نیویارک: نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے گزشتہ چند ماہ کے دوران امریکا میں ہندو مندروں کو نشانہ بنانے اور سیاسی مہمات میں نفرت انگیزی کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ممدانی نے مختلف مذہبی اور سماجی برادریوں سے اپیل کی کہ وہ تقسیم پیدا کرنے والی سیاست کو مسترد کریں اور امتیازی سلوک کے خلاف متحد ہوکر کھڑے ہوں۔ انہوں نے منگل کے روز نیویارک میں دیوالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ہندو مندروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ امریکی وفاقی حکومت کی اعلیٰ سطح کی شخصیات نے بھی سکھ برادری کو نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو نفرت پہلے معاشرے کے محدود حلقوں تک سمجھی جاتی تھی، وہ اب بتدریج سیاسی مہمات کے مرکزی موضوعات میں شامل ہوتی جارہی ہے۔ ممدانی نے کہا، ’’چاہے واشنگٹن میں خوف پیدا کرنے کی سیاست ہو یا دہلی میں، اس تہوار کو مناتے ہوئے ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ایسی ہر سیاست کو مسترد کریں جو دنیا میں اندھیرا اور نفرت پھیلاتی ہے۔‘‘ انہوں نے ان لوگوں سے بھی خطاب کیا جن کی شناخت اور معاشرے میں ان کے مقام پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
ممدانی نے کہا، ’’جن لوگوں سے کبھی کہا گیا کہ وہ اپنے ملک واپس چلے جائیں یا جن کے یہاں رہنے کے حق پر سوال اٹھائے گئے، میں ان سے واضح طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ یہی آپ کا گھر ہے۔‘‘ واضح رہے کہ ممدانی کی والدہ پنجابی ہندو ہیں، جبکہ ان کے والد گجراتی نژاد یوگنڈائی مسلمان ہیں۔ انہوں نے مختلف ثقافتی اور مذہبی روایات کے درمیان گزرے اپنے بچپن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خاندان نے انہیں ہندو مذہب کی خوبصورتی اور اس میں موجود دانش و حکمت کا احترام کرنا سکھایا۔ انہوں نے کہا، ’’ہماری مشترکہ میراث کبھی کسی ایک زبان، مذہب یا شناخت تک محدود نہیں رہی۔ بچپن ہی سے میری والدہ کے خاندان نے مجھے سکھایا کہ ہندو مذہب میں کتنی خوبصورتی اور گہری حکمت موجود ہے۔‘
‘ ہندو مذہب میں متعدد دیوی دیوتاؤں اور متنوع مذہبی داستانوں کا ذکر کرتے ہوئے ممدانی نے اس کے قدیم مذہبی صحیفوں کا حوالہ دیا۔ ان کے مطابق ہندو مذہب یہ تعلیم دیتا ہے کہ سچائی تک پہنچنے کے کئی راستے ہیں اور ہر انسان کے اندر ایک ہی الٰہی نور موجود ہے، خواہ اس کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو۔ ممدانی نے کہا، ’’یہ متعدد دیوی دیوتاؤں والا مذہب ہے۔ اس کے قدیم ترین مذہبی صحیفے ہمیں سکھاتے ہیں کہ سچائی تک پہنچنے کے کئی راستے ہیں۔ چاہے ہم مندر میں پوجا کریں، مسجد میں عبادت کریں، گردوارے میں ماتھا ٹیکیں یا کسی بھی مذہب پر عمل نہ کریں، ہم سب کے اندر ایک ہی نور موجود ہے۔‘
‘ اپنے خطاب میں ممدانی نے رامائن اور مہابھارت کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں عظیم رزمیہ داستانیں انسانی تعلقات، خاندان، فرائض اور اخلاقی ذمہ داریوں کے حوالے سے اہم تعلیمات فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’رامائن ہمیں سکھاتی ہے کہ ہمیں کیسا بھائی، بیوی، شوہر اور دوست بننے کی کوشش کرنی چاہیے۔ دوسری جانب مہابھارت ہمیں خاندانی رشتوں کی حقیقی پیچیدگیوں سے آگاہ کرتی ہے، جہاں بہادر ترین جنگجو اور دانش مند دیوتا بھی غلطیاں کرسکتے ہیں اور جہاں انسان کو اپنی وفاداری سے بڑھ کر اپنے دھرم اور فرض کو اہمیت دینی چاہیے۔‘‘
ممدانی نے کہا کہ ان مذہبی اور ثقافتی روایات کی تعلیمات صرف عبادات تک محدود نہیں رہیں بلکہ انہوں نے دنیا بھر میں انصاف اور مساوات کے لیے چلائی جانے والی تحریکوں کو بھی متاثر کیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے مہاتما گاندھی کے تاریخی ڈانڈی مارچ اور امریکی تحریکِ حقوقِ شہری کے رہنما مارٹن لوتھر کنگ جونیئر کے مارچ آن واشنگٹن کی مثالیں پیش کیں۔ ممدانی نے کہا کہ اس سال دیوالی کا تہوار ہمیں یہ یاد دہانی بھی کراتا ہے کہ رواداری، ہمدردی اور باہمی احترام پر مبنی سیاست اور معاشرے کی تشکیل کے لیے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ انہوں نے دیوالی کی تقریب کی میزبانی کو اپنی زندگی کا ایک بڑا اعزاز اور خوش قسمتی قرار دیا۔