اسپین: 24 گھنٹوں کے دوران 2100 سے زائد تارکین وطن پہنچے۔ نیا ریکارڈ قائم

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 26-11-2026
اسپین:کینری جزائر میں 24 گھنٹوں کے دوران 2100 سے زائد تارکین وطن پہنچے۔ نیا ریکارڈ قائم
اسپین:کینری جزائر میں 24 گھنٹوں کے دوران 2100 سے زائد تارکین وطن پہنچے۔ نیا ریکارڈ قائم

 



میڈرڈ: اسپین کے کینری جزائر میں 24 گھنٹوں کے دوران 2100 سے زائد تارکین وطن کشتیوں کے ذریعے پہنچے ہیں۔ سمندری ریسکیو سروس کے اعداد و شمار کے مطابق یہ ایک دن میں تارکین وطن کی آمد کا اب تک کا سب سے بڑا ریکارڈ ہے۔ اس غیر معمولی اضافے نے خطے میں پہلے سے موجود مہاجرین کے بحران کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ریسکیو سروس کے مطابق تارکین وطن کی ایک کشتی میں ایک شخص مردہ پایا گیا جبکہ سمندر کے خطرناک سفر کے دوران ایک خاتون نے بچے کو جنم دیا۔ زیادہ تر کشتیاں ایل ہیرو جزیرے پر پہنچیں جہاں تقریباً 11,400 افراد آباد ہیں۔ یہ جزیرہ مغربی افریقہ سے یورپ آنے والے تارکین وطن کے لیے اہم راستوں میں شمار ہوتا ہے۔تارکین وطن کی روزانہ آمد کا یہ نیا ریکارڈ دو ہفتے قبل قائم ہونے والے سابقہ ریکارڈ سے بھی زیادہ ہے۔ اس وقت تقریباً 1500 افراد 24 گھنٹوں کے دوران کینری جزائر پہنچے تھے۔

تارکین وطن کے مسئلے پر اسپین کے وزیر اعظم کا بیان

اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے بدھ کے روز کہا کہ یورپ کو تارکین وطن کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک جامع حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ اس میں سرحدی نگرانی کو مضبوط بنانے کے ساتھ سینیگال اور گیمبیا کے حکام کے ساتھ تعاون بھی شامل ہونا چاہیے۔سانچیز کو اتوار کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات سے قبل انتخابی مہم کے دوران تارکین وطن سے متعلق اپنی پالیسی پر سخت تنقید کا سامنا ہے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اسپین کو قانونی طریقے سے تارکین وطن کی آمد کے راستے کھولنے چاہئیں۔ ان کے مطابق تعمیرات اور ہاؤسنگ سمیت کئی شعبوں میں تربیت یافتہ اور ہنرمند کارکنوں کی کمی ہے جسے قانونی نقل مکانی کے ذریعے پورا کیا جا سکتا ہے۔

دنیا کے خطرناک ترین سمندری راستوں میں شامل

مغربی افریقہ سے کینری جزائر تک بحر اوقیانوس کا سمندری راستہ دنیا کے خطرناک ترین مہاجر راستوں میں شمار ہوتا ہے۔ ہر سال ہزاروں افراد خراب موسم۔ تیز سمندری لہروں۔ مضبوط آبی دھاروں اور طویل فاصلے کے باوجود گنجائش سے زیادہ بھری کشتیوں میں یہ سفر کرتے ہیں تاکہ اسپین کے علاقے تک پہنچ سکیں۔موسم خزاں کے مہینوں میں اس راستے سے تارکین وطن کی آمد عموماً بڑھ جاتی ہے کیونکہ اس دوران سمندر کی صورتحال نسبتاً بہتر اور سفر کے لیے سازگار ہوتی ہے۔

2026 میں اب تک 28 ہزار سے زائد افراد پہنچے

اعداد و شمار کے مطابق نومبر کے آخری ہفتے تک رواں سال کینری جزائر پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد 28,103 ہوگئی ہے۔ یہ تعداد گزشتہ سال کے مجموعی اعداد و شمار سے زیادہ ہے تاہم 2024 میں قائم ہونے والے 46,843 افراد کے تاریخی ریکارڈ سے کم ہے۔2024 میں زیادہ تر تارکین وطن سال کے پہلے 9 مہینوں کے دوران کینری جزائر پہنچے تھے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 2 ماہ میں ہی تقریباً 21 ہزار افراد اس جزیرے پر پہنچ چکے ہیں۔تارکین وطن کی مسلسل آمد نے کینری جزائر کی انتظامیہ کے لیے نئے چیلنجز پیدا کر دیے ہیں۔ علاقائی حکومت نے رواں ماہ کے آغاز میں موجودہ صورتحال کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا تھا۔