واشنگٹن: امریکہ کی خفیہ سروس ’سیکریٹ سروس‘ نے صدر کی سرکاری رہائش گاہ اور دفتر وائٹ ہاؤس کے قریب ایک گاڑی سے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔ اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ گرفتار شخص کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ سیکریٹ سروس کے مطابق، ملزم نے دعویٰ کیا کہ اسے اپنے ذہن میں ایسی آوازیں سنائی دیتی تھیں جو اسے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کے لیے کہتی تھیں۔
امریکہ کی وزارت داخلہ کے ایک بیان کے مطابق، سیکریٹ سروس کے اہلکاروں نے جمعرات کی رات ایک کھڑی گاڑی میں موجود شخص کی مشتبہ سرگرمیاں دیکھ کر اس سے پوچھ گچھ کی، جس کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔ امریکی حکام نے مشتبہ شخص کی شناخت رونی یورڈریکس گوانیپا کرینوس کے طور پر کی ہے۔
اس نے بتایا کہ اسے ایسی آوازیں سنائی دیتی تھیں جو اسے ملک کے دارالحکومت واشنگٹن جا کر صدر ٹرمپ کو قتل کرنے کے لیے کہتی تھیں۔ کچھ ہی دیر بعد حکام کو معلوم ہوا کہ جس گاڑی میں ملزم بیٹھا تھا، اس کی چوری کی رپورٹ درج کرائی گئی تھی۔ اس کے قبضے سے 3 بندوقیں اور درجنوں کارتوس بھی برآمد ہوئے ہیں۔
وزارت داخلہ کے بیان میں کرینوس کو وینزویلا کا تارک وطن بتایا گیا ہے، جو مارچ 2024 میں ٹیکساس کے راستے امریکہ میں داخل ہوا تھا اور ملک میں غیر قانونی طور پر رہ رہا تھا۔ وزارت داخلہ کے مطابق، کرینوس کے خلاف الزامات طے کر دیے گئے ہیں اور فی الحال وہ امریکی مارشل سروس کی حراست میں ہے۔ وائٹ ہاؤس نے اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔