پاکستان :انسانی حقوق کے وکلا ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ دوبارہ گرفتار

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 21-09-2026
پاکستان میں انسانی حقوق کے وکلا ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ دوبارہ گرفتار۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی مذمت
پاکستان میں انسانی حقوق کے وکلا ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ دوبارہ گرفتار۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی مذمت

 



اسلام آباد: پاکستان میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی وکلا ایمان مزاری۔ حازر اور ہادی علی چٹھہ کو سپریم کورٹ کی جانب سے ضمانت دینے اور سزائیں معطل کرنے کے چند گھنٹوں بعد دوبارہ گرفتار کیے جانے پر ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مذمت کی ہے۔ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق تنظیم کے ڈپٹی ریجنل ڈائریکٹر برائے جنوبی ایشیا بابو رام پنت نے کہا کہ دونوں وکلا کی دوبارہ گرفتاری اس تاثر کو ختم کرتی ہے کہ ان کے خلاف عائد الزامات انسانی حقوق کے لیے ان کی سرگرمیوں کو سزا دینے کی سیاسی کوشش کے علاوہ کچھ اور ہیں۔

پنت نے کہا کہ یہ معاملہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ حکام تنقیدی آوازوں کے خلاف قانونی نظام کو مبینہ طور پر استعمال کرنے پر آمادہ ہیں۔ انہوں نے پرامن احتجاج میں شرکت سے متعلق وکلا کے خلاف عائد تازہ الزامات کو بلاجواز قرار دیا۔ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق پنت نے کہا کہ پاکستانی حکام کو ایمان اور ہادی کو نشانہ بنانے کے لیے نظام انصاف کے غلط استعمال کو روکنا چاہیے۔ انہوں نے دونوں کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ان کی حراست کو طول دینے کے لیے مزید مقدمات قائم نہیں کیے جانے چاہئیں۔

رپورٹ کے مطابق ایمان مزاری۔ حازر اور ہادی علی چٹھہ کو 17 ستمبر کو پاکستان کی سپریم کورٹ نے ضمانت دی اور ان کی سزائیں معطل کر دیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق اس سے قبل دونوں تقریباً 8 ماہ تک من مانے طور پر حراست میں رہے تھے۔دونوں وکلا کو 23 جنوری کو گرفتار کیا گیا تھا اور اگلے ہی روز انہیں پاکستان کے انسداد الیکٹرانک جرائم ایکٹ کی دفعات 9۔ 10 اور 26 اے کے تحت 10 سے 17 سال تک قید کی سزائیں سنائی گئی تھیں۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق یہ سزائیں حکام پر تنقید کرنے والی سوشل میڈیا پوسٹس سے متعلق تھیں۔ ان پر جرم کی ستائش۔ سائبر دہشت گردی اور جھوٹی یا جعلی معلومات پھیلانے سمیت مختلف الزامات عائد کیے گئے تھے۔تاہم سپریم کورٹ کے فیصلے کے فوری بعد دونوں وکلا کو رہا نہیں کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق 17 ستمبر کو رات تقریباً 9 بج کر 30 منٹ پر جب ان کی رہائی کے کاغذات مکمل کیے جا رہے تھے تو ایمان مزاری۔ حازر اور ہادی علی چٹھہ کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے اندر پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔ بعد ازاں انہیں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج کے سامنے پیش کیا گیا جہاں انہیں 14 روز کے لیے اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دیا گیا۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق دونوں وکلا کے خلاف نیا مقدمہ 22 مارچ 2025 کو درج کیا گیا تھا۔رپورٹ کے مطابق ان پر احتجاج کے دوران ’’حکومت مخالف نعرے‘‘ لگانے اور مبینہ طور پر ’’سڑکیں بند کرنے‘‘ کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ ان کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 188۔ 341۔ 506۔ 353 اور 186 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ان دفعات میں قانونی حکم کی نافرمانی۔ ناجائز طور پر کسی کو روکنا۔ مجرمانہ دھمکی اور سرکاری ملازمین کے فرائض میں رکاوٹ ڈالنے یا ان کے خلاف طاقت کے استعمال جیسے الزامات شامل ہیں۔

ان دونوں وکلا پر پاکستان کے انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 کے تحت بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا کہ ایمان مزاری۔ حازر اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف تازہ کارروائی کو ان کی حراست میں توسیع کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔پنت نے کہا کہ دونوں وکلا کو اپنے دوستوں اور اہل خانہ سے ملاقات کرنے کی اجازت دی جانی چاہیے اور انہیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا شکار افراد کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنا کام جاری رکھنے کا موقع ملنا چاہیے۔