منیلا: بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے بھارت اور آسیان ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے متعدد نئی تجاویز پیش کی ہیں، جن میں آسیان ممالک کے شہریوں کے لیے مفت الیکٹرانک ویزا (ای ویزا)، بحری تعاون کا طویل مدتی منصوبہ، جوہری توانائی کے شعبے میں تکنیکی تبادلہ اور اہم معدنیات کے شعبے میں اشتراک شامل ہیں۔ بھارتی وزارتِ خارجہ نے منگل کے روز منیلا میں منعقدہ 23ویں آسیان-بھارت سربراہی اجلاس کے بعد جاری بیان میں وزیرِ اعظم کی ان تجاویز کی تفصیلات پیش کیں۔ مودی کی اہم تجاویز میں طویل مدتی ’آسیان-بھارت بحری تعاون منصوبہ‘ شامل ہے۔
اس کے تحت دونوں فریقوں کے درمیان بحری رابطوں میں اضافہ، سائنسی تحقیق، قدرتی آفات سے نمٹنے، کوسٹ گارڈ فورسز کے درمیان تعاون، بحری سرگرمیوں سے متعلق معلومات کے تبادلے، نگرانی اور سمندری جہازوں کے عملے کی سلامتی جیسے امور پر کام کیا جائے گا۔ وزیرِ اعظم نے خطے میں سائبر سکیورٹی کے ماہرین کی صلاحیتوں میں اضافے اور سائبر جرائم، آن لائن دھوکہ دہی اور دیگر ڈیجیٹل خطرات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے مشترکہ سائبر فرانزک تربیتی پروگرام شروع کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔ انہوں نے جوہری توانائی کے شعبے میں آسیان اور بھارت کے درمیان تکنیکی تعاون اور تجربات کے تبادلے کی تجویز بھی دی۔
دیگر تجاویز میں آسیان-بھارت خلائی ہیکاتھون اور کان کنی و اہم معدنیات کے شعبوں میں تعاون شامل ہیں۔ وزیرِ اعظم کی جانب سے تجویز کردہ آسیان-بھارت اسپیس ہیکاتھون کا مقصد جدید تکنیکی صلاحیتوں کو فروغ دینا، بالخصوص زراعت اور وسائل کے انتظام کے شعبوں میں خلائی ٹیکنالوجی کے استعمال کو بڑھانا اور نوجوانوں کے درمیان اختراعی خیالات اور معلومات کے تبادلے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
مودی نے دونوں فریقوں کے عوام، بالخصوص نوجوانوں کے درمیان روابط مضبوط بنانے کے لیے ’آسیان-بھارت یوتھ کنیکٹ‘ اقدام شروع کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔ اس کے تحت نوجوانوں کی سربراہی کانفرنس، نوجوان ارکانِ پارلیمنٹ کے درمیان تبادلۂ خیال اور اسٹارٹ اَپ ہیکاتھون منعقد کرنے کی تجویز ہے۔ اسٹارٹ اَپ ہیکاتھون ایسی تقریبات کو کہا جاتا ہے جن میں کاروباری افراد، سافٹ ویئر ڈیولپرز اور جدت طرازی سے وابستہ ماہرین محدود وقت میں ٹیمیں تشکیل دے کر کسی مخصوص مسئلے کا حل، کاروباری منصوبہ یا کسی نئی مصنوعات کا ابتدائی نمونہ تیار کرکے پیش کرتے ہیں۔ وزیرِ اعظم نے نالندہ یونیورسٹی میں آسیان ممالک کے طلبہ کے لیے اسکالرشپس کی تعداد بڑھانے کی تجویز بھی دی۔
اس کے علاوہ مودی نے 2027ء میں منعقد ہونے والے عالمی آڈیو ویژول و تفریحی سربراہی اجلاس (WAVES) میں ’آسیان-بھارت تخلیقی شراکت داری پویلین‘ قائم کرنے کی تجویز پیش کی۔ ایک اور اہم تجویز کے تحت آسیان ممالک سے بھارت آنے والے سیاحوں کو مفت الیکٹرانک ویزا فراہم کرنے کی بات کہی گئی ہے۔ ان تمام تجاویز کا بنیادی مقصد بحری تعاون، ٹیکنالوجی، توانائی، تعلیم، نوجوانوں کے درمیان روابط اور سیاحت کے شعبوں میں بھارت اور آسیان کے تعلقات کو مزید وسعت دینا ہے۔
وزارتِ خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا، ’’وزیرِ اعظم نے آسیان کے اتحاد اور مرکزی کردار کے لیے بھارت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور ایک پُرامن، آزاد اور جامع ہند-بحرالکاہل خطے کے مشترکہ تصور پر زور دیا۔‘
‘ وزارت کے مطابق وزیرِ اعظم اور آسیان رہنماؤں نے آسیان-بھارت جامع اسٹریٹجک شراکت داری میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا۔ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) ایک علاقائی بین الحکومتی تنظیم ہے، جس کا مقصد اپنے رکن ممالک کے درمیان اقتصادی ترقی، سیاسی استحکام، سلامتی اور ثقافتی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ 1967ء میں قائم ہونے والی اس تنظیم کے 11 رکن ممالک برونائی، کمبوڈیا، انڈونیشیا، لاؤس، ملائیشیا، میانمار، فلپائن، سنگاپور، تھائی لینڈ، تیمور لیستے اور ویتنام ہیں۔
بھارت کے علاوہ امریکا، چین، جاپان اور آسٹریلیا سمیت کئی دیگر ممالک بھی آسیان کے مذاکراتی شراکت دار ہیں۔ آسیان ممالک کے ساتھ تعلقات بھارت کی ’ایکٹ ایسٹ پالیسی‘ کا اہم حصہ ہیں۔ بھارت اور آسیان کے درمیان مذاکراتی تعلقات کا آغاز 1992ء میں علاقائی شراکت داری کے قیام کے ساتھ ہوا تھا۔ دسمبر 1995ء میں اسے مکمل مذاکراتی شراکت داری اور 2002ء میں سربراہی اجلاس کی سطح کی شراکت داری کا درجہ دیا گیا۔ بعد ازاں 2012ء میں ان تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری اور 2022ء میں جامع اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کر دیا گیا۔
فلپائن، آسیان کے موجودہ صدر کی حیثیت سے منیلا میں تنظیم کے سالانہ سربراہی اجلاس اور اس سے متعلقہ دیگر ملاقاتوں کی میزبانی کر رہا ہے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے منگل کے روز آسیان ممالک کے رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ایک آزاد، جامع اور اصولوں پر مبنی ہند-بحرالکاہل خطے پر یقین رکھتا ہے اور اس خطے کا مستقبل ’’مقابلے کے بجائے تعاون‘‘ میں پوشیدہ ہے۔ ان کا یہ بیان خطے میں چین کی بڑھتی ہوئی فوجی سرگرمیوں اور اس حوالے سے پائی جانے والی تشویش کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔