثابت کردیا کہ اسلام آباد پولیس، سول آرمڈ فورسز پاکستان کی حفاظت کے لیے جان کا نظرانہ پیش کررہے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ حکام ملزمان تک پہنچ گئے ہیں۔ دونوں دہشت گردوں کی لوکیشن اور سلیپنگ سیلز کو تلاش کرلیا ہے۔ اسلام آباد پولیس الرٹ ہے۔ پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 2022 میں دہشت گردی کا پہلا واقعہ ہے۔ سکیورٹی امور کے ماہر اور تجزیہ کار عامر رانا کہتے ہیں کہ یہ بڑھتے ہوئے خطرے کی نشانی ہے۔ ’تحریک طالبان پاکستان نے مختلف شہروں کے اندر حملوں اور دائرہ کار کو بڑھا دیا ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ تحریک طالبان نے اسلام آباد میں گذشتہ سال بھی حملے کیے تھے۔ دو سالوں کے دوران تین چار حملے ہوئے ہیں۔ تاہم حالیہ حملہ خاص طور پر اسلام آباد کے وسطی علاقے میں ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل جو حملے ہوئے وہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے مضافات میں ہوتے رہے ہیں۔ یہ ان کے عزائم کو ظاہر کرتا ہے۔عامر رانا نے کہا کہ ’وقت آگیا ہے کہ حکومت جو بات چیت کے آپشن کو استعمال کرنا چاہ رہی ہے اس کو چھوڑ کر ریاست کی رٹ کو قائم کرنے کی کوشش کرے۔‘ یاد رہے کہ حکومت پاکستان نے ٹی ٹی پی سے مذاکرات کرنے شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم بعد میں اسے ختم کردیا گیا۔

اس جس کی تصدیق پاکستان فوج کے ترجمان نے ایک بریفنگ کے دوران کی۔ اس حوالے سے تحریک طالبان پاکستان نے بھی مذاکرات کے خاتمے اور حکومت کے خلاف حملوں کا اعلان کیا تھا