نئی دہلی :جمعہ 13 نومبر 2026 کو بعض حلقوں میں ایک ایسی پیش گوئی کے حوالے سے یاد کیا جا رہا ہے جو تقریباً 66 سال قبل سامنے آئی تھی۔ آسٹریا میں پیدا ہونے والے امریکی سائنس دان پروفیسر ہائنز وون فورسٹر اور یونیورسٹی آف الینوائے میں ان کے دو ساتھیوں نے 1960 میں معروف سائنسی جریدے ’سائنس‘ میں ایک مقالہ شائع کیا تھا۔ اس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 13 نومبر 2026 انسانی تاریخ کا ایک غیر معمولی دن ہوگا اور اس روز دنیا کی آبادی ایک ایسے مقام پر پہنچ جائے گی جہاں انسانی نسل کا وجود برقرار رکھنا ممکن نہیں رہے گا۔
وون فورسٹر کی پیش گوئی میں قیامت کا تصور مذہبی معنوں میں نہیں تھا بلکہ اس کی بنیاد دنیا کی بڑھتی ہوئی آبادی تھی۔ ان کے حساب کے مطابق آبادی میں اضافے کا سلسلہ جاری رہا تو بالآخر انسانوں کی تعداد لامحدود ہو جائے گی۔ انہوں نے اس صورت حال کو ایک ایسے منظرنامے سے تعبیر کیا تھا جس میں انسانوں کی نسلیں ایک دوسرے کے دباؤ میں کچلی جائیں گی۔
اس نتیجے تک پہنچنے کے لیے وون فورسٹر نے ایک ریاضیاتی مساوات تیار کی اور اسے گزشتہ دو ہزار برس کے انسانی آبادی کے اعداد و شمار پر لاگو کیا۔ اس حساب سے 13 نومبر 2026 کی تاریخ سامنے آئی جو اتفاق سے ان کی 115ویں سالگرہ بھی تھی۔
تاہم اس مقالے کا اصل مقصد دنیا کے خاتمے کی پیش گوئی کرنا نہیں بلکہ انسانی آبادی میں تیزی سے اضافے کے ممکنہ خطرات کی طرف توجہ دلانا تھا۔ یہ خیال بھی نیا نہیں تھا۔ اس کی جڑیں 18ویں صدی کے معروف ماہر معاشیات تھامس مالتھس کی تحریر ’این ایسے آن دی پرنسپل آف پاپولیشن‘ میں ملتی ہیں۔ مالتھس نے بھی آبادی میں اضافے اور دستیاب وسائل کے درمیان بڑھتے ہوئے فرق پر تشویش ظاہر کی تھی۔ البتہ وون فورسٹر کے تجزیے میں شرح پیدائش پر بڑے پیمانے پر قابو پانے کا تصور ایک اہم حل کے طور پر سامنے آیا۔

آبادی میں اضافے کے خدشات اور ان کے نتائج
وون فورسٹر کے علاوہ بھی کئی ماہرین نے مستقبل میں آبادی کے بے قابو اضافے کو انسانی بقا کے لیے خطرہ قرار دیا تھا۔ 1968 میں امریکی ماہر حیاتیات اور ماحولیات پال ایرلچ نے اپنی مشہور کتاب ’دی پاپولیشن بم‘ شائع کی۔ اس میں انہوں نے دنیا میں بڑے پیمانے پر قحط اور غذائی بحران پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔
اس کے چار سال بعد ’دی لمٹس ٹو گروتھ‘ کے عنوان سے ایک رپورٹ سامنے آئی۔ یہ رپورٹ کمپیوٹر پر تیار کیے گئے ایک ماڈل پر مبنی تھی۔ اس میں خبردار کیا گیا تھا کہ آبادی میں مسلسل اضافہ اور قدرتی وسائل کا بے دریغ استعمال بالآخر دنیا کے معاشی اور ماحولیاتی نظام کو تباہ کر سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2020 کی دہائی تک اس کے سنگین نتائج سامنے آنے کا امکان تھا۔
بعد کے حالات نے ان پیش گوئیوں کو درست ثابت نہیں کیا۔ تاہم اس دوران آبادی پر قابو پانے کے نام پر دنیا کے مختلف حصوں میں ایسے اقدامات کیے گئے جن کے انسانی اور سماجی اثرات بھی مرتب ہوئے۔
سال 1970 کی دہائی میں کئی بین الاقوامی اداروں نے شرح پیدائش کم کرنے کے پروگراموں کو فروغ دیا۔ بعض مقامات پر غذائی امداد کو خاندانی منصوبہ بندی کی شرائط سے جوڑا گیا۔ جنوبی ایشیا میں جبری نس بندی کی مہمات چلائی گئیں جبکہ چین نے ایک بچے کی پالیسی نافذ کی جو 2015 تک جاری رہی۔
وقت گزرنے کے ساتھ ان میں سے کئی پالیسیوں کو ترک یا تبدیل کرنا پڑا۔ اس کے باوجود دنیا کے متعدد ممالک میں آبادی کے بڑھتے ہوئے بجائے کم ہوتے رجحان نے نئی تشویش پیدا کر دی ہے۔ 2021 میں دنیا میں 15 سال سے کم عمر بچوں کی تعداد اپنی بلند ترین سطح پر پہنچی تھی۔ دوسری جانب کئی ممالک اب عمر رسیدہ افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد اور کم ہوتی شرح پیدائش کے مسائل سے دوچار ہیں۔
جاپان، ہنگری، ترکی اور چین جیسے ممالک اب شادی شدہ جوڑوں کو زیادہ بچے پیدا کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں۔ یہ صورت حال 1960 اور 1970 کی دہائی کے ان خدشات سے بالکل مختلف ہے جب آبادی میں اضافے کو دنیا کا سب سے بڑا خطرہ سمجھا جا رہا تھا۔
وون فورسٹر کی پیش گوئی سے ملنے والے پانچ اہم سبق
بعض ماہرین وون فورسٹر کے مقالے کو ماضی کی ایک دلچسپ سائنسی پیش گوئی سمجھ کر نظر انداز کر سکتے ہیں۔ لیکن اس تحقیق کا جائزہ لینے سے سائنس اور مستقبل کے بارے میں پیش گوئیاں کرنے کے طریقہ کار سے متعلق کئی اہم سوالات سامنے آتے ہیں۔آبادی میں اضافے کے حوالے سے کی گئی غلط پیش گوئیاں آج کے دور میں موسمیاتی تبدیلی، مصنوعی ذہانت، جوہری جنگ اور دیگر عالمی خطرات سے متعلق سائنسی اندازوں کو سمجھنے میں بھی مدد دے سکتی ہیں۔
گزشتہ مہینے شائع ہونے والی ایک اہم رپورٹ میں دنیا کو درپیش 17 بڑے خطرات کی نشاندہی کی گئی تھی۔ ان میں جوہری جنگ اور مصنوعی ذہانت کے خطرناک استعمال کو ایسے ممکنہ خطرات میں شامل کیا گیا جن کے نتیجے میں نسل انسانی کی تباہی کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔ رپورٹ میں سال 2100 تک ان خطرات کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا گیا تھا۔
ایسے میں وون فورسٹر کی تحقیق سے پانچ اہم سبق حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

پہلا سبق: سائنس اور نظریاتی وابستگی میں فرق ضروری ہے۔
سائنس کا بنیادی مقصد حقائق اور شواہد کی روشنی میں کسی معاملے کو سمجھنا اور بحث کے لیے معلومات فراہم کرنا ہے۔ اس کے برعکس نظریاتی وابستگی رکھنے والے افراد اکثر اپنے موقف کو درست ثابت کرنے کے لیے دلائل تلاش کرتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے بدترین ممکنہ صورت حال کو پیش کرنا ایک عام طریقہ ہے۔ دنیا کے خاتمے جیسی پیش گوئیاں اسی طرز فکر کی انتہا ہیں۔ کسی سنگین خطرے کی نشاندہی اپنی جگہ اہم ہے لیکن اسے ثابت شدہ حقیقت کے طور پر پیش کرنا سائنسی دیانت داری کے منافی ہے۔
دوسرا سبق: مبالغہ آرائی سائنس پر اعتماد کو نقصان پہنچاتی ہے۔
عوام کی توجہ حاصل کرنے کے لیے سائنسی نتائج کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنا ایک کمزور طرز عمل ہے۔ اس سے وقتی طور پر سنسنی تو پیدا ہو سکتی ہے لیکن طویل مدت میں سائنس دانوں اور سائنسی اداروں پر لوگوں کا اعتماد کم ہو جاتا ہے۔ جب عوام کو محسوس ہوتا ہے کہ ماہرین اپنے نتائج میں مبالغہ آرائی کر رہے ہیں تو وہ ان کی دیگر درست باتوں پر بھی شک کرنے لگتے ہیں۔
تیسرا سبق: کسی بھی سائنسی ماڈل کے نتائج اس کی تیاری کے طریقے سے متاثر ہوتے ہیں۔
وون فورسٹر کی ریاضیاتی مساوات اس بات کی مثال ہے کہ کسی ماڈل کی تیاری میں اختیار کیے گئے مفروضے اور طریقہ کار اس کے نتائج کو کس طرح متاثر کر سکتے ہیں۔ انہوں نے آبادی میں اضافے کے سابقہ اعداد و شمار کو ایک مخصوص مساوات کے ذریعے مستقبل پر لاگو کیا اور ایک خاص تاریخ تک پہنچ گئے۔ پیچیدہ نظاموں کے بارے میں تیار کیے جانے والے دوسرے ماڈل بھی اس اصول سے مستثنیٰ نہیں ہیں۔ اس لیے کسی پیش گوئی کو قبول کرنے سے پہلے اس کے بنیادی مفروضوں اور حساب کے طریقہ کار کا جائزہ لینا ضروری ہے۔
چوتھا سبق: سائنس کے نام پر اختلاف رائے کو دبانا درست نہیں۔
جب کسی نظریے کو سائنسی حقیقت قرار دے کر پیش کیا جاتا ہے تو بعض اوقات اس پر سوال اٹھانے والوں کو غیر سنجیدہ یا حقیقت سے انکار کرنے والا سمجھ لیا جاتا ہے۔ آبادی میں اضافے سے متعلق پیش گوئیوں کے معاملے میں بھی ایسا ہی ہوا۔ اس وقت ان خدشات کو تقریباً ناقابل تردید سمجھا جاتا تھا اور اختلاف کرنے والوں پر تباہی کے خطرے کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا جاتا تھا۔ حالانکہ سائنس کی ترقی کے لیے سوالات، تنقید اور اختلاف رائے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
پانچواں سبق: مخالف شواہد کو نظر انداز کرنا بڑی غلطی ہے۔
وون فورسٹر اور آبادی میں اضافے سے خوف زدہ دیگر ماہرین ایک اہم حقیقت کو اپنی پیش گوئیوں میں مناسب جگہ نہیں دے سکے۔ وہ یہ تھی کہ جیسے جیسے معاشرے خوش حال، صحت مند اور تعلیم یافتہ ہوتے ہیں ویسے ویسے خاندانوں میں بچوں کی تعداد کم ہونے لگتی ہے۔ کئی معاشروں میں شرح پیدائش میں کمی کی رفتار شرح اموات میں کمی سے بھی زیادہ ہو گئی۔
آبادی کے اس بدلتے ہوئے رجحان کو ’آبادیاتی تبدیلی‘ کہا جاتا ہے۔ یہ عمل 1960 تک دنیا کے کئی حصوں میں شروع ہو چکا تھا۔ اس کے نتیجے میں آبادی میں بے قابو اضافے کے خدشات کی بنیاد کمزور پڑ گئی۔ اس تجربے سے یہ سبق ملتا ہے کہ آبادی کے مسائل کا حل صرف پیدائش پر پابندیاں لگانا نہیں بلکہ تعلیم، صحت اور معاشی ترقی کو فروغ دینا بھی ہے۔
قیامت کی پیش گوئیاں اور سائنس دانوں کے لیے غور و فکر کا موقع
13 نومبر 2026 بھی دنیا کے لیے کسی غیر معمولی تباہی کے بغیر گزر جائے گا۔ لیکن انسانی تاریخ میں دنیا کے خاتمے یا کسی بڑی تباہی کی پیش گوئیاں ہمیشہ ہوتی رہی ہیں۔ ماضی میں یہ کردار مذہبی پیش گوئی کرنے والے اور نجومی ادا کرتے تھے جبکہ آج بعض اوقات سائنس دان بھی اسی طرح کے دعووں کے ساتھ سامنے آتے ہیں۔
1960 اور 1970 کی دہائی میں آبادی کے حوالے سے کی جانے والی سائنسی پیش گوئیاں اپنی تمام تر ریاضیاتی بنیادوں کے باوجود درست ثابت نہیں ہوئیں۔ اس سے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا آج کے دور میں عالمی تباہی کے بارے میں کی جانے والی پیش گوئیوں کو بھی اسی تناظر میں پرکھنے کی ضرورت نہیں ہے؟
اس کا مطلب یہ نہیں کہ دنیا کو درپیش حقیقی خطرات کو نظر انداز کر دیا جائے۔ عالمی وباؤں، جوہری ہتھیاروں، ماحولیاتی تبدیلی اور مصنوعی ذہانت کے غلط استعمال جیسے خطرات واقعی سنجیدہ توجہ کے متقاضی ہیں۔ خود مضمون نگار کے مطابق انہیں مستقبل میں ایک اور عالمی وبا کے امکان پر سب سے زیادہ تشویش ہے۔
تاہم ان خطرات کے بارے میں سائنسی شواہد پیش کرتے وقت احتیاط، دیانت داری اور اختلاف رائے کی گنجائش برقرار رہنی چاہیے۔ ماضی کی غلطیوں کو بھلا کر نئی پیش گوئیوں کو حتمی حقیقت سمجھ لینا دانش مندی نہیں ہوگی۔
جمعہ 13 نومبر 2026 سائنس دانوں کے لیے محض ایک پرانی پیش گوئی کی یاد تازہ کرنے کا دن نہیں بلکہ اپنے طریقہ کار کا جائزہ لینے کا موقع بھی ہے۔ کسی بھی تباہ کن پیش گوئی پر سوال اٹھانا سائنس سے انکار نہیں بلکہ سائنسی تحقیق کا ایک لازمی حصہ ہے۔ ایک اچھے سائنس دان کو تنقید سے گھبرانے کے بجائے اس کا خیرمقدم کرنا چاہیے۔
مستقبل کے بارے میں پیش گوئی کرتے وقت علم کے ساتھ عاجزی بھی ضروری ہے کیونکہ سائنس کی اصل طاقت قطعی دعووں میں نہیں بلکہ سوال کرنے اور اپنی غلطیوں کو تسلیم کرنے کی صلاحیت میں پوشیدہ ہے۔