مناسک حج کا آغاز، 10 لاکھ مسلمان کریں گے فریضہ ادا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 07-07-2022
مناسک حج کا آغاز، 10 لاکھ مسلمان کریں گے فریضہ ادا
مناسک حج کا آغاز، 10 لاکھ مسلمان کریں گے فریضہ ادا

 

 

مکہ : دنیا بھر سے آئے ہوئے دس لاکھ مسلمانوں نے سال 2022 کےحج کے مناسک کا آغاز کر دیا ہے۔ عرب نیوز کے مطابق لاکھوں زائرین نے مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کا طواف کیا اور ان میں سے بہت سوں نے سورج کی تپش سے بچنے کے لیے چھاتے تھام رکھے ہیں۔

مکہ مکرمہ میں درجہ حرات 42 سینٹی گریڈ کی حد تک پہنچ گیا ہے۔ آج (جمعرات کو) کو زائرین منیٰ میں واقع خیموں کے شہر کا رخ کریں گے جو مسجد الحرام سے لگ بھگ پانچ کلومیٹر فاصلے پر جبل عرفات کے سامنے واقع ہے۔ یہ وہ مقام ہے جہاں پیغمبر اسلام نے آخری خطبہ دیا تھا۔

سعودی عرب کی حکومت نے زائرین حج کی صحت اور سکیورٹی کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کر رہی ہے۔ زائرین کی سہولت کے لیے میں سعودی عرب کی وزارت صحت نے مکہ اور مدینہ میں 23 ہسپتال اور 147 طبی مراکز قائم کیے ہیں۔ علاوہ ازیں منیٰ میں بھی 26 طبی مراکز خدمات کے لیے تیار ہیں جہاں انتہائی نگہداشت کے لیے 100 بستر جبکہ ہیٹ ویو سے متاثر ہونے والوں کے لیے 200 بستر موجود ہیں جبکہ حجاج کی دیکھ بھال کے لیے وہاں طبی عملے کے 25 ہزار افراد موجود ہیں۔

العربیہ چینل کے مطابق منی کے خیمے فائر پروف مواد سے تیار کردہ ہیں۔ یہ اے سی کے جدید ترین سسٹم سے آراستہ ہیں۔ حج 1443ھ کے لیے کل 8 ذی الحجہ 1443ھ مطابق 7 جولائی 2022 کو زائرین منی پہنچیں گے۔ جہاں وہ ظہر، عصر، مغرب اور عشا کی نمازیں ادا کریں گے۔ حجاج کرام 9 ذی الحجہ کو فجر ادا کرکے میدان عرفات کے لیے روانہ ہوں گے۔ وہاں وہ حج کا رکن اعظم وقوف ادا کریں گے۔ حاجی حضرات 10، 11 ، 12 اور 13 ذی الحجہ کو بھی منی میں رہیں گے۔ بیشتر حاجی 12 ذی الحجہ کو منی سے نکل جائیں گے ایک تہائی کے لگ بھگ باقی ماندہ حاجی 13 ذی الحجہ کو منی سے رخصت ہوں گے۔