ٹرمپ کے حامی 25 فیصد جنوبی ایشیائی ووٹر ڈیموکریٹس کی حمایت کریں گے

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 27-10-2026
ٹرمپ کے حامی 25 فیصد جنوبی ایشیائی ووٹر ڈیموکریٹس کی حمایت کریں گے
ٹرمپ کے حامی 25 فیصد جنوبی ایشیائی ووٹر ڈیموکریٹس کی حمایت کریں گے

 



نئی دہلی: امریکہ میں 2024 کے صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کو ووٹ دینے والے کم از کم 25 فیصد جنوبی ایشیائی نژاد امریکی ووٹر 3 نومبر کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدواروں کی حمایت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ایک سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے۔ حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم ’انڈین امریکن امپیکٹ‘ کی جانب سے کرائے گئے اس سروے میں مہنگائی اور روزمرہ اخراجات کو وسط مدتی انتخابات کا سب سے اہم مسئلہ قرار دیا گیا ہے۔ سروے میں شامل 65 فیصد افراد نے زندگی گزارنے کی بڑھتی ہوئی لاگت، 53 فیصد نے صحت کی سہولتوں، 33 فیصد نے روزگار اور تنخواہوں، جبکہ 28 فیصد نے تعلیم کو اہم انتخابی مسائل بتایا۔

اس سروے میں جنوبی ایشیائی نژاد امریکہ کے 800 رجسٹرڈ ووٹروں کو شامل کیا گیا۔ ان میں 87 فیصد ہندوستانی نژاد امریکی تھے، جبکہ باقی 13 فیصد کا تعلق پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال، بھوٹان، مالدیپ، افغانستان اور میانمار کے علاوہ کمبوڈیا کی خمیر برادری سے تھا۔ سروے کے مطابق 2024 کے صدارتی انتخابات میں کملا ہیرس کو ووٹ دینے والے 96 فیصد افراد آئندہ انتخابات میں ڈیموکریٹک امیدواروں کی حمایت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

دوسری جانب، 2024 میں ٹرمپ کو ووٹ دینے والے جنوبی ایشیائی نژاد امریکیوں میں سے 67 فیصد اب بھی ریپبلکن پارٹی کی حمایت کر رہے ہیں، لیکن 25 فیصد نے کہا کہ وہ آئندہ انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دیں گے۔ یہ رجحان ظاہر کرتا ہے کہ ٹرمپ کے بعض سابق حامیوں کی سیاسی ترجیحات تبدیل ہو رہی ہیں۔ سروے کے نتائج ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ٹیکساس سمیت امریکہ کی کئی ریاستوں میں وسط مدتی انتخابات کے لیے قبل از وقت ووٹنگ شروع ہوچکی ہے۔

ٹیکساس میں ڈیموکریٹک امیدوار جیمز ٹالاریکو کا مقابلہ ٹرمپ کے حمایت یافتہ ریپبلکن امیدوار کین پیکسٹن سے ہے۔ دونوں امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ ہندوستانی نژاد امریکی شہری 21 سالہ وسنت بھٹ نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ انہوں نے جیمز ٹالاریکو کو ووٹ دیا ہے۔ بھٹ 2024 کے انتخابی دور میں ریپبلکن رہنما اور سینیٹر ٹیڈ کروز کی انتخابی مہم میں بطور انٹرن کام کرچکے ہیں۔ ان کا ڈیموکریٹک امیدوار کو ووٹ دینا جنوبی ایشیائی نژاد امریکی ووٹروں کے بدلتے ہوئے سیاسی رجحانات کی ایک مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔