ناسا نے نئے خلابازوں کی بھرتی کے لیے درخواستیں طلب کرلیں

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 09-11-2026
ناسا نے نئے خلابازوں کی بھرتی کے لیے درخواستیں طلب کرلیں
ناسا نے نئے خلابازوں کی بھرتی کے لیے درخواستیں طلب کرلیں

 



کیپ کیناویرل (امریکہ): چاند پر جانے اور وہاں مستقل انسانی آبادی قائم کرنے کی مہم کا حصہ بننے کے خواہش مند افراد کے لیے اچھی خبر ہے کہ امریکی خلائی ادارے ناسا نے خلابازوں کی نئی ٹیم کے انتخاب کا عمل شروع کر دیا ہے۔ ناسا نے اپنے آرٹیمس پروگرام کو وسعت دینے کے مقصد سے خلابازوں کے نئے گروپ کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں۔ ناسا کے حکام نے ہفتے کے روز کینیڈی اسپیس سینٹر میں منعقدہ ایک ایئر شو کے دوران اس کا اعلان کیا۔ اس تقریب میں چاند کی کھوج کے ساتھ ساتھ ہوا بازی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔ ناسا نے دو سال قبل نئے خلابازوں کی بھرتی کے لیے درخواستیں طلب کی تھیں۔

اس وقت 8,000 سے زیادہ لوگوں نے درخواست دی تھی، جن میں سے ستمبر 2025 میں 10 امیدواروں کا حتمی انتخاب کیا گیا تھا۔ خلائی ادارے کے پاس اس وقت صرف 32 فعال خلاباز ہیں۔ ایسے میں زمین کے نچلے مدار سے آگے خلا میں انسانی موجودگی کو تیزی سے وسعت دینے کے منصوبے کے تحت ناسا کو مزید خلابازوں کی ضرورت ہے۔ رواں سال اپریل میں آرٹیمس-2 مشن کے عملے کی چاند کے گرد پرواز کے ساتھ اس مہم کا آغاز ہوا تھا۔ آرٹیمس-3 مشن کے کمانڈر رینڈی بریسنک نے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) سے کہا، ’’ہمارے پاس کام کہیں زیادہ ہے اور خلابازوں کی تعداد کم ہے۔‘‘ خلاباز بننے کے خواہش مند امیدوار 3 دسمبر تک درخواست دے سکتے ہیں۔

ناسا کو امید ہے کہ 2027 کے آخر تک حتمی امیدواروں کا انتخاب کر لیا جائے گا اور منتخب امیدوار 2028 کے اوائل میں اپنی تربیت شروع کر دیں گے۔ اسی سال ناسا کی منصوبہ بندی ہے کہ نصف صدی سے زیادہ عرصے کے بعد دوبارہ خلابازوں کو چاند کی سطح پر بھیجا جائے۔ بریسنک نے ممکنہ امیدواروں سے درخواست دینے میں تاخیر نہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا، ’’تب تک ہمارے لوگ چاند پر پہنچ چکے ہوں گے، اس لیے دیر مت کیجیے۔‘‘ بریسنک اور ان کے تین ساتھی اگلی موسم گرما میں خلا میں جائیں گے۔

اس دوران وہ اپنے خلائی جہاز کے کیپسول کو دو چاند پر اترنے والے خلائی جہازوں کے ساتھ جوڑنے کی مشق کریں گے۔ ان میں سے ایک لینڈر ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس اور دوسرا جیف بیزوس کی کمپنی بلیو اوریجن تیار کر رہی ہے۔ اس مشن میں خلاباز زمین کے قریب ہی رہیں گے اور چاند کے قریب سے پرواز نہیں کریں گے۔ یہ مشن اگلے سال مجوزہ آرٹیمس-4 مہم کی تیاری کے طور پر کام کرے گا۔ آرٹیمس-4 کے تحت دو خلابازوں کو چاند کے جنوبی قطب کے قریب اتارنے کی کوشش کی جائے گی۔ ناسا کا منصوبہ ہے کہ مزید روور، روبوٹ، ڈھانچے اور بجلی کا نظام چاند پر بھیج کر وہاں ایک مستقل اڈہ تیار کیا جائے۔

آرٹیمس-3 مشن کے خلاباز فرینک روبیو نے کہا کہ خلاباز بننے کے لیے صبر بہت ضروری ہے۔ روبیو مسلسل 371 دن خلا میں رہنے کا امریکی ریکارڈ قائم کر چکے ہیں۔ امیدواروں کے لیے امریکی شہری ہونا، کالج کی ڈگری حاصل کرنا اور پیشہ ورانہ کام کا تجربہ رکھنا لازمی ہے۔ خلابازوں کے لیے دو سال کی لازمی تربیت کافی مشکل ہو سکتی ہے۔

اس کے بعد بھی خلا کے سفر پر روانہ ہونے کا موقع ملنے میں کئی سال لگ سکتے ہیں۔ روبیو نے اے پی سے کہا، ’’امیدواروں کے لیے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ آپ کے تجربے کا تقریباً ایک فیصد ہی چاند پر جانے سے متعلق ہوگا۔ حقیقت میں آپ چاند پر پہنچنے کے مشن میں اپنا کردار ادا کر رہے ہوں گے۔‘‘ ناسا کے مطابق یہ خلابازوں کے انتخاب کا 25واں عمل ہوگا۔ ادارے نے 1959 میں اپنے پہلے 7 خلابازوں کے انتخاب کے ساتھ اس روایت کا آغاز کیا تھا۔