ملالہ کے شوہر عصر ملک کا نکاح کے بعد آیا پہلا پیغام

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 11-11-2021
ملالہ کے شوہر عصر ملک کا نکاح کے بعد آیا پہلا پیغام
ملالہ کے شوہر عصر ملک کا نکاح کے بعد آیا پہلا پیغام

 


آواز دی وائس، ایجنسی

امن کا نوبیل انعام حاصل کرنے والی پاکستانی طالبہ اور سماجی کارکن ملالہ یوسفزئی کے شوہر عصر ملک کا نکاح کے بعد سوشل میڈیا پر پہلا پیغام سامنے آیا ہے۔

خیال رہےکہ گزشتہ روز ملالہ یوسفزئی نکاح کے بندھن میں بندھ گئی تھیں،ملالہ کی جانب سے ٹوئٹر پر اپنے نکاح کی تصاویر شیئر کی گئی تھیں جس میں انہوں نے اس دن کو زندگی کا قیمتی دن قرار دیا تھا۔

ملالہ یوسفزئی کا نکاح عصر ملک سے ہوا ہے جو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں جنرل منیجر آپریشنز کے عہدے پر فائز ہیں۔

عصر ملک لاہور یونیورسٹی آف منیجمنٹ سائنسز (لمس) کے گریجویٹ ہیں اور ان کا شمار پی سی بی کے قابل افسران میں ہوتا ہے، عصر ملک پی ایس ایل فرنچائز ملتان سلطانز میں بھی جنرل منیجر آپریشنز رہ چکے ہیں۔

ٹوئٹر پر عصر ملک کی جانب سے ایک تصویر پوسٹ کی گئی ہے جس میں وہ اور ملالہ اپنے نکاح کی خوشی میں کیک کاٹ رہے ہیں۔

عصر ملک کا کہنا تھا کہ 'ملالہ کو میں نے انتہائی تعاون کرنے والی دوست پایا ہے، مجھے ملالہ کی صورت میں ایک خوبصورت اور مہربان ساتھی ملا ہے جس کے ساتھ میں اپنی بقیہ زندگی گزارنے کے لیے بہت پرجوش ہوں'۔

عصر ملک نے نکاح پر صارفین کی جانب سے نیک خواہشات کے اظہار پر سب کا شکریہ ادا کیا اور آخر میں لکھا کہ ' اپنی کرکٹ ٹیم کی روایت پر عمل کرتے ہوئے ہمیں بھی اپنی کامیابی پر کیک کاٹنا پڑا'۔

ذرائع کے مطابق ملالہ اور عصر ملک کی ملاقات دو سال پہلے برمنگھم میں اس وقت ہوئی تھی جب پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ جاری تھا۔ ملالہ یوسف زئی کو کرکٹ کا بہت شوق ہے اور برمنگھم میں ہونے والے پاک انگلینڈ میچ میں وہ اسٹیڈیم میں ہی موجود تھیں۔