روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کا ذمہ دار میانمار۔ عالمی عدالت انصاف کا تاریخی فیصلہ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 20-11-2026
روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کا ذمہ دار میانمار۔ عالمی عدالت انصاف کا تاریخی فیصلہ
روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کا ذمہ دار میانمار۔ عالمی عدالت انصاف کا تاریخی فیصلہ

 



 دی ہیگ۔ اقوام متحدہ کی اعلیٰ ترین عدالتی ادارے عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) نے قرار دیا ہے کہ میانمار نے 2017 میں فوجی کارروائیوں کے دوران روہنگیا اقلیت کے خلاف نسل کشی کا ارتکاب کیا تھا۔ عدالت نے میانمار کو حکم دیا ہے کہ وہ ان خلاف ورزیوں کو روکے۔ ذمہ دار افراد کے خلاف تحقیقات کرے اور انہیں سزا دے۔ اس کے علاوہ روہنگیا پناہ گزینوں کی محفوظ اور باعزت واپسی کو یقینی بنائے۔

عدالت کا یہ فیصلہ جمعرات کو 9 کے مقابلے میں 6 ججوں کی اکثریت سے سنایا گیا۔ عالمی عدالت انصاف کے صدر یوجی ایواسوا نے کہا کہ میانمار نے شمالی ریاست راکھین میں روہنگیا برادری کے خلاف نسل کشی کی اور نسل کشی سے متعلق عالمی کنونشن کی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کی۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ دستیاب شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ میانمار کی فوجی کارروائیوں کا مقصد روہنگیا آبادی کے ایک بڑے حصے کو تباہ کرنا تھا۔

تقریباً 10 ہزار روہنگیا شہریوں کا قتل

عدالت کے مطابق 2017 کی فوجی کارروائیوں کے دوران میانمار کی سکیورٹی فورسز نے تقریباً 10 ہزار روہنگیا شہریوں کو قتل کیا تھا۔ یہ تعداد متاثرہ آبادی کے تقریباً 1.2 فیصد کے برابر تھی۔ اس وقت شمالی راکھین میں نشانہ بننے والی روہنگیا آبادی تقریباً 8 لاکھ 15 ہزار تھی۔

عدالت نے یہ بھی پایا کہ فوجی کارروائیوں کے دوران روہنگیا خواتین کے ساتھ بڑے پیمانے پر عصمت دری اور جنسی تشدد کے واقعات پیش آئے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ جنسی تشدد کی نوعیت اور شدت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد روہنگیا آبادی کی جسمانی اور ذہنی صلاحیتوں کو متاثر کرنا بھی تھا۔

عدالت نے بچوں کے خلاف انتہائی تشدد اور بنگلہ دیش کی جانب فرار ہونے والے روہنگیا شہریوں پر حملوں کا بھی ذکر کیا۔

گامبیا نے میانمار کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا

میانمار کے خلاف یہ مقدمہ نومبر 2019 میں افریقی ملک گامبیا نے دائر کیا تھا۔ اسے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی حمایت حاصل تھی۔ مقدمے میں الزام لگایا گیا تھا کہ میانمار نے اگست 2017 میں ریاست راکھین میں فوجی کارروائیوں کے دوران نسل کشی سے متعلق عالمی کنونشن کی خلاف ورزی کی۔

ان فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں لاکھوں روہنگیا مسلمانوں کو اپنے گھر بار چھوڑ کر پڑوسی ملک بنگلہ دیش فرار ہونا پڑا تھا۔ اس دوران بڑے پیمانے پر قتل عام۔ عصمت دری۔ تشدد اور دیہات کو جلانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔میانمار نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے فوجی کارروائیوں کو باغی تنظیم اراکان روہنگیا سالویشن آرمی (اے آر ایس اے) کے حملوں کے جواب میں جائز قرار دیا تھا۔

میانمار کو تحقیقات اور معاوضے کا حکم

عالمی عدالت انصاف نے میانمار کو حکم دیا ہے کہ وہ نسل کشی اور دیگر جرائم کے ذمہ دار مشتبہ افراد کے خلاف فوری اور مؤثر تحقیقات کرے اور قصورواروں کو سزا دے۔ عدالت نے میانمار سے یہ ضمانت بھی طلب کی ہے کہ مستقبل میں اس طرح کی خلاف ورزیاں دوبارہ نہیں ہوں گی۔

فیصلے میں روہنگیا پناہ گزینوں کے لیے معاوضے اور ان کی اپنے علاقوں میں محفوظ۔ رضاکارانہ اور باوقار واپسی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

عدالت نے یہ بھی قرار دیا کہ میانمار نسل کشی کو روکنے میں ناکام رہا اور اس نے 1948 کے نسل کشی کنونشن کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں۔ تاہم عدالت نے یہ نتیجہ اخذ نہیں کیا کہ میانمار نے نجی افراد کے ذریعے روہنگیا کے خلاف نسل کشی کے لیے براہ راست اور علانیہ اشتعال انگیزی کی تھی۔

فیصلے پر عمل درآمد ایک بڑا چیلنج

عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ قانونی طور پر پابند ہے لیکن اس کے پاس اپنے فیصلوں پر عمل درآمد کرانے کے لیے کوئی پولیس یا فوجی نظام موجود نہیں ہے۔اگر میانمار فیصلے پر عمل نہیں کرتا تو گامبیا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے رجوع کر سکتا ہے۔ سلامتی کونسل پابندیوں یا دیگر سفارتی اقدامات پر غور کر سکتی ہے۔

اس وقت بنگلہ دیش کے گنجان آباد پناہ گزین کیمپوں میں 12 لاکھ سے زیادہ روہنگیا پناہ گزین مقیم ہیں جبکہ ہزاروں روہنگیا ہندوستان میں بھی رہتے ہیں۔

روہنگیا کارکن نائے سان لوین نے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کی برادری کے لیے انصاف کا مطلب شہریت کی بحالی۔ اپنی شناخت کو تسلیم کرانا اور اپنے گھروں کو محفوظ و باوقار واپسی ہے۔ ان کے مطابق یہ جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک یہ حقوق حاصل نہیں ہو جاتے۔

اوپن سوسائٹی جسٹس انیشی ایٹو کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جیمز گولڈسٹن نے کہا کہ ایسے وقت میں جب بین الاقوامی قانون اور اس کے اداروں کو بڑھتے ہوئے دباؤ کا سامنا ہے۔ عدالت کا فیصلہ سچائی سامنے لانے۔ ذمہ داری متعین کرنے اور انسانی اقدار کے تحفظ میں عالمی قانون کے اہم کردار کی تصدیق کرتا ہے