نئی دہلی: مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل نے بدھ کے روز کہا کہ وزارت تجارت آزاد تجارتی معاہدوں (ایف ٹی اے) سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کو یقینی بنانے کے لیے ملک بھر میں ان معاہدوں کے بارے میں بیداری پروگرام منعقد کر رہی ہے۔ گوئل نے کہا کہ حالیہ برسوں میں کیے گئے متعدد آزاد تجارتی معاہدوں سے ہندوستانی برآمد کنندگان کے لیے وسیع مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا، ’’نریندر مودی حکومت کی توجہ اس بات کو یقینی بنانے پر ہے کہ ان معاہدوں کا فائدہ ہمارے کسانوں، مزدوروں، خواتین، نوجوانوں، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں اور چھوٹے کاروباریوں تک پہنچے، تاکہ وہ ’میک اِن انڈیا‘ مصنوعات کو بڑی مقدار میں عالمی بازاروں تک پہنچا سکیں۔‘‘
گوئل نے کہا کہ متعلقہ فریقوں کو ان مواقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے میں مدد دینے کے لیے محکمہ تجارت، ریاستی حکومتوں کے تعاون سے آزاد تجارتی معاہدوں کے بارے میں خصوصی بیداری مہم چلا رہا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ملک بھر میں اس طرح کے مزید پروگرام منعقد کیے جائیں گے، تاکہ ہر ریاست اپنی برآمدی صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکے، ہمارے آزاد تجارتی معاہدوں کا زیادہ سے زیادہ استعمال یقینی بنایا جا سکے اور ہندوستان کی برآمدات میں اضافے کو نئی رفتار ملے۔‘
‘ ہندوستان نے گزشتہ پانچ برسوں کے دوران متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، ماریشس، آسٹریلیا، عمان، یورپی آزاد تجارتی انجمن (ای ایف ٹی اے) کے رکن ممالک، برطانیہ اور نیوزی لینڈ کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدوں کو نافذ کیا ہے۔ یورپی آزاد تجارتی انجمن (ای ایف ٹی اے) میں اس وقت چار ممالک آئس لینڈ، لیختنسٹائن، ناروے اور سوئٹزرلینڈ شامل ہیں۔